ایک جانا پہچانا نام، ایک معتبر ادب کا شیدائی ۔ سالوں سے ذہن میں گردش کر رہا ایک ایسا نام!! جس نے ہمیشہ ذہن کے پردے پر ڈراموں کے نقوش چھوڑے،" محترم اقبال نیازی" خدا کرے نام کے تاثر جیسا ان کا اقبال بلند رہے۔۔ یہ میری بد نصیی ہے کہ کبھی اقبال صاحب کے ڈرامے دیکھنے کا اتفاق نہیں ہوا۔ اخباروں رسالوں میں کافی عرصے سے پڑھتا رہا ہوں, ادب کی محفِلوں میں بھی اکثر تذکرہ رہا ہے۔ انسان کی کامیابی کو اس کے کام اور عمل سے سمجھا اور محسوس کیا جاتا ہے اور اس کی شخصیت کو کام اور اس کے رکھ رکھاؤ میل جول سے ناپا اور سمجھا جاتا ہے۔ اقبال صاحب ایک مخلص، ملنسار اور صاف گو انسان ہیں یہ تاثر مجھے ان لوگوں سے ملا ہے جو انھیں برسوں سے جانتے ہیں، میں انھیں ادب کی دنیا سے جانتا ہوں ان میں چھپے ادیب اور افسانچہ نگار کو اسی ادبی دنیا کی توسط سے پہچاننے لگا ہوں۔ ڈراموں میں اپنی کامیابی کا لوہا منوانے والے اقبال صاحب نے اپنے افسانچوں میں بھی خوب کمال کا لکھا ہے۔ مثبت سوچ اور با معنی افسانچہ نویسی نے انھیں صف اول کی فہرست میں لا کھڑا کیا ہے۔ اقبال صاحب اپنی سادہ اور سلیس زبان سے قاری کو متاثر کرنے کا فن بخوبی جانتے ہیں قاری کی نبض کو پہچاننے کے فن سے بھی واقف ہیں، ان کے افسانچوں کو پڑھنے پر یہ احساس ہوتا ہے کہ انھوں نے اپنے ماحول، اپنی قوم کو اچھی طرح سمجھ اور پڑھ لیا ہے۔ آپ کے کئی افسانچے اتنی گہرائی اور وقت کی نزاکت کو قاری کے سامنے اس طرح پیش کر تے ہیں گویا حالات اور اثرات خود ہماری آنکھوں کے سامنے سے ہوکر گذرے ہوں۔ ان تمام باتوں کے ساتھ میں ایک عام بات بھی کہنا چاہتا ہوں کہ بعض وقت ایسا بھی ہوتا ہے کہ افسانچہ بڑی گہرائی لۓ ہوتا ہے بامعنی ہوتا ہے لیکن چند قاری اسےسمجھنےسےقاصر ہوتے ہیں اور بے جا تنقید کا سہارا لے کر دل شکنی بھی کرتے ہیں، یہ میں نے واٹس ایپ کے چند گروپ میں دیکھا اور پڑھا بھی ہے لیکن ایسے وقت میں بھی میں نے انھیں بہت مطمئن اور پرسکون پایا ہے اور یہی ایک اچھا لکھنے والے کی پہچان ہے۔
حال ہی میں میں نے آپ کے چند افسانچے پڑھے۔ جانشین، جھوٹا، ایش ٹرے،رسہ کشی اور کہانی تعزیت نامہ کمال کا لکھا ہے۔ سیاست کو بھی اتنی اچھے انداز میں لیا ہے کہ بخدا دل سے واہ نکل جاتی ہے۔ تعزیت کا انوکھا پن دل کو چھو لیتا ہے۔ شروع شروع میں مجھے بھی تھوڑا عجیب محسوس ہوا لیکن جوں جوں آگے بڑھتا گیا کہانی نے مجھے لاجواب کر دیا۔ کہیں کہیں کہانی کا تیکھا پن قاری کی صلاحیت کو چیلینج بھی کرتا ہے یہ ہنر میں نے بہت کم لکھنے والوں میں پایا ہے۔ بحرحال تعزیت نامہ پڑھنے سے تعلق رکھتا ہے۔ ویسے میں کسی ادیب کا شاعر کا ایک دوسرے سے موازنہ کرنا پسند نہیں کرتا لیکن آج محترم نیازی صاحب کے بارے میں اتنا ضرور کہونگا کہ آپ کی سوچ، آپ کا نظریہ آپ کو تمام لکھنے والوں میں منفرد بنا دیتا ہے۔اللہ سے دعا کرتا ہوں کہ اللہ آپ کو ہر شعبہ میں اعلیٰ مقام عطا کرے، قلم میں طاقت اور لکھنے کا بہترین ہنر عطا کرے۔۔۔ آمین!
8/7/22
8/7/22
0 Comments