Ticker

6/recent/ticker-posts

آپ کے الفاظ

آپ کے الفاظ
“الفاظ ہند”:بچوں کےلیے مفید اور دل چسپ رسالہ
ریحان کوثر کی ادارت میں نکلنے والا ماہانہ رسالہ “الفاظ ہند” اصلاً تو بچوں کےلیے ہے،تاہم ایک گوشہ اس میں بڑوں کےلیے بھی مختص ہے۔بچوں کےلیے گوشہ مخصوص کرنے والے بہتیرے جرائد و رسائل نظر سے گزرے تھے،مگر پہلی بار کسی ایسے رسالے کے دیکھنے کا اتفاق ہو رہا ہے جس میں بڑے ثانوی حیثیت کے حامل ہیں۔چونسٹھ صفحے پر مشتمل فروری 2022ء کے اس رسالے میں محض تیرہ صفحے بڑوں کےلیے ہیں،اور بقیہ پچاس صفحوں پر بچوں پر ان کے معیار کی کہانیاں،نظمیں اور دیگر تحریریں ہیں،اور ایک صفحے پر اشتہار شائع کیا گیا ہے۔
اداریہ،پھر حمد و نعت سے رسالے کا آغاز کیا گیا ہے۔ حمد کی زبان بالکل آسان نہیں ہے اور نعت میں مستعمل الفاظ بچوں کےلیے قدرے مشکل ہیں۔اس کے بعد “الفاظ اسپیشل”(غالباً یہ مستقل کالم ہو) میں “خوش خلقی” کے عنوان سے سلام بن رزّاق کی تحریر ہے،اول وہلے میں تو اسے کہانی سمجھا گیا،مگر پڑھنے کے بعد معلوم ہوا کہ بچوں کےلیے نصیحت آمیز مضمون ہے،جس کی زبان بھی بچوں کے سمجھنے کےلیے آسان نہیں ہے۔
اس کی بعد “ایک کہانی،ایک نظم” نامی کالم میں چھ قلم کاروں کی ایک ایک کہانی اور ایک ایک نظم بالترتیب چھاپی گئی ہے۔ان کے علاوہ بھی متعدد کہانیاں اور نظمیں رسالے کا حصہ ہیں۔کہانیاں سبق آموز اور نظمیں ہونے کے ساتھ ساتھ آسان اور خوب صورت زبان میں ہیں۔
” سائنس کی باتیں “ نامی کالم میں ” خوشبوؤں کا سفر “ کے عنوان سے مختلف خوشبوؤں کا تعارف کروایا گیا ہے، نیز خوشبوؤں کے بنانے کے طریقے،انسان کی قوتِ شامہ اور دماغ کے ذریعہ بو کی شناخت وغیرہ سے متعلق کافی کارآمد معلومات فراہم کی گئی ہیں۔
بڑوں کے گوشے کا آغاز ایک افسانہ سے کیا گیا ہے،اور اس سے پہلے ایک صفحے پر افسانہ نگار کا مکمل تعارف کروایا گیا ہے۔ویسے تعارف کے نام پر اس مکمل بایوڈاٹا ضرورت نہیں تھی۔کیوں کہ:
آتی ہے نظر فن سے ہی فن کار کی صورت
اور اصلی ہونے کی وجہ سے وہی صورت کسی فن کار کے تعارف کےلیے کافی بھی ہوتی ہے۔پھر ایک بنگلہ کہانی کا ترجمہ،اور چھ افسانچوں کے بعد دو غزلیں،ایک گیت اور ایک نظم شاملِ اشاعت ہیں،سب سے آخری کالم “یاد رفتگاں” کا ہے،اور بس۔رسالے کے سرورق اور پس ورق رنگین ہیں،نیز سرورق کی تزئین میں چوں کہ بچوں کے ذوق کا خاص خیال رکھا گیا ہے،اس لیے بچوں کےلیے کشش کا باعث بن سکتا ہے۔اندرونی صفحات سفید و سیاہ ہیں،لیکن کاغذ عمدہ،تزئین بہتر اور تصاویر کا انتخاب بھی اچھا ہے۔بچوں کا رسالہ ہونے کے اعتبار سے نام کچھ ثقیل سا ہے،تاہم ممکن ہے اس حوالے سے ان کی بھی:
کچھ تو مجبوریاں رہی ہوں گی
رسالے کی اشاعت کا یہ 98واں مہینہ ہے،گویا اس کی اشاعت کو آٹھ برس مکمل ہو چکے ہیں۔قیمت فی شمارہ 25 روپے مناسب ہے۔
احمد بن نذر

بھائی ریحان کوثر
11 فروری کو آپ کی جانب سے الفاظ ہند ارسال کرنے کی نوید ملی تھی۔ میں نے دو مرتبہ فون کیا لیکن آپ سے رابطہ نہیں ہوا۔ آج 15 فروری کو رسالہ وصول کرتے ہوئے خوشی محسوس کر رہا ہوں۔ امید کہ آپ بخیر ہوں گے نیز الفاظ ہند کے لیے بھی ماحول سازگار بنے گا۔میری دعائیں آپ کے ساتھ ہیں۔ ہفت روزہ اخبار خیر اندیش مالیگاوں آپ کو پابندی سے ارسال کیا جارہا ہے احباب کو میرا سلام عرض کریں، اپنی دعاووں میں ناچیز کو یاد رکھیں۔
فقط آپ کا خیر اندیش،
خیال انصاری مالیگاوں

دلکش، دیدہ زیب اور بہترین تخلیقات سے مزین "الفاظِ
ہند" کا تازہ شمارہ پسند آیا۔ریحان کوثر صاحب کا اداریہ کووڈ کے سبب تعلیم و تعلم کو پہنچنے والے ناقابل تلافی نقصان کے پس منظر میں دلی جذبات و احساسات کا مظہر ہے اس لیے سیدھے دل پر دستک دیتا ہے۔
ڈاک کا ناقص نظام کس طرح رسائل اور قارئین کے درمیان رقیب روسیاہ کا کردار نبھا رہا ہے۔ اس کی وجہ سے اب رسائل کی پی ڈی ایف کاپی پڑھنا مجبوری ہے۔
حمد بہت خوب ہے۔ اپنے اسکول کے زمانے کی مناجات یاد آگئی۔
یارب ہے بخش دینا بندے کو کام تیرا
محروم رہ نہ جائے کل یہ غلام تیرا
بقیہ تمام تخلیقات بھی معیاری ہیں۔
محترم مدیر اور تمام قلم کاروں کو دلی مبارک باد
ڈاکٹر فیروز عالم

Post a Comment

0 Comments