غزل
ریحان کوثر
روز ملتا ہے مگر چھوڑ بھی جاتا ہے مجھے
وہ ہر احسان کے بدلے میں رلاتا ہے مجھے
میں نے پھولوں کی محبت میں جسے چھوڑاتھا
آج اس راہ کا ہر خار بلاتا ہے مجھے
دل کا معصوم سا قصہ ہے سناؤں کیسے
اس کا اک تار بھی چھیڑوں تو رلاتا ہے مجھے
ایک لوری تھی جو ہر رات سلاتی تھی مجھے
اب تو بے نام سا امکان جگاتا ہے مجھے
ایک پل ہی سہی بے چین تو ہوتا ہو گا
تیرا چہرہ تری پہچان بتاتا ہے مجھے
میں نے محتاط نگاہوں سے اسے دیکھ لیا
درد سہنے کا ہنرآج بھی آتا ہے مجھے
کوئی کتنا بھی کہیں پردہ نشیں ہو کوثرؔ
اس کا احساس بہرحال، ستاتا ہے مجھے
٭٭٭
وہ بھی کوثر کا پتہ پوچھنے آیا ہو گا
میرا دشمن میری تصویر دکھاتا ہے مجھے
روزنامہ اردو ٹائمز، ممبئی، اتوار ١٧؍ جنوری ٢٠١٦ء

0 Comments