9️⃣
بنجر کھیت کی فصل
افسانہ نِگار ✒️محمد عرفان ثمین
ایونٹ 53 🕋 عید الاضحی اسپیشل
کل ہند افسانہ نِگار فورم
کی پیشکش
افسانچہ نمبر 9
غسل خانے سے باہر آتے ہی موبائل فون کی رنگ ٹون بجنے لگی۔"یار عدیل ، تُو عیدالاضحٰی کی نماز ادا کرنے کے لیے عید گاہ جا رہا ہے نا ؟ " کال ریسیو کرتے ہی دوسری طرف سے جعفر نے کہا جو میرے ساتھ کالج میں پڑھتا تھا۔
"ہاں۔ بس تھوڑی دیر میں نکل رہا ہوں۔ " میں نے گیلا تولیہ ایک طرف پھینکتے ہوئے کہا۔
" پندرہ بیس منٹس انتظار کر لے، میں نہا کر سیدھے تیرے گھر پہنچ رہا ہوں ۔ ساتھ میں چلیں گے۔"
" کیا!" میں نے دیوار پر لگی گھڑی کی طرف دیکھتے ہوئے حیرت سے کہا۔ "صبح سے کیا کر رہے تھے ؟ نماز کا وقت قریب ہے ۔ مجھے بھی دیر ہو رہی ہے۔"
" یار ۔ قربانی کے لیے اتنا مہنگا جانور خریدا ہے ۔ محلے میں پِھر کر اُس کے ساتھ ویڈیوز بنا رہا تھا ۔ فیس بُک پر پوسٹ کرنا ہے نا ۔ دیکھ لینا ، اس بار لائکس کی تعداد پانچ سو کے پار ہوگی ۔ ۔ ۔ " جعفر اپنی دُھن میں بولے جا رہا تھا مگر میری بے چینی سوا ہونے لگی۔
" وہ سب رہنے دے ، دس منٹ میں اگر تُو یہاں نہیں پہنچا تو میں نماز کے لیے نکل جاؤں گا۔" میں نے اُس کی بات کاٹتے ہوئے کہا۔
" نہیں یار۔ ایسا غضب مت کرنا۔" جعفر نے تیز لہجے میں کہا۔ "اگر میں عید گاہ دیر سے پہنچا تو آخری صفوں میں کھڑے ہو کر نماز ادا کرنی پڑے گی جہاں زیادہ تر کم عمر کے لڑکے ہوتے ہیں۔۔ ہاں اگر پچھلی صف میں تیری بغل میں کھڑا ہو کر نماز پڑھوں تو پھر کوئی مسٔلہ نہیں ہوگا۔"
" مسٔلہ کیسا؟" چونک کر میں نے استفسار کیا تو جعفر جھینپتے ہوئے کہنے لگا ۔
" وہ بات دراصل یہ ہے کہ عید کی نمازوں میں جو زائد تکبیریں ہوتی ہیں مجھے اُن کی صحیح ترتیب یاد نہیں رہتی ۔"
✍️✍️✍️
2 Comments
👍🏻👍🏻👍🏻
ReplyDeleteShukriya bhai
Delete