صدارتی خطاب
✒️غضنفر
صدارتی خطاب 2:
شرکائے بزم کو مبارک باد۔
حسبِ دستور تین افسانچے پیش کیے گئے۔
آج کی بزم میں تبصرے کم ہوئے بحث زیادہ ہوئی۔ ادب و علم کے لیے بحث ضروری بھی ہے کہ اس سے گتھیاں سلجھتی ہیں۔ذہن سے جالے ہٹتے ہیں۔نظر سے دھند ہٹتی ہے۔ عکس روشن ہوتا ہے۔تصویریں صاف ہوتی ہیں۔ تخلیق کار کو ان رایوں کو زیادہ اہمیت دینی چاہیے جو منفی نوعیت کی ہوتی ہیں۔متن سے متعلق اگر کوئی سوال پیدا ہوا تو کیوں ہوا؟ اس پر تخلیق کار کو دکھی ہونے یا برا ماننے کے بجائے سنجیدگی سے سوچنا چاہیے۔
فن کار کا کمال یہ ہے کہ قاری کے ذہن میں جتنے بھی سوالات ابھریں،ان کے جواب متن سے مل جائیں۔ اچھا اور منجھا ہوا فن کار اس طرح کے سوالات پیدا ہونے کا موقع ہی نہیں دیتا۔وہ ایک ایک لفظ کو سوچ سمجھ کر اسے سیاق و سباق میں رکھ کر اور اس کے کنسکوینسیڑ کو اچھی طرح دیکھ کر استعمال کرتا ہے۔ اسے معلوم ہوتا ہے کہ افسانے کی طرح افسانچے کا بھی ایک ایک لفظ اہم ہوتا ہے بلکہ یہاں تو اس کا خیال کچھ زیادہ ہی رکھنا ہوتا ہے کہ افسانے کے پلاٹ کے مقابلے میں یہاں کساو کی اہمیت زیادہ ہے۔ لیکن بحث سے اگر محبت مجروح ہونے لگے تو اس سے گریز کرنا چاہیے۔ادب لوگوں کو قریب لانے کے لیے لکھا اور پیش کیا جاتا ہے،دور کرنے کے لیے نہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
انور مرزا کے سوال کا جواب یہ ہے کہ افسانچہ چوں کہ ایجاز و اختصار کا فن ہے۔یہاں کوزے میں سمندر بھرا ہوتا ہے۔زیادہ تر اشاروں کنایوں سے کام لیا جاتا ہے۔جزئیات و تفصیلات کے امکانات بھی نہیں ہوتے کہ جن سے کوئی کلیو مل جائے، اس لیے تفہیم ذرا مشکل ہوتی ہے۔ظاہر ہے ایسے میں تحسین و تقویم کے لیے زیادہ ذہانت درکار ہوتی ہے۔اس لیے افسانچوں کو وہی قاری زیادہ اچھی طرح سمجھ سکے گا جو زیادہ ذہین ہوگا۔
تاثیر کو مشورہ یہ ہے کہ وہ اپنے یہاں کے ایک بڑے فکشن نگار انتظار حسین کو پڑھیں ہندوستانی اساطیر سے اچھی طرح واقف ہو جائیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پہلی کہانی رام لیلا کی بنّت اچھی ہے،اس کے تار کچھ اور کس دیے جائیں تو سُر سماعت کو اور بھی خوش گوار لگنے لگے۔
دوسری کہانی " داغ اچھے ہیں " کی مٹھائی میں شیرہ زیادہ پڑ گیا ہے۔ تھوڑا کم ہو جائے تو ذائقہ بہتر ہو جائے۔
افسانچہ "چرخاب " میں آبِ ادب سے جو افسانوی چرخی چلانے کی سعی کی گئی ہے اس میں ذرا اور زور پیدا ہو جاے تو چرخی کی رفتار بڑھ جائے۔
بعض تبصرہ نگاروں نے کمزور پہلوؤں کی گرفت میں خاصی بے باکی دکھائی ہے۔یہ خوش آئیند بات ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
فکشن کے فسانے کی بات :
افسانچہ اور چٹکلا
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
افسانچے کو صرف 'چہ 'کی چونچ نے ہی گھائل نہیں کیا بلکہ ادب کے چتور چچاؤں نے بھی اسے چوٹ مار مار کر مجروح کیا۔
کبھی اسے چٹکلا کہہ کر اسے چٹکیوں میں اڑانے اوراس کے وجود کو مٹانے کی کوشش کی گئی تو کبھی اس پر نثری نظم نام کا چاقو چلا کر اسے چوپٹ کرنے کی سازش رچی گئی۔۔
چال بازوں کی طرف سے چالیں اس لیے چلی گئیں تاکہ ان چالوں کے چکّر ویو میں گِھر کر افسانچہ اپنی چال بھول جائے۔
اس کے طرف دار وں نے بھی اس کے وجود کے تحفظ کے لیے کوئی چوکسی نہیں دکھائی۔ نہیں اس کے لیے دوسری اصناف کی چنچل چیتلوں کی طرح وہ چوکڑیاں ہی بھریں جنھیں دیکھ کر چاک چوبند چیتے بھی چکت رہ جائیں۔چنانچہ بے چوں و چرا کیے یہ تلخ حقیقت سن لیجیے کہ قصور وار صرف گرو جن ہی نہیں وہ چیلے بھی ہیں جو افسانچہ کی چاہت کا دم تو بھرتے ہیں مگر چیختا ہوا سچ یہ ہے کہ وہ نہ اسے چاند بنا سکے اور نہ ہی خود کو چکور !
آیے اب دیکھیں کہ افسانچے کو چٹکلا کیوں کہا گیا ؟ منٹو جیسے ماہر،مشاق اور اس فن کے مہارتی کے افسانچوں کو بھی لطیفے کا نام دیا گیا۔ اس کی اس قبیل کی تحریروں کا مذاق اڑایا گیا۔ ان پر ہنسا گیا۔ اس کا سبب کہیں یہ تو نہیں کہ بیشتر افسانچوں کی شکلیں لطیفوں سے ملتی جلتی ہیں۔ مثلاً دونوں میں ایک مختصر سی عبارت ہوتی ہے۔عبارت کے جملوں کی ترتیب قواعدی ہوتی ہے۔ اور آخر میں دونوں چونکاتے بھی ہیں۔ ذرا ان تحریروں کو دیکھیے :
"ایک شام مرزا کو شراب نہ ملی تو نماز پڑھنے چلے گئے۔اتنے میں ان کا ایک شاگرد ایا اور اسے معلوم ہوا کہ میرزا کو آج شراب نہیں ملی۔چنانچہ وہ مسجد کے سامنے پہنچا اور وہاں سے بوتل دکھائیمرزا وضو کرنے کے بعد مسجد سے نکلنے لگے تو کسی نے کہا کہ یہ کیا، کہ بغیر نماز پڑھے چل دیے۔
انھوں نے کہا " جس چیز کے لیے دعا مانگنی تھی وہ تو یوں ہی مل گئی۔"
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
"وہ اپنے گھر کا تمام ضروری سامان ایک ٹرک میں لدوا کر دوسرے شہر جارہا تھا کہ راستے میں لوگوں نے اسے روک لیا۔
ایک نے ٹرک کے مال و اسباب پر حریصانہ نظر ڈالتے ہوئے کہا، ’’دیکھو یار کس مزے سے اتنا مال اکیلا اڑائے چلا جارہا تھا۔‘‘
اسباب کے مالک نے مسکرا کر کہا، ’’جناب یہ مال میرا اپنا ہے۔‘‘
دو تین آدمی ہنسے، ’’ہم سب جانتے ہیں۔‘‘
ایک آدمی چلایا، ’’لوٹ لو، یہ امیر آدمی ہے۔۔۔ ٹرک لےکر چوریاں کرتا ہے۔‘‘
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ان مماثل تحریروں میں لوگوں نے یہ تو دیکھا کہ دونوں شکل و صورت اور قد و قامت میں تقریباً ایک جیسی ہیں۔دونوں چونکاتی بھی ہیں مگر یہ نہیں دیکھا کہ ایک کا منشا مذاح پیدا کرنا اور دلوں کو گدگدانا ہے جبکہ دوسرے کا مقصد گدگدانا اور ہنسانا نہیں بلکہ معاشرے کی ایک صورت حال دکھا کر لوٹ پاٹ کرنے والوں کی نفسیات کو اجاگر کرنا ہے اور یہ بتانا بھی کہ لوگ کیسے اپنے غلط اور قابلِ نفریں کاموں کے لیے جواز پیدا کر لیتے ہیں۔ خوبصورت منطق تلاش کر لیتے ہیں۔
افسانچہ لطیفے کی طرح پنچ نہیں مارتا بلکہ معاشرتی ڈھکوسلوں کے پھولے ہوئے خوبصورت غبّاروں کو پنچر کرتا ہے۔ انسانی قدروں کو روندنے والے ٹرک کے ٹائروں کی ہوا نکالتا ہے۔ہوا بازوں کے بازوؤں کی پرواز کا پردہ فاش کر تا ہے۔
اصل میں افسانچہ کیا ہے؟ اس کی روح کیسی ہے ؟ اس کے باطن میں کیا کیا پنہاں ہوتا ہے ؟اس کا فن کیا پیش کرتا ہے؟ یہ جاننے کے لیے یہ تحریر ملاحظہ کیجیے :
"اِس کو بھی مار کر پھینک دو۔"
"نہیں یار! چھوڑو۔بہت تھک گیا ہوں۔"
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اس دو سطروں کے افسانچے میں گنجینۂ معانی بند ہے۔ایک پوری بھیانک صورت حال سمٹ آئی ہے۔ ایک ایک لفظ سے معنی کا طلسم کھلتا ہے۔
اس میں جو دو جملے ہیں وہ صرف جملے نہیں، مکالمے بھی ہیں۔ اور یہ مکالمے دو کرداروں کو بھی سامنے لاتے ہیں۔ یہ دونوں ایک گروہ سے تعلق رکھتے ہیں۔ لفظِ' یار' بتاتا ہے کہ دونوں ایک دوسرے سے بہت قریب ہیں۔
ان کے درمیان ہونے والی اس مختصر سی گفتگو سے یہ اندازہ بھی ہوتا ہے کہ یہ کسی ِمشن پر نکلے ہوئے ہیں اور وہ مِشن کسی دوسرے گروہ جو ان کے دشمنوں کا کوئی جتھا بھی ہو سکتا ہے، کوئی ماب بھی ہو سکتا ہے۔کسی دوسری قوم کا کوئی ہجوم یا کوئی فوج بھی۔
مکالموں سے یہ بھی ظاہر ہے کہ جس گروہ یا جتھے کو یہ ختم کرنے کے مشن پر نکلے ہیں وہ کوئ چھوٹا موٹا گروہ یا جتھا نہیں بلکہ کوئی بڑا ہجوم ہے کیوں کہ دو چار دس کو مارنے سے کوئی اس حد تک نہیں تھکتا کہ جو ایک بچا ہے اسے مارنے کی ہمت نہ رہ جائے۔
یہ بات بھی واضح ہے کہ جو مارے گئے ہیں وہ کمزور لوگ ہوں گے جو گاجر مولی کی طرح کٹتے چلے گئے ہوں گے یا یہ بھی ممکن ہے کہ وہ بھی بہادر رہے ہوں گے جو آسانی سے نہیں مرے ہوں گے اور جن کو مارنے میں کافی دم لگانا پڑا ہو جس کے باعث ایسی تھکن پیدا ہو گئی ہو کہ بچے ہوئے دشمن کو بخش دینا پڑے۔
اس افسانچے سے اس حقیقت کا بھی اظہار ہوتا ہے کہ انسان کتنا سفّاک ہوگیا ہے۔ اس کے اندر کس حد تک درندگی آگئی ہے کہ وہ کسی کو بھی بخشنا نہیں چاہتا۔ اگر کسی کو چھوڑتا بھی ہے تو وہ کسی انسانی ہمدردی یہ نیک جذبے کے تحت نہیں بلکہ اس کی وجہ اس کی تھکن ہوتی ہے۔
اگر ماضی کے تناظر میں اسے دیکھیں تو یہ افسانچہ قومی فساد کا قصہ بیان کرتا ہے اور اگر اسے حال کے پس منظر میں پڑھیں تو یہ ماب لنچنگ کی کہانی معلوم پڑتا ہے۔
اسے دوسرے ملکوں کے تناظر میں رکھ کر دیکھیں تو یہ کسی اور صورت حال کی روداد بھی سناتا ہوا محسوس ہو سکتا ہے۔
یہ ہے افسانچے کا کمال جو پہلے بھی بہت کم نظر آیا اور اب بھی دکھائی نہیں دے رہا ہے۔
اس گفتگو کا صاف صاف لفظوں میں خلاصہ یہ ہے جب اردو میں نیا نیا افسانچہ شروع ہوا تو اس وقت ادیبوں نے اسے افسانچے کے بجائے لطیفہ کہا۔اسے فکشن کی صورت مانے سے انکار کر دیا۔۔ان کے نزدیک ایسی تحریروں کی اہمیت لطیفے سے زیادہ نہیں تھی۔یہاں تک کہ منٹو کے افسانوں کے ساتھ بھی انھوں نے یہی سلوک کیا۔
دونوں کو ایک سمجھنے میں ان کی منظق شاید یہ رہی ہو کہ یہ دونوں آخر میں عام طور پر چونکاتے ہیں۔دونوں بہت مختصر ہوتے ہیں اور دونوں ہی میں کوئی نہ کوئی انوکھی بات کہی جاتی ہے مگر دونوں میں فرق بھی ہےاس بات کو یا تو وہ نہیں سمجھ سکے یا سمجھ کر بھی انجان بنے رہے کہ ایسا کرنے میں وہ اپنا فایدہ دیکھتے تھے،فکشن کا نہیں۔وہ اس حقیقت کو یا تو نہیں جان پائے یا اس پر انھوں نے پردہ ڈال دیا کہ
- _لطیفہ ہنسانے اور گدگدانے کے مقصد سے بنایا اور سنایا جاتا ہے جبکہ افسانچے کا مقصد ہنسانا یا گدگدانا نہیں، بلکہ زندگی کے کسی اہم پہلو کو نہایت اختصار ہنر مندی اور خوبصورتی سے پیش کرنا ہوتا ہے۔
- _ افسانچہ لطف و انبساط پہنچانے کے ساتھ ساتھ رلاتا بھی ہے اور سنجیدہ بھی کرتا ہے۔
- _ لطیفے کی زبان میں مذاحیہ الفاظ جان بوجھ کر لائے جاتے ہیں۔اس کا انداز بیان بھی مذاحیہ ہوتا ہے تاکہ پیش ہونے والے موضوع کی نا ہمواریوں کے ساتھ ساتھ پُرمذاح اور طنز آمیز لفظوں سے بھی ذہن و دل کو گدگدایا اور ہنسایا جا سکے مگر افسانچے کے لیے یہ ضروری نہیں ہوتا۔ _لطیفہ سنانے کا مقصد محفل کو غیر سنجیدہ بنانا اور ٹینس سچویشن یا ذہن و دل کے ٹینشن کو کم کرنا یا ختم کرنا ہوتا ہے مگر افسانچے کا یہ مقصد نہیں ہوتا۔افسانچہ خوانی سے یہ بھی ممکن ہے کہ صورت حال اور سنجیدہ ہوجائے۔ذہن و دل کا کرب و اضطراب اور بڑھ جائے۔یعنی افسانچے سے محفل کی سنجیدگی اور بھی بڑھ سکتی ہے۔
- _افسانے کا مقصد افسانوی پیرائے میں زندگی کے کسی تجربے، فن کار کے کسی تصور یا احساس میں دوسروں کو شریک کرنا یا کسی سچائی سے واقف کرانا یاکسی گہرے رمز کا ادراک کرانا ہوتا ہے۔
- _ لطیفے میں کہانی یا کہانی پن یا کہانی جیسی کسی بات کا ہونا ضروری نہیں جبکہ افسانچے کے لیے اس کا ہونا لازمی ہے۔تبھی وہ افسانچہ ہوگا ورنہ وہ کچھ اور بھی ہو سکتا ہے۔
- _ افسانچے میں کچھ افسانوی اجزا لازمی طور پر ہوتے ہیں۔لطیفے میں ان کی ضرورت نہیں ہوتی۔
یہ باتیں اس لیے لکھی گئیں تاکہ اس افسانوی صنف پر غور وخوض کرنے اور اپنی تخلیقات کو بہتر بنانے کی تحریک مل سکے۔
شکریہ
کمال صاحب کے تنقیدی کمالات، نعیمہ جعفری صاحبہ کے جمالیاتی بیانات اور سراج عظیم صاحب کے لسانی اور افسانوی تفصیلی نکات کی طرح میں تو کوئی تنقیدی یا تفہیمی کمال نہیں دکھا سکوں گا اور نہ ہی کوئی اقداری فیصلہ سنا پاؤں گا کہ میں ایک نرا فن کار ہوں ۔مجھے تنقید نہیں آتی اور افسانچے کے فن سے بھی ذرا کم ہی واقف ہوں۔
میں نے انور مرزا صاحب سے معذرت بھی کی تھی کہ مجھے معاف کر دیں مگر مرزا صاحب کہاں کسی کو معاف کرتے ہیں. بنا قید کیے نہیں چھوڑتے۔ کچھ نہیں تو محبت کی ہتھ کڑی اور خلوص کی بیڑی تو پہنا ہی دیتے ہیں۔ سو ان کی محبت میں بندھا بیٹھا ہوں۔
سب سے پہلے تو بزمِ افسانہ نگار کےانتظم کار کا شکریہ اور قلم کار و تبصرہ نگار کو مبارک باد۔
تینوں کہانیوں پر کیے گئے تبصروں اور تاثرات سے اندازہ ہوا کہ یہ کہانیاں زیادہ تر لوگوں کو پسند آئیں۔ ان کے توصیفی کلمات سے تو یہی لگا کہ سبھی شاہ کار کا درجہ رکھتی ہیں البتہ کچھ لوگوں نے معروضی اپروچ اپنایا تو ان میں کچھ کمیاں اور کمزوریاں بھی نظر آئیں۔ بیشک بعض کہانیوں میں فن کارانہ رنگ دکھانے کی سعی کی گئی ہے مگر افسانچے کے موضوعات میں جو تہہ داری، جو ندرت، پلاٹ میں جو گٹھاو، زبان و بیان میں جیسا بہاؤ اور ان سے ابھرنے والا جو رنگ و آہنگ چاہیے، ویسا ابھی محسوس نہی ہوا۔ زیادہ تر تبصرے تعریفی و توصیفی نوعیت کے ہیں۔ ان پر کیا کہا جا سکتا ہے۔ ہاں، کچھ پر ضرور کچھ کہنا چاہیے:۔
'مجرم' پر محمد علی صدیقی کی تشریح تو اچھی ہے۔ ان کی قوتِ استدلال کی داد بھی بنتی ہے مگر جس بات کی تشریح کی گئی ہے وہ نئی نہیں ہے۔ پھر جس نفسیات کی گتھی پر توجہ کی زیادہ ضرورت تھی اس پر ان کی نگاہ نہیں گئی۔ انھوں نے راوی کے سر پر ابھرے گومڑ کا راز نہیں کھولا۔
'مجرم' پر تنویر رومانی کی گرفت مضبوط ہے۔ غلطی کوئی شہنشاہِ عظیم کرے یا شہزادۂ اقلیم، غلطی کسی غضنفر سے ہو یا مرزا انور سے، غلطی غلطی ہوتی ہے۔ غلطی مان لینے میں اپنا ہی فائدہ ہے ۔ہمیشہ کے لیے اصلاح ہو جاتی ہے۔ تحریر بھی درست ہو جاتی ہے مگر اس طرح کی غلطیوں کی نشاندھی محفل میں نہ ہو تو بہتر ہے یہ اور بات ہے کہ غلطی پکڑنے والے یہ جواز پیش کر دیں گے کہ محفل میں آجانے سے دوسروں کی اصلاح بھی ہو جاتی ہے۔ ہاں اگر زبردستی کی غلطی نکالنے کی کو شش کی جاتی ہے تو ردّ عمل ظاہر کرنے کے بجائے 'صحیح' کی ایسی تلوار چلا دی جائے کہ غلطی کے ساتھ ساتھ غلطی نکالنے والے کا بھی قلع قمع ہو جائے۔
قیوم اثر کا نرالا اور شگفتہ انداز بدستور جاری و ساری ہے۔ ان کی تحریر کا ایک فائدہ یہ بھی ہوتاہے کہ تلخی چھٹتی رہتی ہے۔
سراج عظیم کی محنت، مطالعہ، اور مشاہدے کا رنگ محمد علی کے کبوتروں کے سفید رنگ میں پوشیدہ زرد اور سرخ رنگوں کو پہچاننے میں بھی نظر آتا ہے۔
احمد کمال صاحب کا تبصرہ نجات پر متوازن محسوس ہوا۔
بعض تبصرہ نگاروں پر حیرت بھی ہوئی جو سیدھی سادی سپاٹ تحریر میں بھی گہری آگہی و بصیرت ڈھونڈ لیتے ہیں۔
ریحان کوثر پردے کے پیچھے رہ کر بھی پردے پر جگمگاتے رہتے ہیں۔
ایک بار پھر سے سبھی کو مبارک باد۔
ایک بار پھر سے سبھی کو مبارک باد۔
اب بات فکشن کے فسانے کی:
افسانچہ
یہ'ہ' اور 'چ ' سے بنا لاحقہ " چہ " جس شے سے بھی ملتا اسے چھوٹا کر دیتا ہے۔ اس کی حیثیت، جسامت، قدر و قیمت سبھی کو گھٹا دیتا ہے۔ صندوق سے ملتا ہے تو ایک لمبے چوڑے بکس کو چھوٹا بنا دیتا ہے۔ دیگ سے ملتا ہے تو ایک پھیلے ہوئے برتن کو ایک سمٹے ہوئے ظرف میں بدل دیتا ہے۔ دور تک گولے داغنے والے توپ کے پیچھے لگتا ہے تو اس کی مار کے رینج کو گھٹا دیتا ہے۔ کتاب سے جڑتا ہے تو علم و دانش جیسے گاڑھے اور بھاری بھرکم موضوعات کے وسیلۂ اظہار کو بھی ہلکا پھلکا معلومات نامہ یا فہرستِ اشتہار بنا دیتا ہے۔
دیکھنا یہ ہے کہ یہ 'چہ' افسانے کے ساتھ کیا سلوک کرتا ہے؟ کیا یہ افسانے کو بھی صندوق، دیگ، توپ اور کتاب کی طرح کم وقعت کر دیتا ہے۔ اس کی جسامت کے ساتھ ساتھ اس کی حیثیت اور قدر و قیمت کو بھی گھٹا دیتا ہے یا اسے بخش دیتا ہے؟
یہ جاننے کے لیے ہمیں اردو کے تین اہم تخلیق کاروں منٹو، جوگیندر پال اور رتن سنگھ کی افسانوی تخلیقات پر غور کرنا ہوگا۔ کیا ان کا کوئی ایسا افسانچہ ہے جو ان کے معیاری، ممتاز اور مشہور و مقبول افسانوں کی فہرست میں جگہ پاتا ہو یا ٹوبہ ٹیک سنگھ، نیا قانون، بو، کالی شلوار، کھول دو، کھو دو بابا کا مقبرہ، باہر کا آدمی، ٹیلی گرام، ہزاروں سال لمبی رات، ایک ناؤ کے سوار، کاٹھ کا گھوڑا، ڈری ڈری ہوا، پناہ گاہ کے نام کے ساتھ منہ سے نکلتا ہو؟ یعنی جو ہمارے حافظے کا حصہ بن گیا ہو؟ جواب شاید نفی میں ہو۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ اس 'چہ ' نے افسانے کو بھی نہیں چھوڑا۔ افسانے کے پیچھے پڑا تو افسانہ ہاتھ سے نکل گیا۔ مٹھی میں فقط دم رہ گئی۔
یہ قضیہ، آپ اسے قصہ بھی کہہ سکتے ہیں، میں نے اس لیے چھیڑا کہ ہم جس افسانوی شکل و صورت پر اتنا جو اترانے لگے ہیں، اور برقی پردوں پر ہنگامہ بھی مچانے لگے ہیں، یہ جان لیں کہ اس کی اصل حقیقت کیا ہے؟
ہمارے سامنے اس وقت دو باکسیز ہیں: ایک بڑا اور ایک چھوٹا۔ اردو میں بڑے باکس کو صندوق اور چھوٹے باکس کو صندوقچہ کہا جاتا ہے۔ اپنی ماہئیت اور اپنے منشا و مقصد کے اعتبار سے دونوں ایک ہیں۔ مطلب یہ کہ دونوں ظروف ہیں مگر دونوں میں فرق بھی ہے۔ ایک میں اسپیس زیادہ ہے اور دوسرے میں اسپیس کم۔ اسپیس کی بیشی اور کمی کے باعث ایک میں زیادہ چیزیں رکھی جاتی ہیں اور پھیلا کر رکھی جاتی ہیں۔ اس میں کچھ کم اہم یا غیر اہم سامان کے لیے بھی گنجایش نکل آتی ہے۔ پھیلا کر رکھنے میں سامان رگڑ بھی نہیں کھاتے۔ ان کا رنگ روغن نہیں اترتا۔ کپڑوں میں شل نہیں پڑتے۔ گِھسٹ نہیں ہوتی۔ شیپ نہیں بگڑتا۔ دیکھنے میں ترتیب بھی اچھی لگتی ہے۔ سلیقے سے سجے سامان اور ان کے تحفظ کے لیے کیے گئے اقدامات کو دیکھ کر خوشی بھی حاصل ہوتی ہے مگر دوسرے میں یہ گنجائش نہیں ہوتی۔ اس لیے اس میں صرف بنیادی اور اہم چیزیں بی رکھی جاتی ہیں۔ ساتھ ہی انھیں سمیٹ کر رکھنا پڑتا ہے جس کے لیے زیادہ ہشیاری اور زیادہ سلیقہ مندی کی ضرورت ہوتی ہے۔ ورنہ ان کے ٹوٹ پھوٹ جانے اور تباہ و برباد ہو جانے کا اندیشہ بنا رہتا ہے۔
ہمارے سامنے اس وقت دو باکسیز ہیں: ایک بڑا اور ایک چھوٹا۔ اردو میں بڑے باکس کو صندوق اور چھوٹے باکس کو صندوقچہ کہا جاتا ہے۔ اپنی ماہئیت اور اپنے منشا و مقصد کے اعتبار سے دونوں ایک ہیں۔ مطلب یہ کہ دونوں ظروف ہیں مگر دونوں میں فرق بھی ہے۔ ایک میں اسپیس زیادہ ہے اور دوسرے میں اسپیس کم۔ اسپیس کی بیشی اور کمی کے باعث ایک میں زیادہ چیزیں رکھی جاتی ہیں اور پھیلا کر رکھی جاتی ہیں۔ اس میں کچھ کم اہم یا غیر اہم سامان کے لیے بھی گنجایش نکل آتی ہے۔ پھیلا کر رکھنے میں سامان رگڑ بھی نہیں کھاتے۔ ان کا رنگ روغن نہیں اترتا۔ کپڑوں میں شل نہیں پڑتے۔ گِھسٹ نہیں ہوتی۔ شیپ نہیں بگڑتا۔ دیکھنے میں ترتیب بھی اچھی لگتی ہے۔ سلیقے سے سجے سامان اور ان کے تحفظ کے لیے کیے گئے اقدامات کو دیکھ کر خوشی بھی حاصل ہوتی ہے مگر دوسرے میں یہ گنجائش نہیں ہوتی۔ اس لیے اس میں صرف بنیادی اور اہم چیزیں بی رکھی جاتی ہیں۔ ساتھ ہی انھیں سمیٹ کر رکھنا پڑتا ہے جس کے لیے زیادہ ہشیاری اور زیادہ سلیقہ مندی کی ضرورت ہوتی ہے۔ ورنہ ان کے ٹوٹ پھوٹ جانے اور تباہ و برباد ہو جانے کا اندیشہ بنا رہتا ہے۔
ٹھیک یہی صورت افسانہ اور افسانچے کی ہے۔ مختصر افسانہ اور افسانچہ دونوں اپنے نام سے یہ ظاہر کرتے ہیں کہ دونوں افسانہ ہیں۔ دونوں ہی فکشن کے روپ ہیں۔ ان کی شکلوں سے یہ بھی ظاہر ہے کہ ان میں ایک بڑا ہے اور دوسرا چھوٹا۔ جو بڑا روپ ہے وہ ممختصر افسانہ ہے اور جو چھوٹا ہے، وہ افسانچہ ہے۔ ماہئیت اور منشا کے اعتبار سے دونوں کہانی ہیں، فرق اتنا ہے کہ ایک کا دائرہ پھیلا ہوا ہے اور دوسرے کا سمٹا ہوا۔ تو کیا ان دونوں میں بھی صندوق اور صندوقچے کی طرح صرف چھوٹے بڑے کا فرق ہے یا کچھ اور فرق بھی ہے؟
غور سے دیکھا جائے تو یہ زیادہ اور کم جگہ والی بات اسپیس تک ہی محدود نہیں رہ جاتی، آگے بڑھ کر یہ بھی بتاتی ہے کہ ایک میں گنجائش زیادہ ہے اور دوسرے میں کم اور یہ گنجائش ایک کے پھولنے، پھلنے اور پھیلنے کے دائرے کو بڑھا دیتی ہے۔ اس کے رنگ کو کھُلنے اور کھِلنے کا موقع فراہم کر دیتی ہے اور دوسرے کے دائرے کو محدود اور موقعے کو مسدود کر دیتی ہے۔ اس گنجائش کی بدولت افسانے میں اجزائے افسانہ اپنی جزئیات و تفصیلات کے ساتھ اڈجسٹ ہو جاتے ہیں جبکہ افسانچے میں جزئیات و تفصیلات کو کم کرنا پڑتا ہے اور صرف وہی باتیں جگہ پاتی ہیں جو ناگزیر ہوتی ہیں اور جنھیں رکھنے میں بھی بڑی ہنر مندی دکھانی پڑتی ہے۔ افسانچہ نگار کے پاس چونکہ اسپیس کم ہوتا ہے اور اسے اپنی کہانی کو کم سے کم لفظوں میں بیان کرنا ہوتا ہے یعنی سمندر کو کوزے میں بند کرنا ہوتا ہے تو وہ ایجاز و اختصار کے ہنر سے کام لیتا ہے۔
صفات میں افعال میں اور دیگر قواعدی اجزا میں کٹوتی کرتا ہے۔ بات کو زیادہ جملوں میں بیان کرنے کے بجائے کم سے کم جملوں میں اس طرح بیان کرتا ہے کہ بات کا کوئی بنیادی یا اہم جز چھوٹنے نہ پاے۔ پلاٹ کو کسنا ہوتا ہے، کردار کی زندگی کے پھیلاؤ کو سمیٹنا ہوتا ہے اور بیان کو ادھر ادھر سے کاٹ چھانٹ کر چست درست بنانا ہوتاہے۔ بعض باتیں اشاروں میں کرنی پڑتی ہیں۔
صفات میں افعال میں اور دیگر قواعدی اجزا میں کٹوتی کرتا ہے۔ بات کو زیادہ جملوں میں بیان کرنے کے بجائے کم سے کم جملوں میں اس طرح بیان کرتا ہے کہ بات کا کوئی بنیادی یا اہم جز چھوٹنے نہ پاے۔ پلاٹ کو کسنا ہوتا ہے، کردار کی زندگی کے پھیلاؤ کو سمیٹنا ہوتا ہے اور بیان کو ادھر ادھر سے کاٹ چھانٹ کر چست درست بنانا ہوتاہے۔ بعض باتیں اشاروں میں کرنی پڑتی ہیں۔
اس تفصیلی بیان کا اختصار یہ ہے کہ
- _ مختصر افسانہ اور افسانچہ دونوں فکشن کی شکلیں ہیں۔
- _ مختصر افسانے کی شکل بڑی اور افسانچے کی چھوٹی ہوتی ہے۔
- _ مختصر افسانے میں پھیلاؤ ہوتا ہے اور افسانچے میں سمٹاو۔
- _ مختصر افسانے میں افسانے کے تقریباً سبھی ضروری اجزا کی گنجائش ہوتی ہے۔
- _ مختصر افسانے میں نقطۂ نظر کا پتا چل جاتا ہے۔افسانچے میں اس کا پتا لگانا مشکل ہے۔
- _ افسانچے میں ایجاز و اختصار کا حسن ضروری ہے جبکہ مختصر افسانے کے لیے یہ اتنا ضروری نہیں ہوتا۔
- _ افسانے کے ایک ایک جملے میں زندگی کا کوئی ست ہوتا ہے۔ مختصر افسانے کے ہر جملے میں ایسا نہیں ہوتا۔
- _مختصر افسانے میں کرداروں کی بھر پور کردار نگاری ممکن ہے جبکہ افسانچے میں یہ ممکن نہیں ہے۔
- _ مختصر افسانے میں مکالموں کے لیے اچھاخاصا اسپیس ہوتا ہے جبکہ افسانچے میں یہ اسپیس بہت کم رہ جاتا ہے۔
- _ افسانچہ جزئیات نگاری کے فن اور اس فن کے حسن سے عام طور پر محروم رہ جاتا جبکہ مختصر افسانے میں جزئیات نگاری کے کمالات دکھانے کا افسانہ نگار کو موقع مل جاتا ہے۔
افسانوی اصناف کی ان دونوں شکلوں پر یہ تفصیلی گفتگو اس لیے کی گئی کہ ہم ان دونوں کے خط و خال اور ان کے امکانات سے پوری طرح واقف ہو سکیں اور افسانچے کی تخلیق کے وقت ان بنیادی باتوں کا خیال رکھ سکیں۔
اب سوال یہ اٹھتا ہے کہ افسانے کی اس تنگی کو کیسے کم کیا جائے۔کیا کیا جائے کہ
بوتل میں جن سما جائے۔ کٹھوتی میں گنگا آ جائے۔ قطرے میں دجلہ اتر جائے؟
اس کے لیے تو میرے خیال سے جو ضروری اقدام ہو سکتے ہیں وہ یہ ہیں:
اب سوال یہ اٹھتا ہے کہ افسانے کی اس تنگی کو کیسے کم کیا جائے۔کیا کیا جائے کہ
بوتل میں جن سما جائے۔ کٹھوتی میں گنگا آ جائے۔ قطرے میں دجلہ اتر جائے؟
اس کے لیے تو میرے خیال سے جو ضروری اقدام ہو سکتے ہیں وہ یہ ہیں:
- _اس تخلیق کو' چہ' نہ سمجھا جائے.
- _ چہ والا فن سمجھ کر اسے چلت پھرت میں تخلیقی عمل سے نہ گزارا جائے۔
- _اسے چٹکلا سمجھ کر پنچ نہ مارا جائے بلکہ پنج تنتر کے منتر سے اسے پنج شیل بنایا جائے.
- _ایسے جملے خلق کیے جائیں اور وہ اس طرح ترتیب دیے جائیں کہ ان سے بننے والی نگارش منقارِ ققنس بن جائے اور جس کے ایک ایک جملے سے منقار کے سوراخوں کی مانند طرح طرح کے راگ نکلنے لگیں اور جن کی خوش الحانی سماعتوں کی تو جہ کا مرکز بن جائے۔
- _ ایجاز و اختصار کے ہنر سے کام لیا جائے تاکہ چند لفظوں میں مناظر سمٹ آئیں اور محض نقوش سے مرقعے منعکس ہو جائیں۔
- _ ایسے لفظ تلاش کیے جائیں جو جہانِ معنی سمیٹ لائیں۔گنجینۂ معانی کے طلسم بن جائیں۔
- _ایک ایک جملے میں زندگی کا ست، ،مشاہدات و تجربات کا سار، ۔مطالعات کا مغز ، اور محسوسات کا عطر سما جائے۔
اس کے لیے چنتن منن کرنا ہوگا ۔ مراقبے میں بیٹھنا ہوگا۔ تپ جپ کرنا ہوگا بحرِ کائنات میں ڈوب کر زندگی کا منتھن کرنا ہوگا ۔ فسوں سازی کے عمل سے گزرنا ہوگا مگر یہ سب کچھ آسان نہیں۔ اس کریا میں نین جلتے ہیں ۔پتلی میں پیڑا ہوتی ہے۔
نسیں ٹوٹتی ہیں۔پلکیں بوجھل ہوتی ہیں۔یہ خیال بھی رکھنا ہوگا کہ اس فن میں اپنے وقت کا سب سے بڑا اور مشاق فن کار بھی کامیاب نہ ہو سکا۔اس کے فن کو بھی چٹکلا کہا گیا۔
تو چیلنج بڑا ہے مگر یہ حقیقت بھی روزِ روشن کی طرح عیاں ہے کہ کوئی بھی کام نا ممکن نہیں۔
شکریہ
شکریہ

0 Comments