بزم افسانہ کی پیش کش، چھٹاایونٹ: عصریافسانہ(برائے تنقید و تبصرہ)
افسانہ نمبر 29
افسانہ: مداوا
افسانہ نگار: سدی ساجدہ جمال
تعارف:
بھیونڈی شہر کی خاتون افسانہ نگار و شاعرہ ساجدہ جمال درس و تدریس سے وابستہ ہیں۔ وہ اب تک 100 سے زیادہ افسانے لکھ چکی ہیں جو ملک کے موقر اخبارات و رسائل کی زینت بنے ہیں۔ ان کے افسانوں کا مرکزی کردار زیادہ تر عورت ہی ہوتی ہیں۔ جلد ہی ان کے افسانوں کا مجموعہ ’’لفظوں کا سائبان‘‘ منظر عام پر آنے والا ہے۔ نیز ان کا ایک شعری مجموعہ ”میں سوچتی ہوں“ بھی زیر اشاعت ہے۔
مستقبل میں وہ بھیونڈی سے خواتین کا ایک رسالہ بھی جاری کرنا چاہتی ہیں۔
جائے پیدائش ممبئی ہے لیکن ازدواجی زندگی میں قدم رکھنے کے بعد سے بھیونڈی میں مقیم ہیں۔ اردو مضمون میں ایم۔ اے تک تعلیم حاصل کی ہے۔
کئی اخبارات، رسائل اور انتخابات میں ان کے انٹرویوز شائع ہو چکے ہیں، جن میں انقلاب، اردو ٹائمز، بتول، بھیونڈی میں اردو ادب، تذکرہ شعراۓ بھیونڈی وغیرہ قابلِ ذکر ہیں۔
انہوں نے افسانہ نگاری کا آغاز 2004 کے آس پاس کیا۔ ان کے افسانے مہک ڈائجسٹ، خاتون مشرق، شہپر دھنباد، خوشبو، نشاط کویت، اردو ٹائمز، انقلاب، راشٹریہ سہارا، حالات بھیونڈی، صبح و شام، وغیرہ میں شائع ہوئے ہیں۔ ان کا پہلا افسانہ ”اشکِ ندامت“ ہے، جو انقلاب کے ادبی صفحہ دھنک رنگ میں شائع ہوا تھا۔
زیر نظر افسانہ ”مداوا“ 2006 میں روز نامہ انقلاب میں شائع ہوا تھا۔
محمد علیم اسماعیل
ایڈمن بزمِ افسانہ
معین الدین عثمانی:
مداوا محترمہ سدی ساجدہ جمال کا رومانیت آمیز سماجی نوعیت کا بیانیہ افسانہ ہے۔ جس میں درون متن جگہ جگہ معنویت سے بھر پور ایسے غیر معمولی جملے پیوست کردیے گے ہیں جن سے زندگی کا فلسفہ اور کاینات کے رمز کی نشاندھی ہوتی دکھائی دیتی ہے۔ ایسی صورت میں۔افسانہ محض تفریح طبع کا ذریعہ نہیں رہ جاتا بلکہ زندگی کا منشور بن کر سامنے آتا ہے۔حسد کی آگ درحقیقت ایک ایسا ہی عارضہ ہے جس میں آدمی دوسروں کو جلانے کی خاطر خود بھی اس کی تپش میں جھلس جاتا ہے۔
افسانہ فنی اعتبار سے مکمل ہے۔زبان وبیان نہایت شستہ ہونے کے سبب قاری تا دیر اس کے سحر میں کھو یا رہتا ہے
اور میرے خیال سے مطالعاتی وصف نے اس افسانے کو بہترین ہونے کے جواز سے بھی سرفراز کردیا ہے۔
بہر کیف افسانے کی پیشکش پر افسانہ نگار اور ایڈمن پینل دونوں مبارکباد کے مستحق ہیں۔
عارفہ خالد شیخ:
افسانہ مداوا اپنے نام ہی کی طرح راوی کے دکھ کا مداوا نظر آیا۔ حسد و جلن انسان کی فطرت میں شامل ہے۔ کئی لوگ ایسے بھی ہوتے ہیں جو دوسروں کی خوشی دیکھ خوش ہوتے ہیں۔
ونہی ایسے لوگوں کی بھی کمی نہیں ہوتی جو دوسروں کی خوشیوں سے جلتے ہیں اور ان کے سکھی جیون میں آگ لگا کر خوش ہوتے ہیں۔ ساجدہ صاحبہ نے بھی ایک ایسے ہی فطرتی انسان کو بنیاد بنا اپنے افسانے کی تخلیق کی ہے۔
راوی کے پاس دھن دولت کی کمی نہیں، کمی ہے تو خوبصورت دل کی۔
خوبصورت ذہن کی
خوبصورت سوچ کی۔
وہ چاہتا تو حسین سے حسین لڑکی قربتوں کےخوبصورت پلوں سے اس کی زندگی کو رنگین بنا سکتی تھی۔
لیکِن حسد کے بد بودار بیج نے تین زندگیاں برباد کر دی۔یہاں کہانی میں جھول نظر آیا۔
کہانی میں شہیر کی زندگی برباد ہوئی،یہ کہیں نظر نہیں آیا۔بلکہ وہ تو خوشی خوشی باہر جانے پر بھی تیار نظر آیا۔
راوی نے کہیں بھی شہیر کے درد کو بیان نہیں کیا۔
بلکہ قاری کو ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ اسے رشماء کی شادی کسی اور سے ہونے کا غم ہی نہیں تھا۔کیا وہ رشماء کے ساتھ وقت گزاری کر رہا تھا۔
اسی طرح رشماء کا بھی دکھ راوی کے ذریعے ہی واضح کیا گیا۔وہ بھی اسپتال جانے کے بعد۔
یہاں سوال یہ بھی پیدا ہوتا ہے کہ،رشماء سچ مچ شہیر سے پیار کرتی تھی؟؟
یا راوی کے دولت مند ہونے پر شہیر کو دھوکہ دے دیا۔اور ساتھ رہتے پتا چلا کہ راوی سے شادی کرنا اس کی سب سے بڑی بھول تھی۔
ایسا محسوس ہو رہا تھا جیسے راوی ایک ہی سانس میں کہتا چلا جا رہا ہو کہ۔
ابھی یہ ہوا۔
پھر یہ ہوا۔
اس کے بعد ایسا ہوا۔
اور پھر ایسا ہو گیا۔
راست بیانیہ انداز نے راوی کے سامنے کئی سوالات کھڑے کر دیے۔
جیسے کہ۔
راوی کا، شہیر کو اپنا دوست ماننا۔
اور پھر بھی اس سے حسد کرنا۔
ٹھیک ہے بعض اوقات دوست بھی ایک دوسرے سے جلتے ہیں۔ پِھر وہ دوست ہی کب ہوئے۔دوستی تو وہ خوبصورت پھول ہے جو انسان کی بے کیف زندگی میں رنگوں کے ساتھ ساتھ خوشبو بھی بکھیر دے۔
اور شہیر اتنا سیدھا، بالکل اللہ میاں کی گائے، دوست کے ہتھکنڈوں کو بالکل بھی نہیں سمجھتا۔
اس کے علاوہ راوی کا شہیر کو رشما سے ملنے نہ دینا۔
فون پر دونوں کی بات چیت سن بے چین ہو اٹھنا۔
پھر دونوں کا ایک دوسرے کو بے حد پسند کرنا۔اس کے باوجود خاموشی سے الگ ہو جانا۔
اپنی شادی خاموشی سے ہونے دینا۔
شادی کے بعد رشما کا ستی سا ویتری بن شوہر کے ظلم سہنا اور کچھ نہ کہنا۔
پھر رشما کا بستر مرگ پر پہنچنا اور اس سے پہلے تک شوہر کو اپنی غلطیوں کا احساس نہ ہو نا۔
یہ تمام چیزیں ایسی رواں دواں نظر آئی، جیسا مصنفہ چاہتی تھیں۔جس میں حقیقت کی شیرنی ذرا کم کم نظر آئی۔
شہیر کا خاموشی سے باہر چلا جانا بھی کھلتا ہے۔
دو پیار کرنے والے اتنی آسانی سے الگ نہیں ہوتے۔
کہانی میں وہی سب ہو رہا ہے جو راوی کی ذہن کی اپج ہے۔
مصنفہ کی تحریر پر فلمی اثر بھی محسوس ہوا۔
بغیر مکالموں کا افسانہ، کبھی کبھی ڈائری کے صفحات پُر کرتی تحریر بھی نظر آئی۔
افسانہ نگار کو زبان اور بیان پر قدرت حاصل ہے۔
کئی جملے تو بہت خوبصورت لگے۔
جیسے
"جب ظاہر و باطن کی جنگ چھڑی تو مجھے اپنا وجود بے معنی سا لگا۔"
"مبارک ہے وہ لوگ جو اپنے دشمنوں کے لیے ہدایت کی دعا مانگتے ہیں۔"
اسی طرح کے اور بھی جملے نظر آئے۔
ایک بات اور کہنا چاہوں گی۔
وہ یہ کہ افسانہ نگاروں کو اپنے کرداروں کے نام سہل رکھنے چاہئے۔اس سے قاری اپنے ذہن پر کوئی بوجھ محسوس نہیں کرتا۔
یہ نا چیز کی اپنی راۓ ہے۔اس سے سبھی کا اتفاق ہونا ضروری نہیں۔
معذرت
بزم میں شمولیت پر افسانہ نگار کو مبارک باد
ایم مبین:
ساجدہ جمال سدی کا افسانہ ایک روایتی انداز کا افسانہ ہے۔عام طور پر اس قسم کے موضوعات خواتین کے پسندیدہ موضوعات ہوتے ہیں۔اس کی کی وجوہات ہیں۔یہاں اس پر بحث غیر ضروری ہوگئی۔
حسد،جلن،عشق،محبت،ایثار،قربانی،دوستی جیسے انسانی جذبوں کے محوِر کے گرد پورا افسانہ گھومتا ہے بیانیہ بڑا سلیس اور رواں ہے جس کی روانی میں بہ کر قارئین پورا افسانہ پڑھ لیتا ہے۔
ساجدہ نے اس ایونٹ کے لیے اپنا ۱۵ سال پرانا افسانہ دیا۔اگر وہ کوئی حالیہ افسانہ دیتی تو قارئین کو اُنکے فن کو سمجھنے کا موقع ملتا۔کیونکہ میں سمجھتا ہوں اس دوران ان کا افسانہ کہنے کا فن کچھ اور بھی نکھرا ہے۔
ایک ایسی بزم جس میں افسانے کے اتنے بڑے بڑے نام شامل ہے اس کے لیے افسانے کا اِنتخاب کرتے وقت اس بارے میں سوچنا چاہیے۔
افسانہ فلیش بیک ٹیکنک میں لکھا گیا ہے۔لیکن افسانے کو آگے بڑھنے کے لیے بیانیہ کا سہارا زیادہ واقعات کا کم لیا گیا ہے۔ بزم میں شرکت پر ساجدہ کو مبارکباد۔
ملکیت سنگھ مچھانا:
رشماء کی قوت برداشت دیکھ کر دل بھر آتا ہے۔ اس پر مجھے پاکستان کے حال کے ایک معروف ٹی وی اینکر جاوید اقبال کے والد ظفر اقبال کا ایک شعر یاد آ رہا ہے۔
بھونچال یہاں فصیل در و دیوار میں رہتے ہیں،
ہمارا حوصلہ دیکھیے ہم ایسے گھر میں رہتے ہیں۔
کچھ باتیں خلش پیدا کرتی ہیں کہ
۱- رشماء لب بستگی سے شادی کر لیتی ہے، وہ اس پر ذرا بھی احتجاج نہیں کرتی۔
۲- لڑکی واحد (جیسا کہ معلوم ہوتا ہے ) ہونے کے سبب والدین اس کی پسند ناپسند ضرور پوچھتے ہیں۔
۳-شہیر بھی اتنے بڑے دلدوز حادثے پر اف تک نہیں کرتا۔
۳- شکر ہے بچا ہو گیا!
مجھے تو ڈر تھا کہ حسد میں جل رہا راوی کہیں شہیر کا قتل ہی نہ کرا دے۔
ایک بات جو دھیان کھینچتی ہے کہ
۱- جملہ سے جملہ پیوست کر رکھا ہے، وقف لازم دینے کی زحمت نہیں اٹھائی۔
۲- عموما یہ بھی دیکھنے میں آیا ہے کہ بات چل رہی ہوتی ہے، بیچ میں وقف لازم درج کر دیا جاتا ہے۔ جیسا کہ لفظ اور، اس لیے سے قبل وقف لازم نہیں آ سکتا۔
افسانے کی جملہ بازی اور بنتی بہت عمدہ ہے۔ اس پر افسانہ نگار بی بی کو ڈھیروں مبارک باد
فریدہ نثار احمد انصاری:
ساجدہ مشاق قلم کار ہیں۔مذکورہ افسانے کا پلاٹ حسد و جلن کے نکتے پر تعمیر کیا گیا۔
قاری کے لیے سبق آموز۔
کچھ باتیں جو سمجھ میں آئیں وہ آغاز کے اشعار اور درمیان کے دو تین جملے۔
محبت ایک پاکیزہ جذبہ ہے۔
محبت نایاب ہوتی ہے۔
محبت بے اختیار ہوتی ہے۔
محبت پتھروں میں روح پھونک دیتی ہے۔
مانا یہ سب سچ ہے پھر دو دوستوں کی محبت میں محبت نے یہ کام کیوں نہیں کیا؟
راوی کے پاس سب کچھ
تھا پھر وہ اسی لڑکی رشماء سے ہی کیوں شادی کی؟
صرف دوست کی محبت کی توہین کرنے کے لیے؟
رشماء کی اپنی مرضی نہ تھی؟ کیا آج کی لڑکی اتنی بے بس ہے؟ اس کے پاس اقرار کرنے کا کوئی جواز بھی نہ تھا۔
شہیر ایک قابل انسان۔ کیا وہ اپنے دوست کی کم ظرفی کو سمجھ نہ سکا اور نہ صرف جب بلکہ بیرون ملک جانے کے لیے بھی اس کی سمجھ میں نہ آیا کہ اس پلان میں کس کا دماغ زیادہ کام کر رہا ہے۔
ایک کے پاس پیسہ دوسرے کے پاس قابلیت۔قابلیت نے خود کو کیوں نہیں منوایا۔اکثر ایسا دیکھا گیا ہے کہ اس طرح کے حالات میں اختتام قابلیت پر ہوتا ہے کہ یہ خداداد صلاحیت ہوتی ہے۔ پیسہ آج ہے کل کسی اور کا۔
اختتام پر مجھے ایسا لگا کہ رشماء کو مر جانا چاہئے تھا۔ زندہ رہ کر وہ کیسے شہیر جو بھلا سکے گی؟ کیا وہ راوی کی مکمل طور پر ہو سکے گی؟
مانا کہ فکشن ہے لیکن فکشن اسی دنیا کی کہانی دہراتا ہے۔
تین کردار۔ایک دوسرے میں پیوست ہو کر بھی ادھورے لگے۔
ساجدہ ایک منجھی ہوئی قلم کار ہیں۔
روزنامہ انقلاب۔ اوڑھنی میں ہم دونوں کے افسانے آغاز میں آتے تھے۔اس طرح ہماری قلمی دوستی تھی۔
ان کے افسانے معاشرے کے لیے درس ثابت ہوتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ انھیں قلم کی جولانیوں سے نوازے۔آمین
ذکیہ مشھدی:
مین بوجہ کبھی کبھی ہی افسانہ پڑھ پاتی ہوں۔ تھوڑے بہت تبصرے دیکھ لیتی ہوں۔ ایسا محسوس ہوا کہ آج کا افسانہ معیاری نہ ہو کر معمولی ہے۔ لیکن ایک تبصرے مین ایک جملہ دیکھا کہ عورتیں عموماً اسی طرح کے افسانے لکھتی ہیں۔ مین اپنا پر زور احتجاج درج کرانا چاہوں گی۔ بزم مین کئی افسانے اے جو مرد حضرات کے لکھے ہوئے تھے اور بہت اعلی معیار کے نہیں تھے۔ لیکن کیا کسی عورت نے اٹھ کر یہ کہا کہ مرد حضرات تو بس ایسا ہی لکھتے ہیں۔ سلام صاحب نے خاصی حق گوئی سے کام لیتے ہوئے صافگوی برتی تھی۔
میرے پاس ایک کتاب کا مسودہ پاکستان سے آیا۔ جس مین صرف خواتین کے افسانے ہیں۔ انتخاب و ترتیب بھی ایک خاتون فرحین خالد کا ہے۔ کتاب چھپ جاے تو مشورہ دوں گی کہ پڑھ لین۔ مین خود بیحد حیرت زدہ ہوی اور بیحد خوش بھی۔ مین اجازت طلب کر رہی ہوں اگر مرتب خاتون نے اجازت دیدی تو پی ڈی ایف فائل جو میرے پاس ای اسے بزم پر ڈال دوں گی۔ اور ہاں بزم کی بھی اجازت لینی ہوگی۔
یہ معاملہ کچھ ایسا ہی ہے جیسے اونچے طبقے کا کوی فرد کچھ خرافات کرکے نکل جاے کوی بات نہی لیکن کوی کمتر شخص وہی حرکت کرے تو ارے بھئی یہ تو ہوتے ہی ہیں ایسے تلخ نوای کے لیے معذرت یہ کسی ایک شخص کی طرف اشارہ نہیں ہے۔ یہ عمومی رحجان کی طرف ہے۔
نثار انجم:
افسانہ مدوا راوی کا کنفیشںن ہے اپنے گناہوں سے خیر کی طرف لوٹنے کا ارادہ۔
شہیر اور رشماء کی چاہت اور قربتوں کی کہانی ہے۔ جوراوی کی چھین لینے والی ذہنیت کے دار پر چڑھ گئی ۔
راوی اس ذہنیت کو حسد کی آگ کہتا ہے جس کے شعلوں میں رشتوں کا تقدس جھلس گیا۔ کھانی کا دلچسپ پہلو یہ ہے کہ راوی رشماء کو چاہتا بھی نہیں ہے اور اسے حاصل بھی کرنا چاہتا ہے۔ مصنفہ کے قلم سے راوی کے کردار کی جو تصویر بنتی ہے وہ ایسے احساس کمتری کا شکار جوان ہےجو روپے پیسے اور ظاہری اخلاق کی طاقت سے خوشی خریدنا چاہتا ہے جو اس کی آنکھوں میں کانٹے کی طرح چبھتا ہے۔یہ چبھن دراصل اس کی احساس کمتری ہے، حسد کی آگ نہیں ہے۔حسد کی کیفیتیں الگ الگ ہیں۔ افسانے میں شروع سے آخر تک محبت کے فلسفے کا بیان ہے۔ اقوال زریں میں چھپنے والے اقوال ہیں اور راوی کا اپنے اس عمل پر پچھتاوا ہے۔ کنفیشن روم میں کھڑا راوی اپنا کنفیشن کر رہا ہے فلیش بیک میں کہانی بیان ہو رہا ہے۔
افسانہ بیانیہ اسلوب میں بیان کیا گیا ہے۔
افسانے وہ تمام انسانی جذبے ڈال دیئے گئے۔ سسکیاں، گھٹن، پچھتاوا، حسد جلن، رقابت، قربت
، محبت لیکن افسانے میں ان جذبوں کی حیثیت بالکل ایسی ہی جیسے جذبوں کو ابالنے کے لیے فکر کے چولہے پر تو رکھا گیا ہے لیکن آگ نہیں سلگائی گئی۔
جذبے بے رنگ ہیں۔
افسانے کے درود یواروں پر جلی حرفوں سے خوبصورت اقوال لکھ دیے گئے ہیں۔
کچھ اقوال دیکھیں جن کا تعلق محبت سے ہے ۔
محبت اندھی ہوتی ہے۔
محبت جادو کی وہ چھڑی ہیں جو انسانی روح کو ایک نئی زندگی اور قوت بخشتی ہے۔ محبت آب حیات ہے۔ محبت ایک پاکیزہ جذبہ ہے۔
محبت پتھروں میں روح پھونک دیتی ہے۔ محبت بے اختیار ہوتی ہے اور بے اختیار کر دیتی ہے۔
محبت اس سے نہیں کی جاتی جوخوبصورت ہو۔
خوبصورت تو وہ ہوتا ہے جس سے محبت کی جائے۔
محبت زندگی کی تکمیل نہیں اس کا کردار ہے۔
سچی محبت نایاب ہے اور دوستی بھی نایا ب۔
محبت نایاب ہوتی ہے۔
انسانی زندگی کے فلسفیانہ افکار بھی افسانے میں در آئے ہیں ایک دو مثالیں دیکھیں
وہ خوشی دیر تک قائم نہیں رہتی تو دوسرے کو دکھ دے کر حاصل کی گئی ہو۔
کامیاب آدمی وہ ہے جو آج کو نہ کھوئے۔
مبارک ہیں وہ لوگ جو اپنے دشمن کی ہدایت کی دعا مانگتے ہیں۔
افسانے میں خوبصورت جملے نرم الفاظ کے ذریعہ رومان اور جذبوں کی أمیزش سے irony پیدا کرنے کی کوشش کی گئی ہے لیکن بیانیہ لہجے اور مکالمہ کے کمی نے یہ تاثر پیدا ہونے نہیں دیا۔
افسانے میں مطالعاتی وصف کے سامان تو موجود ہیں اسے بڑی چابکدستی سے نہیں برتا گیا اسلۓ مطالعاتی حسن قرات میں مشکل پیدا کرتا ہے۔
افسانہ لکھنے کی کوشش کی تو گئی ہے لیکن self narrative dailogue کےبوجھ سے افسانہ اوپر نہیں اٹھ سکا۔
افسانے میں ایک ذہین افسانہ نگار دکھ رہا ہے۔ مصنفہ میں اچھے افسانہ نگار کی تمام صلاحیتیں موجود ہیں بہت سارے امکانات ہیں۔جو ریاضت چاہتے ہیں۔
ایم مبین:
ذکیہ باجی
اس قسم کے موضوعات خواتین کے پسندیدہ موضوعات ہیں
یہ کوئی ایسا جملہ نہیں ہے جس کے خلاف آپ احتجاج درج کریں۔
نہ افسانے کو غیر معیاری قرار دینے کی کوئی بات میں نے کی ہے۔آپ نے میری بات کا غلط مطلب لیا ہے۔
فریدہ نثاراحمد انصاری:
بھائی۔ آپ اپنا تبصرہ ضرور لکھیں لیکن
خواتین
کی ہی نشاندہی کیوں؟؟؟
سوال یہ ہے
کیا صنف مخالف اس طرح کے افسانے نہیں لکھتے؟
میرا سوال بس اتنا ہی ہے۔
خواتین صنف نازک ہیں۔اور افسانہ نگار اپنے اطراف و جوانب میں جو دیکھتا / دیکھتی ہے وہ لکھتا / لکھتی ہے۔
اس پر یہ کہنا کچھ عجیب نہیں لگا؟
ڈاکٹر فریدہ بیگم:
اس معاملے میں تخصیص نہیں ہونی چاہیے یہ نہایت ہی غلط بات ہے۔ خواتین تخلیق کار کی کئی مثالیں موجود ہیں۔ قرت العین حیدر سے لے کر ذکیہ مشہدی تک بلکہ جدید افسانہ نگار خواتین تک۔ہر قسم کے موضوعات پر قلم اٹھایا ہے۔اور بہترین موضوعات کو زیر بحث لایا ہے۔جو معاشرہ پر کاری ضرب بھی لگائے ہیں اور اصلاحی بھی رہے ہیں۔ سوال نشان زد بھی کئے ہیں۔
یہ بات نہایت دقیانوسی خیالات کا اظہار ہے۔
ادب کے قاری یا مبصر اس قسم کے پرسنل وار سے پرہیز کریں۔
ہم میڈم سے متفق ہیں۔ بےحد شکریہ میڈم آپ نے غور فرمایا۔یہ ضروری ہے۔ اس قسم کے خیالات کے لیے وسیع القلبی ضروری ہے ایسی بات کریں کہ بات قابل قبول ہو۔ایسی بات جس سے ماحول میں کشیدگی، بحث و مباحثہ کو دعوت دیں پرہیز کریں۔ تبسم۔
طاہر انجم صدیقی:
مجھے یہاں یہ باتیں لکھتے ہوئے اچھا نہیں لگ رہا ہے مگر انتظامی ذمہ داری سے مجبور ہوں۔ آپ سب سمجھدار ہیں۔ موضوع کے انتخاب پر کوئی پابندی نہیں ہوتی البتہ کچھ موضوعات کچھ لوگوں کی پسند ہوتے ہیں اور ان پر لکھنے کا انھیں حق بھی ہے۔ ہمیں اپنے تبصرے میں پیش کردہ افسانہ پر نظر رکھنی چاہئے۔ اس افسانے کے محاسن و عیوب پر گفتگو کرنی چاہئے۔
امید ہے کہ آپ معززین اس بحث کو یہیں پر ختم کریں گے۔
انور مِرزا:
بزم میں شروع سے ھی دیکھ رھا ھوں کہ افسانہ نِگار نے بھلے ھی بے شمار افسانے لکھے ھوں۔مگر وہ پیشکش کیلیے شائع شدہ افسانہ ھی منتخب کرتا ھے۔شاید اِس لیے کہ بیشتر افسانہ نِگار یہ سوچتے یا سمجھتے ھیں کہ جو تخلیق شائع ھو گئی اُُسے کامیابی کی سند مِل گئی۔اب یہ ایسا سنگِ میل ھے جسے کوئی ہِلا نہیں سکتا۔
غالباً اِسی لیے دس، پندرہ، بیس اور پچیس سال پرانے افسانے پیش کئے جاتے ھیں۔اِس بات کا خیال کئے بغیرکہ زمانہ تغّیر پسند ھے۔برسوں تو کیا لمحوں میں دنیا، سوچ اور رجحان بدل جاتے ھیں۔
ساجدہ جمال صاحبہ کا افسانہ توقعات پر پورا نہیں اترا۔
بزم کے دیگر مبصرین نے کافی اچھے تجزیے کئے ھیں۔مزید کچھ کہنا عبث ھے۔ افسانہ نِگار کے لیے نیک خواھشات
سلام بن رزاق:
محترمہ سدی ساجدہ جمال کا افسانہ مداوا بڑی مشکل سے پڑھ پایا۔ ساجدہ کو میں برسوں سے جانتا ہوں۔ اچھالکھتی ہیں مگر مدآوا قاری کی تشنگی کا مداوا نہ کرسکا۔ افسانے کا تانا بانا تو اچھا ہے مگر پورے افسانے میں سواے راوی کے خواہ مخواہ پچھتاوے،اور۔ ندامت کے کچھ نہیں ہے۔اس کی فضول سی خجالت کا قاری کے دل پر ذرا اثر نہیں ہوتا۔ بلکہ قاری کو اس کی یاوا گوئی سے چڑ پیدا ہوتی ہے۔
آج میں کہیں مصرف تھا اس لیے افسانے پر خاطر خواہ لکھ نہیں پایا۔ ساجدہ جمال کے لیے نیک خواہشات۔
سدی ساجدہ جمال:
اسلام وعلیکم۔
میں بزم میں موجود سبھی اراکین کا تہ دل سے شکریہ ادا کرتی ہوں۔ انہوں نے میرے اس طویل افسانے کو نہ صف پڑھا بلکہ اپنی قیمتی راۓ سے نوازہ بھی۔
ابھی جب مجھ سے تاثرات پیش کرنے کے لیے کہا گیا تو ایک مسکراہٹ چہرے کو چھو گئی۔
کل سے جو جان سولی پر لٹکی تھی اسے رہائی ملی۔
میں نے کبھی موبائل کو اتنی اہمیت نہیں دی جتنا کہ اب کل رات سے دے رہی تھی۔
کھانا بناتےکھانا کھاتے دن بھر میں جو بھی کام کیا موبائل کو حاضر ناظر جان کر کیا کہ پتا نہیں کب کون اپنی قیمتی راے سے نوازیں زرین مشورہ دیں اصلاح کا کوئی پہلو ہاتھ سے جانے دینا نہیں چاہتی تھی۔
یہ میرے لیے بہت اچھا تجربہ رہا۔ میں سبھی تبصرہ و تجزیہ نگار کا ایک بار پھر شکریہ ادا کرتی ہوں۔ اور بطور خاص ایڈمین پینل کا جنھوں نے میرے افسانے کو اس بزم میں جگہ دے کر میری حوصلہ افزائی کیں۔سبھی کا بے حد شکریہ
جزاک اللہ۔

0 Comments