Ticker

6/recent/ticker-posts

متین اچل پوری کا ادب اطفال صحتِ لفظی، فکری سچائی اور معلومات کا خزینہ ✍️ زیب النساء زیبی

متین اچل پوری کا ادب اطفال صحتِ لفظی، فکری سچائی اور معلومات کا خزینہ
از : زیب النساء زیبی
کراچی پاکستان
قلمی نام متین اچل پوری، اصل نام محمد متین ابن شیخ محمد۔ آپ کا تعلق اچل پور، مہاراشٹر ،انڈیا سے ہے۔ ماشا اللہ اعلیٰ تعلیم یافتہ ہیں۔ ایم اے اردو میں آپ نے ٹاپ کیا، بی ایڈ کیا۔
دیڑھ درجن سے زیادہ کتب کے خالق۔ پیشے کے اعتبار سے وظیفہ یاب مدرس ہیں۔ نصف صدی سے زائد عرصے سے علمی اور ادبی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ آپ کی تصانیف کا ذکر کیا جائے تو بے حد خوشی ہوتی ہے کہ جس عہد میں لوگ اپنی ذاتی شہرت کے لیے صرف غزل کے رومانس تک خود کو محدود رکھتے ہیں، ایسے حالات میں آپ ذاتی شہرت اور ستائش و اعزازات و مفادات سے بالا تر ہو کر بچوں کا ادب تخلیق کرنے میں رات دن کوشاں ہیں۔ آپ کو نہ صرف بچوں کے ادب میں خصوصی شغف ہے بلکہ آپ نے غزلیں، نظمیں، قطعات، ماہیے رباعیات، حمدونعت، مناجات، قصیدہ ، رپورتاز اور نسائی شاعری کے علاوہ نثر نگاری میں بھی خوب جوہر دکھائے ہیں۔
آپ نہایت فعال، علم وادب سے گہرا شغف رکھنے والی ہستی ہیں اور انڈیا کے صف اول کے شعراء و ادباء میں شمار کیے جاتے ہیں۔ 
آپ کی بچوں کی شاعری میں وہ تمام اوصاف ملتے ہیں جو ادب اطفال کے لیے ضروری ہیں۔ آپ کا لب و لہجہ سہل ، عام فہم ، معلومات سے بھر پور لیکن دلچسپی و دلپذیری لیے ہوئے ہوتا ہے۔
آپ بچوں کی ذہنی سطح پر اتر کر ان کی نفسیات کو مد نظر رکھ کر کلام کہتے ہیں۔
رات اندھیری ڈھل جائے
صبح کا جلدی ہو آغاز
دیوانی ہو کر جاؤں
گھنٹی مجھ کو دے آوا
اپنا سورج آپ اگائیں
اپنے نصیبوں کو گڑھ لیں
سوچتی رہتی ہوں اے کاش!
سارے پڑوسی لکھ پڑھ لیں
آپ کے کلام میں بچوں کی ذہنی استعداد ان کی علمی و فکری ضروریات کو ہر لحظہ مد نظر رکھا گیا ہے۔ تفریح، دلچسپی، عصری مضامین اور علم وادب واخلاقیات اور تعلیم و تربیت کو مدنظر رکھ کر آپ نے تخلیقات پیش کی ہیں۔ نیز ان ہی عناصر کی بنیاد پرادب اطفال تخلیق کیا ہے آپ کے کلام میں سادگی، روانی، زبان و بیان میں اخلاقی قدروں کی پاسداری کاپورا خیال رکھا گیا ہے اس میں توانائی، تازگی اور عمدہ اسلوب کا بہترین امتزاج موجود ہے۔
آپ کی کتاب ” آج کا بچپن، آج کی نظمیں “ کی تمام کی تمام نظمیں عنوانات اورموضوعات کے اعتبار سے منفرد علم و آگہی سے معمور ہیں۔ آپ کی نظم تازہ ہوا کےاشعاربطور مثال پیش کرتی ہوں:
تازہ ہوا کی بات نرالی
میرے خدا کی بات نرالی
نوک قلم سے چلنے والی
لفظوں میں ہے ڈھلنے والی
آپ کی ایک نظم نئی کونپل میں دیکھیے کس طرح بچوں کو مخاطب کر کے بہترین درس اور عزم و ہمت و حوصلے کا پیغام دیا گیا ہے :
ذرا سا کھول کے دروازہ کونپل
نکل آئ ہے تازہ تازہ کونپل
خدا سے عزم پا کر تازہ کونپل
نکل آئ ہے تازہ تازہ کونپل
یہ کتاب بچوں اور بڑوں کے لیے ایک بہترین خزینہ ہے جس کے ذریعے اساتذہ اور والدین بچوں کو بہت سہل انداز میں بہت نادر معلومات مہیا کر سکتے ہیں۔ ان کے موضوعات ملاحظہ فرمائیں :
ہمارے بزرگ ، اس نظم میں اجدادو اسلاف، والدین اور بزرگوں کی اہمیت اور ان کے علم کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے۔
عجب اسکول تھے وہ چلتے پھرتے
رخوں پر روشنی سی ملتے پھرتے
برائی کی وہ دیواریں گراتے
چلے تا عمر خوشبوئیں لٹاتے
زمانے میں نہ اپنا نام چھوڑا
اگر چھوڑا تو اپنا کام چھوڑا
دیگر موضوعات میں
خدمت خلق : ندی، پلازمہ ، خون کا عطیہ، فائربریگڈ، بیری اور انگور کی بیل اور پروازیں وغیرہ
فطرت : اس موضوع پر آپ نےکئ نظمیں ادب اطفال کے لیے تخلیق کی ہیں۔ جن میں بیج کی قوت، تتلی رانی ، برگد کا پیڑ، اگر راتیں نہ ہوتیں، تازہ ہوا، دھنک کے رنگ، نئی کونپل ، کویل کوک رہی ہے شامل ہیں۔
آپ کی نظم ” کسان معلم سے “ کا یہ شعر ملاحظہ فرمائیں :
مجھ کو فصلوں کی فکر کرنی ہے
تجھ کو نسلوں کی فکر کرنی ہے
ایک اور نظم کا ایک اور شعر پڑھیے :
طاقت کے ہاتھوں میں اب ماحول نہ ہو
اپنی بربادی کا سبب ماحول نہ ہو
اس نظم میں آلودگی، ماحول کے مسائل اور ان کے حل کے لیے بچوں کو اس اہم موضوع کی جانب متوجہ کیا گیا ہے۔ پھر گلوبل وارمنگ، نئے نئے موضوعات یعنی آج کے عہد کے موضوعات آپ کے کلام کا حصہ ہیں۔ مثلاً :
سائنسی ایجادات : آکسیجن، جوہر (ایٹم)، سورج کی توانائی، پلازمہ، لفٹ، خودکار زینہ، لائٹر
سائنسی رجحانات : پہلا علاج پانی، ہوا بھی دوا ہے، جگر ، مسواک ، شہد ، اپنی احتیاط اپناعلاج
سادہ زندگی : خاکساری ، ڈھیلا ڈھالا لباس، زمین کا فرش
شخصیت سازی: آج کابچپن، کھڑکی ، رواداری، لمحہ، گھڑی، دل میں رہنے کا ہنر
تعمیری سوچ : نام اور کام، توجہ، رشتے ناطے، استاد شاگرد سے۔
آپ نے اس کتاب میں سو سے بھی زائد نظموں کے ذریعے بچوں کی تعلیم و تربیت کی ہے۔ اس طرح عصرِ حاضر کے تناظر میں بچوں کی ذہنی اور فکری تربیت کی خاطر لائق ستائش مواد فراہم کر دیا ہے۔ آپ کا تخلیقی معیار خاصا بلند ہے۔ آپ کو خالصتاََ کل وقتی بچوں کا ادیب کہا جا سکتا ہے۔
آپ نے بچوں کے ادب میں عصری تقاضوں کو مد نظر رکھ کر اسے پیش کیا ہے۔ آپ نے جدید موضوعات کو اپناتے ہوئے بچوں کے تدریجی ارتقاء میں بہت اہم کردار ادا کیا ہے۔ ان کے نفس کی تہذیب و تربیت میں ان کو انسانیت کے مرتبے سے رو شناس کرانے کے لیے اپنی قلمی تخلیقات کو پیش کیا ہے۔
متین اچل پوری کوبچوں کے ادب کی تخلیق کاری کا ایک طویل تجربہ ہے۔ خواہ شاعری ہو یا نثر، آپ دونوں میں موضوع و مواد اور زبان و بیان میں صحت لفظی، اور فکری سچائی کا نمونہ ہیں۔ بچوں کے مزاج میں معلومات کے حصول کے لیے بہت تجسس ہوتا ہے۔ آپ نے اس وصف کو بھی مد نظر رکھا ہے۔ آپ بچوں کے حیرت و استعجاب کو تسلی و تشفی کے لیے موضوع اور متن کو بہت بھر پور اور مفصل بناتے ہوئے ان کے سوالوں کی تشفی کرتے ہیں۔
آپ کے مضامین بچوں میں عصری فہم اور سائنسی رجحانات کے فروغ کے با وصف اخلاق، حب الوطنی، باہمی اتحادو محبت، بھائی چارگی، خلوص و چاہت، امن و امان کا پیغام ہیں۔
٭٭٭

Post a Comment

0 Comments