Ticker

6/recent/ticker-posts

ماں جایا (افسانچہ) ✒️ نعیمہ جعفری پاشا

1️⃣
ماں جایا
افسانہ نِگار ✒️ نعیمہ جعفری پاشا
ایونٹ نمبر 55 🧏‍♀️🧏🏻 بھائی بہن
کُل ہِند افسانہ نگار فورم
کی پیشکش
افسانچہ نمبر 1
صبح کے چار بج رہے تھے ۔کہیں دور اذان کی ہلکی سی آواز آرہی تھی ۔زویا رات بھر نہیں سو سکی تھی ۔رہ رہ کر کانوں میں زمن کی چیخیں گونج رہی تھیں ۔روتے روتے آنسو خشک ہو چکے تھے لیکن دل امڈا آرہا تھا ۔اس نے سر اٹھا کر دیکھا ۔امی دعائیں مانگتے ہوئے جاءنماز پر ہی سو گئی تھیں۔زویا کی سمجھ میں نہیں آرہا تھا کہ بھائی کو بچانے کے لیے کیا کرے ۔امی نے کہا تھا دعا کرو ﷲ بچوں کی دعا ضرور قبول کرتاہے ۔
وہ تین دن سے دعا کر رہی تھی لیکن زمن کی حالت میں کوئی سدھار نہیں تھا۔
چھ سالہ زمن سخت بیمار تھا ۔کل ڈاکٹر نے اسکی ریڑھ کی ہڈی میں سے پانی نکال کر جانچ کی تھی اور بتایا کہ اسے دماغی بخار ہے ،حالت نازک ہے ۔وہ بچوں کے ccu میں داخل تھا۔گھر میں کوئی اور نہیں تھا اس لیے ابو نے پرائیویٹ وارڈ بک کروا کے امی اور زویا کو بھی وہیں بلا لیا تھا ۔وہ سب دیکھ رہی تھی۔
اچانک ذہن میں بجلی سی چمکی ۔زویا کو چوتھے درجے کی کتاب میں پڑھی کہانی یاد آئی ۔جب ہمایوں بیمار پڑا تھا تو بابر نے کیا کیا تھا ۔
وہ دھیرے سے اٹھی ۔چاروں طرف سناٹا تھا ۔ccu کا دروازہ کھول کر اندر داخل ہوئی ۔ ڈیوٹی نرس کاونٹر پر سر رکھے سو رہی تھی ۔باقی بچے اور مددگار بھی نیند میں تھے ۔ابو بھی سوگیے تھے ۔زمن بے سدھ پڑا تھا ۔ تھوڑی دیر میں زویا وارڈ سے باہر نکل آئی ۔اس کی آنکھوں میں آنسو ،لبوں پر دعا اور چہرے پر سکون تھا۔
صبح امی جاگیں تو دیکھا زویا بخار میں تپ رہی تھی، چہرے پر سوجن تھی ،نیم بیہوش تھی۔ امی گھبرا کر ننگے پاؤں بھاگیں ۔راستے میں ابو مل گئے ۔مسکراتے ہوئے
’’مبارک ہو ۔ابھی ڈاکٹر آیے تھے ۔زمن اب خطرے سے باہر ہے ۔دوائیں اثر کر رہی ہیں ۔‘‘
✍️✍️✍️

Post a Comment

0 Comments