Ticker

6/recent/ticker-posts

اخلاص (افسانچہ ) ✒️ ڈاکٹر انیس رشید خان

🔟
اخلاص
افسانہ نِگار ✒️ ڈاکٹر انیس رشید خان
ایونٹ نمبر 54 💁🏻‍♀️💁🏻‍♂️ شریکِ حیات
کُل ہِند افسانہ نگار فورم
کی پیشکش
افسانچہ نمبر 10
اس رات وکرم کی شادی کی سالگرہ کی پارٹی تھی۔ سبھی دوستوں کو معلوم تھا کہ ستیش کسی بھی قسم کا نشہ وغیرہ نہیں کرتا ہے، اس کے باوجود کسی دوست نے شرارت سے کولڈ ڈرنکس میں اسے کوئی نشہ آور شئے پلادی۔ جب وہ گھر آیا تو اچھا خاصہ مدہوش ہوچکا تھا۔
بیوی نے اسے سنبھالا اور بیڈ روم تک لے گئی۔
اگلی صبح جب ستیش بیدار ہوا تو اسے کل رات والی تمام حرکتیں یاد آئیں۔ وہ جانتا تھا کہ آج اس کی خیر نہیں۔ کمرے سے باہر نکل کر دیکھا تو سرلا کچن میں ناشتہ بنا رہی تھی۔ وہ فریش ہوکر ڈائننگ ٹیبل پر آیا اور انتظار کرنے لگا کہ اب سرلا ناشتہ بھی لائے گی اور باتیں بھی سنائے گی۔ سرلا ناشتہ لے کر آئی۔ لیکن اس کا چہرہ پر سکون تھا۔
"سرلا! کل رات کے لئے سوری۔۔۔ وہ دوستوں نے۔۔۔" اس نے دھیمی آواز میں کہنا شروع کیا لیکن سرلا کو مسکراتا دیکھ وہ حیران رہ گیا۔
"تم ناراض نہیں ہو ۔۔۔۔ ؟۔۔۔" اس نے حیرت سے پوچھا۔
"تم نے نشہ کیا، اس بات کے لئے ناراض تو بہت ہوں، لیکن ایک بات کی وجہ سے خوش بھی بہت ہوں۔۔۔" سرلا نے مسکراتے ہوئے کہا۔
"کون سی بات؟۔۔۔ " ستیش نے حیرت سے پوچھا۔
"کل رات جب میں تمہیں سہارا دے کر بیڈ روم میں لے گئی اور بستر پر لٹانے لگی تو تم نے مدہوشی کی حالت میں مجھے کہا۔۔۔'میڈم جی۔۔۔ مجھے مت چھوئیے۔۔۔۔میں شادی شدہ ہوں۔۔۔'"
✍️✍️✍️

Post a Comment

0 Comments