1️⃣4️⃣
ذائقہ
افسانہ نِگار ✒️ شیریں دلوی
ایونٹ نمبر 54💁🏻♂️💁🏻♀️ شریکِ حیات
کُل ہِند افسانہ نگار فورم
کی پیشکش
افسانچہ نمبر 14
"یہ بے مزہ اور پھیکا کھانا میں نہیں کھا سکتا۔" منہ میں لقمہ رکھتے ہی سمیر جھلایا۔"نہیں، پھیکا نہیں ہے، آپ کو چٹخارے دار کھانا پسند ہے، ویسا ہی بنایا ہے، چٹپٹا، مزے دار۔ دیکھیے، میں بھی کھا رہی ہوں۔"
ٹھیک ہے، نمک دانی دو، سیاہ مرچ کا پاوڈر بھی۔"
سیما نے نمک ، مرچ کا پاوڈر سالن میں اوپر سے چھڑک دیا۔
دو لقمے کھا کر سمیر پھر جھنجھلایا۔ "اونہہ، بے مزہ۔"
سیما نے سمجھایا۔ " کبھی کبھی دواؤں سے منہ کا مزہ خراب ہو جاتا ہے اور ذائقہ محسوس نہیں ہوتا۔"
دو بارہ نمک مرچ چھڑک کر دونوں نے کھانا شروع کر دیا۔
کھانے کے بعد سیما نے میز سے برتن سمیٹے اور باورچی خانے میں رکھ دیے۔
جب سے سمیر کو ہائی بلڈ پریشر کی شکایت ہوئی تھی، سیما پرہیزی کھانا بنا رہی تھی اور نمک مرچ کی ڈبیہ میں بے مزہ بے ضرر سفوف رکھنے لگی تھی۔
✍️✍️✍️
0 Comments