Ticker

6/recent/ticker-posts

قربانی کا خون (افسانچہ ) ✒️ ڈاکٹر محمد رفیق اے ایس

7️⃣
قربانی کا خون
افسانہ نِگار ✒️ ڈاکٹر محمد رفیق اے ایس
ایونٹ 53 🕋 عید الاضحی اسپیشل
کل ہند افسانہ نِگار فورم
کی پیشکش
افسانچہ نمبر 7

سیٹھ رمضان کا اکلوتا ١٢ سالہ بیٹا عدنان اسکول واپسی پر بھیڑ کا حصہ بن گیا۔ دراز قد،فربہ ،لمبے کانوں والا بکرا پکڑا ایک شخص بڑے فخر سے بتا رہا تھا،
”یہ دیکھو اللہ کا کرشمہ ،بکرے پر اللہ لکھا ہے...“
تمام لوگ حیرت اور عقیدت سے بکرے کو دیکھ رہے تھے۔کسی نے ہمت کرکے پوچھ لیا،
”بھائی کیا قیمت رکھی ہے۔“
"جی ڈیڑھ لاکھ روپے..."
ابا کے گھر آتے ہی عدنان نے گھیر لیا۔تمام تفصیلات بتائیں۔ سیٹھ رمضان لاڈلے بیٹے کی خاطر قربانی دینے کے لئے راضی ہو گئے اور بکرا خرید لیا۔
آج قربانی کا دن تھا۔ گھر اور پڑوس کے افراد سب جمع تھے۔ بکرے کو قبلہ رخ لیٹا کر پاؤں باندھ دیے۔ عدنان نے بکرے کے سر کو سیدھا کر کے گردن پکڑ لی۔ رمضان سیٹھ نے بسم اللہ پڑھ کر گردن پر چھری پھیر دی۔ خون کا فوارا پھوٹ پڑا۔ تب ہی عدنان نے زور کی چیخ ماری۔
" کیا ہوا میرے بیٹے۔۔۔"
" ابا میری انگلی پر چھری چل گئی...."
ایک ہنگامہ کھڑا ہو گیا ۔ رمضان سیٹھ بیٹے کا خون دیکھ کر چکرا گئے۔ ہر کوئی تدبیر کرنے لگا۔ ماں بے ہوش ہو گئیں۔ کسی نے فوراً انگلی سے بہتے ہوئے خون کو کپڑے سے لپیٹ دیا۔ عدنان کا برا حال تھا۔ ہر کوئی عدنان کی فکر کر رہا تھا۔
کنارے کھڑا قصائی سارا منظر دیکھ رہا تھا۔ کبھی بکرے کو... کبھی عدنان کو...
زیر لب بڑبڑایا،”آخر ان لوگوں نے قربانی کس کی دی ہے...“
✍️✍️✍️

Post a Comment

0 Comments