افسانہ نگار
ایونٹ نمبر 51
موضوع…
"فادرس ڈے"
Father's Day
وقت
(افسانچہ)
✒️ڈاکٹر شیخ طاہرہ عبدالشکور
وہ ملک کے نامور تاجروں میں سے ایک تھا۔ اس کی مصروفیات نے اسے گھڑی کی رفتار سے باندھ رکھا تھا۔ صبح روز معمول کی طرح وہ اپنے والد کی دعائیں لینے ان کے پاس آیا تو انھوں نے معمول کی طرح ہاتھ پکڑ کر کہا،
"بیٹا دو گھڑی میرے پاس تو بیٹھ جاو"
مگر وہ ہمیشہ کی طرح "پھر کبھی ابا جان آج بہت اہم میٹنگ ہے۔۔۔" کہہ کر چلا گیا۔
آفس آکر پتہ چلا مہتا صاحب کی والدہ کے انتقال کی وجہ سے اہم میٹنگ منسوخ کردی گئی۔ موقع کو غنیمت جان اس نے اپنے اہم کام نپٹا دیے۔
آج اس کی وجہ سے اہم میٹنگ منسوخ ہوگئی تھی۔ مہتا صاحب اس کو تسلی دے رہے تھے۔
وہ خاموش تماشائی بنا لوگوں سے تعزیت وصول کررہا تھا۔ کون آرہا ہے کون جارہا ہے اس کو کچھ خبر نہ تھی۔آج وہ دن بھر ابا جی کے سامنے بیٹھا ان کی خواہش پوری کر رہا تھا مگر آج محبت سے تکنے والی آنکھیں ہمیشہ کے لئے بند ہوچکی تھیں اور دعا دینے والے لب خاموش تھے۔
0 Comments