Ticker

6/recent/ticker-posts

ناک آؤٹ (افسانچہ ) ✒️ انور مِرزا

ایونٹ نمبر 51
👨‍👦 فادرس ڈے
کل ھند افسانہ نگار فورم
کی پیشکش
افسانچہ نمبر 8
ناک آؤٹ
✒️ انور مِرزا

’’ہمیں ھر حال میں یہ میچ جیتنا ہے...مطلب ہارنا ہے...یہ نُورا کُشتی ھے...تم سمجھ رہے ہو؟‘‘
’’یس ڈیڈی!‘‘
میَں نے جذباتی انداز میں باکسنگ گلوز والا ہاتھ باپ کے کندھے پر رکھ کر اُن کی پیشانی سے اپنی پیشانی ٹچ کی...
’’آئی نو...! گرینڈ فادر کی زندگی میری چیمپئن شِپ سے زیادہ قیمتی ہے...‘‘
’’تھینکس...بیسٹ آف لک...!‘‘
باپ نے نمناک، مشکور نگاہوں سے باکسنگ رِنگ کی طرف بڑھنے کا اشارہ کیا...اُن کی آنکھوں کی نمی مجھے اپنی ہتیلی پر محسوس ہوئی... اور چیمپئن شِپ بیلٹ ہاتھ سے پھِسلنے لگا...
اپنے ظالم اور جارحانہ برتاؤ... نیز شیطانی حرکتوں کے سبب ... مجھے چیلنج کرنے والا کھلاڑی، باکسنگ کی دنیا میں ’’لُوسیفر‘‘ کے نام سے مشہور تھا...
باکسنگ رِنگ میں ریفری نے چیمپئن شِپ بیلٹ اونچا کرکے سب کو دکھایا...فرسٹ راؤنڈ کی بیل بجی...میچ شروع ہوتے ہی لُوسیفر تابڑتوڑ جارحانہ حملوں کے ساتھ ساتھ حقارت آمیز طنزیہ جملوں سے مجھے زیر کرنے کی کوشش کرنے لگا...
مجھے تو بہرحال یہ میچ ہارنا ہی تھا...نمائشی ڈیفینس کے ساتھ میَں خوب مار کھاتا رہا... سیکنڈ راؤنڈ میں لُوسیفر کے ایک غیر متوقع پنچ نے مجھے تقریباً ناک آؤٹ ہی کردیا تھا... مگرتبھی بیل بج گئی...رِنگ کے باہر کھڑے باپ نے دوڑ کر مجھے سہارا دیا...پانی پِلایا...
لُوسیفر پر شیطان سوار تھا...وہ باپ کی طرف مُڑ کر غُرّایا...’’تو یہ ہے نالائق باپ کا نالائق بیٹا...ہاں...؟ آ ج تو یہ گیا...! تمہیں اپنے باپ کو بچانے کیلئے پیسہ چاھیئے...ہے نا...؟ تو باپ کو بچا لو...بیٹے کو جانے دو... یو بلڈی فُول...!‘‘
باپ کی اس بے عزّتی پر میری آنکھوں سے جیسے چنگاریاں نکلنے لگیں... میَں نے اپنےبے بس باپ کو دیکھا... باپ نے مجھے دیکھا... اور ’’ہاں‘‘ کا اشارہ کیا...
تھرڈ راؤنڈ کی بیل بجی...اور میرے پہلے ہی پنچ سے لُوسیفر ناک آؤٹ ہو چکا تھا...! اسٹیڈیم خوشی کے نعروں سے گونج اُٹھا...
باپ نے مجھے کندھے پر اُٹھا لیا...
لُوسیفر کی بیوی اُسے سہارا دے کر باہر لے جانے لگی...
’’یہ کیسے ہو گیا لُوسیفر...میچ تو تمہیں جیتنا تھا...؟‘‘
لُوسیفر خون بہتے ہونٹوں سے مسکرایا...
’’دراصل میَں دو باپ اور دو بیٹوں کے جذبات سے ہار گیا... میرا کوئی بیٹا نہیں تو کیا ہوا...؟ سینے میں ایک باپ کادِل تو ہے...!‘‘

Post a Comment

0 Comments