ادب میں بھی نئے مضامین اور نئی نظمیں ہوں تو وہ زیادہ دلچسپی سے پڑھے جاتے ہیں۔
دوستو ! بچوں کے ادب کو لے کراردو دنیا کےادب دوست اس بات کے لیے فکر مند تھے کہ وقت کے تقاضوں کے پیش نظراردو ادب ہمارے آس پاس کی زبانوں کے ادب سے پیچھے رہ گیا ہے۔ اس لیے کہ اس کے مضامین عصری ( وقت کے) تقاضوں کے رنگ میں رنگے ہوئےنہیں ہوتے ہیں۔
الحمدللہ! ہمیں اس بات کا پورا احساس ہے کہ 21 ویں صدی میں آپ کا ادب کیسا ہو۔ لہٰذا آپ کی ذہنی و فکری تربیت اور اپنے وقت کے تقاضوں کو نگاہ میں رکھتے ہوئے ہم نے ادب تخلیق کیا ہے۔
اس ضمن مین 2020 ءمیں آپ کے لیے کہانیوں کی نئی کتاب ”ممتا کی ڈور “ کے عنوان سے شائع کی۔ نیز ماحولیاتی آلودگی، جس نے دنیا کی ناک میں دم کر رکھا ہے اس ماحولیاتی آلودگی کے نئے نئے موضوعات پر گزشتہ دہائی میں ہماری چھ کتابیں منظرِ عام پر آئیں۔ ان نئے موضوعات پر ہماری دو کتابین قومی کونسل برائے فروغ زبان اردو ، نئی دہلی نے شائع کی ہیں اس کے لیے ہم کونسل کے مشکور ہیں۔
اس مرتبہ آج کے مضامین کو لے کر ”آج کا بچپن، آج کی نظمیں“ اس نام سے ہم اپنی نئی کتاب شائع کر رہے ہیں۔ ہم نے اپنی ان نظموں میں زبان و بیان کی مصری گھول کر پیش کرنے کی کوشش کی ہے۔ تاکہ آپ اپنے پسندیدہ چاکلیٹ کی طرح ان نظموں کا آج بھی بار بار مزہ لیں اور کل بھی یہ نظمیں آپ کو یاد رہیں۔ گلوبل وارمنگ اور کورونا جیسے تلخ موضوعات میں بھی ہم نے زبان و بیان کی جومٹھاس گھولی ہے وہ آپ کا من موہ لے گی۔
پیارے بچو ، ادب ہماری زندگی کا آئینہ ہے۔ اس لیے وقت ہماری زندگی کے خاکے میں جو جو رنگ بھرتا ہے ان رنگوں کی جھلک ہمیں اپنے وقت کے ادب میں دکھائی دے۔ تبھی ہم کہہ سکیں گے کہ ہمارا ادب وقت کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چل رہا ہے۔ اگر ایسا نہ ہوا تو وقت ہمیں چھوڑ کر آگے نکل جائے گا۔
ہم آپ کا زیادہ وقت نہ لے کر یہ چاہیں گی کہ آپ ہما رے اس کتاب نما ایوان ادب میں داخل ہو کر چاکلیٹ اور لالی پاپ جیسی نظموں کا لطف لیں۔ نیز یہ کہ نہ صرف لطف لے کر رہ جائیں بلکہ آج کی ان نظموں کے فلیور آپ کو کیسے لگے ، خط کے ذریعے یا نیچے دستیاب ہمارے واٹس ایپ نمبر کے ذریعے ہمیں ضرور معلوم کریں۔
ان دو ذرائع سے اظہار خیال آپ کی ذہنی اور فکری تربیت میں مددگار ثابت ہوگا۔ اور آپ کی رائے جان کر ہمیں دلی مسرت ہوگی۔
متین اچل پوری
اچل پور ، 28 نومبر 2021
موبائل فون ( واٹس ایپ) نمبر
9503199586
0 Comments