Ticker

6/recent/ticker-posts

معذرت (افسانچہ) ✒️ نعیمہ جعفری

1️⃣
معذرت
افسانہ نِگار ✒️ نعیمہ جعفری
ایونٹ 53 🕋 عید الاضحی اسپیشل
کل ہند افسانہ نِگار فورم
کی پیشکش
افسانچہ نمبر 1

قربانی کا گوشت گھر میں آچکا تھا ۔بیٹے حصہ بٹوانے اور بہو بیٹی کل وقتی ملازمہ کے ساتھ پکوانے میں مصروف تھیں۔ سنبل آرام کرسی پر بیٹھی مسکراتے مسکراتے چالیس سال پہلے کی ایک بقرعید کی یاد میں کھو گئیں۔
عبداللہ ایک ملٹی نیشنل تعمیراتی کمپنی میں انجینر تھے۔ دہلی تبادلہ ہوا۔ سنبل ڈیڑھ سالہ اعیان کو گود میں ،چھ ماہ کے حمل کو کوکھ میں اور نئے خواب آنکھوں میں لیے دہلی آگیں۔ ایک نئی بسی ہوئی بستی میں مکان ملا جس کے ایک حصے میں کانپور کا بھرا پرا خاندان آباد تھا۔ ابھی گرہستی پوری بسی بھی نہ تھی۔ ٹیلیفون ،گیس کا کنیکشن نہیں ملا تھا۔ ایک جز وقتی ملازمہ کا انتظام ہو پایا تھا کہ عبداللہ کا تبادلہ بھٹنڈا کردیا گیا اس دھمکی کے ساتھ کہ "فوراً جواین کرو ورنہ سسپینڈ کردیے جاوگے"۔ خالصتان کی تحریک زوروں پرتھی۔ روز غیر پنجابیوں کو گولیوں سے بھونا جارہا تھا۔ کوئی ہندو انجینر وہاں کی سایٹ پر جانے کے لیے تیار نہیں تھا۔ایسے میں مسلمان کو بلی کا بکرا بنایا گیا۔ بقرعید سے ایک ہفتہ پہلے انھیں جانا پڑا۔
پردہ دار سنبل گھر میں اکیلی تھیں۔ ملازمہ بھی عید سے ایک دن پہلے گاؤں چلی گئی۔ شام کو پڑوسن لڑکی آئی۔"بھائی صاحب کا فون آیا تھا وہ نہیں آئیں گے۔ہم سے بولا ہے آپ کے دو بکرے کل صبح قصاب لائے گا۔ہم قربانی کرواکے گوشت بٹوا دیں اور آپ کا حصہ آپ کو دیدیں ۔"
سنبل ملیریا میں گرفتار بخار میں تب رہی تھیں۔ درخواست کی،"میرا حصہ اپنی فرج میں رکھ لینا اور تھوڑا سا کھانا بچے کے لئے دےجانا "۔
بقرعید کے دن پڑوس میں تقریب کا ماحول تھا۔ دیگیں چڑھی ہوئی تھیں ،قورمہ بریانی مہک رہے تھے ۔مہمانوں کی ریل پیل تھی ۔سنبل دن بھر انتظار کرتی رہیں۔ رات کو اعیان کو دودھ میں باسی روٹی بھکو کے کھلائی تو اس نے معصومیت سے پوچھا ،"مما بوٹی "۔ سنبل کی آنکھوں سے برسات ہونے لگی ۔
رات دس بجے پڑوسن لڑکی نے دروازہ کھٹکھٹایا ۔چھوٹی سی اسٹیل کی کٹوری میں دو بوٹی اور دیگچی کا دھوبن تھوڑا سا سالن۔
"سوری باجی مہمانوں میں ہم بھول گیے اور آپ کے حصے کا گوشت غلطی سے ماموں لے گئے۔سوری "۔
✍️✍️✍️

Post a Comment

0 Comments