چاند نظر آ گیا
ختم بے کلی ہوئی چین دل یہ پاگیا
چاند نظر آگیا چاند نظر آ گیا
تھیں نگاہیں منتظر آسماں پہ تھی نظر
دیکھتے اٹھا کے سر کبھی ادھر کبھی ادھر
بادلوں کی اوٹ سے اک جھلک دکھا گیا
چاند نظر آگیا چاند نظر آگیا
دیکھو شور مچ گیا دھوم ہے گلی گلی
حسرت و امید کی کھل گئی کلی کلی
باغِ دل مہک اٹھا پھول وہ کھلا گیا
چاند نظر آگیا چاند نظر آگیا
دور جستجو ہوئی کھلکھلا اٹھے ہیں سب
روشنی بکھر گئی جگمگا اٹھی ہے شب
ہر طرف تھیں ظلمتیں نور بن کے چھا گیا
چاند نظر آگیا چاند نظر آگیا
عید ہم منائیں گے عیدیاں بھی پائیں گے
جو بھی دل یہ چاہےگا لیں گے اور کھائیں گے
چاہتوں کی اک نوید ہم کو یہ سنا گیا
چاند نظر آگیا چاند نظر آگیا
شیر خورما سیویّاں مزے سے کھائیں گے
یار دوستوں کو بھی ساتھ ہم کھلائیں گے
میل جول کا ہمیں راستہ دکھا گیا
چاند نظر آگیا چاند نظر آ گیا
دوست و دشمن سبھی ساتھ اپنے آئیں گے
بھول کے شکوے گلے ہم گلے لگائیں گے
دور فاصلے ہوئے دل سے دل ملا گیا
چاند نظر آگیا چاند نظر آگیا
آج جو خوشی ملی خدا کرے سدا رہے
ختم ہوں یہ نفرتیں پیار کا ساگر بہے
پریت اور پیار کی رسم یہ نبھا گیا
چاند نظر آگیا چاند نظر آگیا
0 Comments