Ticker

6/recent/ticker-posts

حمد ِ باری تعالیٰ ✍️ریاض انور بلڈانوی

حمد ِ باری تعالیٰ

رنگ اشجار کو قدرت سے ہرا دیتا ہے
فرش دھرتی پہ وہ سبزے کا بچھا دیتا ہے

شام ہو شمس کی قندیل بجھا دیتا ہے
ماہ کو شب میں گھٹاتا ہے بڑھا دیتا ہے

شب کے ماتھے پہ سجا تا ہے قمر کا جھومر
آسماں کو وہ ستاروں کی رِدا دیتا ہے

لشکر ِ ابر فلک پر وہ اتارے ہر دن
شام ہو گوٹ شفق کی وہ لگا دیتا ہے

آبشاروں کو پہاڑوں سے گراتا ہے وہی
وہ کہ دریا کو سمندر سے ملا دیتا ہے

وہ ہے رزّاق ، عجب خوان ِ کرم ہے اسکا
آب مخلوق کو دیتا ہے ، غذا دیتا ہے

ایساحاکم ہےکہ محکوم ہےہرشے اس کی
لفظ ِ کُن سے وہ ہر اک چیز بنا دیتا ہے

وہ محاسب بھی ہے ، عادل بھی ہے یکتا انور
بخشتا بھی ہے خدا اور سزا دیتا ہے



ریاض انور بلڈانوی



Post a Comment

0 Comments