Ticker

6/recent/ticker-posts

کتابیں تیری ساتھی ہیں، کتابوں سے محبت کر!!! ✍️ حسنین عاقب

 کتابیں تیری ساتھی ہیں، کتابوں سے محبت کر!!! 

(23 اپریل یوم کتاب کے موقع پر ایک نظم )

✍️حسنین عاقب


کتابیں تیری ساتھی ہیں، کتابوں سے محبت کر

کتابوں سے گلے مل اور دل سے ان کی چاہت کر

کتابیں ذہن و دل کے سارے پردے کھول دیتی ہیں

کبھی جو کہہ نہیں سکتے کتابیں بول دیتی ہیں

ترے دل پر ہے، تو چاہے تو تقلیدِ روایت کر

کتابیں تیری ساتھی ہیں، کتابوں سے محبت کر


اندھیرے میں اجالے کی کوئی تنویر ہو جیسے

کتابوں کا ورق ہر اک کوئی تصویر ہو جیسے

کہ جس پر لفظ تتلی کی طرح زندہ ہوں، تابندہ

کہ جس کے سامنے اچھے سے اچھا گل ہو شرمندہ

محبت کا صحیفہ ہیں، صحیفوں کی تلاوت کر

کتابیں تیری ساتھی ہیں، کتابوں سے محبت کر


بظاہر تو یہ کاغذ ہیں مگر ہے زندگی ان میں

کہ سانسیں لیتا ہے عالِم کوئی اور فلسفی ان میں

کتابوں کے یہ جو الفاظ ہیں ان سب سے رشتہ رکھ

کتابوں کے لئے دل میں مقدس ایک جذبہ رکھ

خیال و خواب میں مت کھو، انھیں اب تو حقیقت کر

کتابیں تیری ساتھی ہیں، کتابوں سے محبت کر


کتابیں باغ ہیں ایسا کہ جس میں پھول کھلتے ہیں

یہ ایسی سیپ ہیں جن میں گہر تابندہ ملتے ہیں

انہیں پڑھ، یہ نگاہوں کو بصیرت بخش دیتی ہیں

دلِ مشتاق کو لاثانی طاقت بخش دیتی ہیں

کتابیں پڑھ، کتابیں پڑھ کے دنیا کی قیادت کر

کتابیں تیری ساتھی ہیں کتابوں سے محبت کر


نگاہیں ان کتابوں کی تجھے تکتی ہیں حسرت سے

یہ تیری منتظر ہیں شیلف میں ایک لمبی مدت سے

انہیں چھیڑے تو یہ نغمے خوشی کے گنگنا اٹّھیں

اگر تو ان کی جانب دیکھے تو یہ کھلکھلا اٹّھیں

انہیں تو گدگدا، شوخی کر ان سے، تو شرارت کر

کتابیں تیری ساتھی ہیں، کتابوں سے محبت کر

Post a Comment

1 Comments

  1. کتاب کی اہمیت و افادیت پر عمدہ مثالی نظم

    ReplyDelete