1️⃣7️⃣
اصلی روزہ
افسانہ نِگار ✒️ نصرت شمسی
ایونٹ نمبر 49 📿 مرحبا رمضان
کُل ہِند افسانہ نگار فورم
کی پیشکش
افسانچہ نمبر 17
ارے جلدی جلدی اٹھو سحری کا وقت ختم ہونے میں 10 منٹ رہ گئے ہیں۔
ممی جلدی جلدی گھبرا گھبرا کر سب کو ہلاتی ہوئی باورچی خانے کی طرف دوڑیں اور جلدی سے گیس جلا کر ایک طرف توا رکھا اور دوسری طرف سالن گرم ہونے کو۔۔۔امی کی گھبرائی ہوئی آواز پر سب نے جلدی جلدی بستر چھوڑ دئے اور
,, دیر سے کیوں اٹھیں ؟۔کیسے رکھیں گے روزہ,, کی بڑ بڑاھٹ کے ساتھ کلی کرکے
امی کے پاس آگئے ۔اتنی دیر امی دو روٹیاں پکا چکی تھیں اور مجھے جلدی سے پلیٹیں لگانے کو کہا اور دوڑ کر گرم سالن سب کے اگے رکھ دیا۔
ابو دادی چاچا اور بھیا سب تیز تیز ہاتھ چلا کر کھانے لگے۔امی کے روٹی پکاتے ہاتھوں میں مزید تیزی آگئی تھی۔انھوں نے ایک پراٹھے پر سبزی کا رول بنا کر مجھے دیا کہ چلتے پھرتے کھا لو۔۔اور سب کو دودھ بھی دے دو۔۔۔
,,دیر ہو کیوں گئی۔؟۔کیا گھوڑے بیچ کر سو گئی تھیں۔؟,,
دادی نے غضب ناک آواز میں امی سے کہا اور جلدی جلدی کھانے لگیں۔۔ابو بھی برابر غصہ کر رہے تھے کہ پچھلے سال بھی ایک سحری ایسی ہی ہوئی تھی۔تمہیں خیال ہی نہیں کہ دن بھر گھر سے باہر رہنا وہ بھی روزے میں کتنا مشکل ہوتا ہے۔؟,,
امی شرمندہ سی اپنی صفائی دئے جا رہی تھیں کہ رات دعوت کے کام سمیٹتے ایک بج گیا ۔بس پتہ ہی نہیں چلا اور نیند گہری ہو گئ.
آنکھ نہیں کھلی۔۔
چلو سب جلدی جلدی کھاو۔۔
,,امی آپ کب کھائیں گی؟۔,,
میں نے امی کی طرف دیکھا۔
ہاں ہاں کھا لوں گی۔تم۔بھائی کو پانی دو اور دودھ پی لو۔۔
,,کیا کھاوں کیا چھوڑوں۔ابھی دوا بھی کھانی ہے۔,,
دادی پھر بڑ بڑائیں اور امی کے چہرے پر ندامت اور بڑھ گئی۔۔سب کھا کر جا چکے تھے اور اب امی اپنی پلیٹ میں سالن نکال ہی رہیں تھی کہ سائرن کی آواز آگئی۔۔اور ان کا ہاتھ وہیں رک گیا۔انھوں نے جلدی سے ایک گلاس پانی نکال کر پیا اور دعا پڑھ کر اٹھ گئیں۔۔گھر والے ابھی تک غصہ کر رہے تھے۔کسی کی۔ چائے رہ گئی تھی تو کسی کی دوا۔۔کسی نے۔ ایک بار بھی امی سے نہ پوچھا کہ تم نے بھی کچھ کھایا۔؟
مجھے یہ سب دیکھ کر اتنا غصہ آرہا تھا کہ جی کرتا تھا سب کو سنادوں مگر امی کی تنبیہی نگاہیں مجھے روکے ہوئے تھیں۔کیا سب کو اٹھانے اور کھلانے کا ٹھیکہ اللہ نے امی کو دیا ہوا تھا؟۔سب کھا پی کر بھی نا خوش تھے اور امی بھوکی پیاسی روزے کی نیت کرکے اپنی چگہ ابھی تک شرمندہ تھیں کہ ان کی وجہ سے پورے گھر کا روزہ خراب ہو گیا اور میں سوچ رہی تھی کہ آج گھر میں اصلی روزہ دار کون ہے؟
✍️✍️✍️
1 Comments
Boht umda
ReplyDelete