Ticker

6/recent/ticker-posts

نعتِ رسولِ مقبول \ غضنفر

 


نعتِ رسولِ مقبول

یہ کیسا نام ہے جس سے سدا رحمت نکلتی ہے

تصور سے فقط جس کے سکوں صورت نکلتی ہے

زمانہ آج تک حیرت زدہ ہے اس حقیقت پر

کہ اک امّی کے اک اک لفظ سے حکمت نکلتی ہے

نبی ایسا کہاں کوئی کہ جس کے اک اشارے پر

عذابوں کے تلاطم سے کوئی امّت نکلتی ہے

کسی نعمت کی خواہش پھر کبھی ہوتی نہیں صاحب

محمّد کے وظیفے سے عجب لذّت نکلتی ہے

عجب دل ہے کہ جس نے سنگ پھینکا ہے محمد پر

زباں سے اس کی خاطر بھی فقط الفت نکلتی ہے

 نبی چاہیں تو دربارِ خدا میں قیمتی کر دیں

وگرنہ ہم سیہ کاروں کی کیا قیمت نکلتی ہے

محمد مصطفےٰ کا دل ہی وہ دل ہے کہ جس دل سے

سبھی کے واسطے شدّت بھری چاہت نکلتی ہے

رسولِ پاک کی جب زندگی پر غور کرتے ہیں

تو اک اک گام پر ہر کام سے حیرت نکلتی ہے

 چلو ہم بھی چلیں یثرب نگر میں اک ذرا دیکھیں

سنا ہے ہر کسی کی اس جگہ قسمت نکلتی ہے


Post a Comment

0 Comments