Ticker

6/recent/ticker-posts

سیکیورٹی | جاوید نہال حشمی

سیکیورٹی
جاوید نہال حشمی

شہر کے سب سے بڑے شاپنگ مال کے مین گیٹ پر تعینات لیڈی سیکیورٹی افسر نے اس نوجوان اور خوبصورت عورت کو تاک لیا تھا جو بیرونی سیڑھیاں چڑھتے دیگر ویزیٹرس کے درمیان واحد فرد تھی جس نے اپنا فیس ماسک سرکا کر ٹھوڑی کے نیچے کر لیا تھا۔
یہ قوم نہیں سدھرے گی ...
اس نے سر پر سیاہ اسکارف والی اس عورت کو دیکھتے ہوئے نفرت سے منہ سکوڑا۔ معاً اسے لگا جیسے اسے پہلے بھی کہیں دیکھا ہو مگر یاد نہ کر سکی کہاں۔
اس نے داخلہ دروازے کے قریب اسے روک دیا، اور اس کی سوالیہ نظروں کے جواب میں ایک جانب اشارہ کیا جہاں لکھا تھا: ”بغیر ماسک داخلہ ممنوع“۔
نوجوان عورت نے نوٹس پڑھنے کے بعد مڑ کر لیڈی افسر کے بائیں کندھے پر لگےنام کے بیج کو غور سے دیکھا اور ایک معنی خیز مسکراہٹ کے ساتھ فیس ماسک ناک تک چڑھاتے ہوئے اندر داخل ہو گئی۔
لیڈی افسر نے اچانک محسوس کیا اس کی مسکراہٹ استہزائیہ قہقہے میں تبدیل ہو گئی ہو کیوں کہ ...
اسے یاد آ گیا تھا چھ مہینے قبل خود اسی نے انتظامیہ کی سخت ہدایت کے مطابق اسے چہرے سے بغیر حجاب ہٹائے اندر جانے نہیں دیا تھا!

Post a Comment

0 Comments