Ticker

6/recent/ticker-posts

اظہار تعزیت | از: محمد ایوب

اظہار تعزیت

بر وفا ت شکیل احمد ولد عبد اللطیف، ۱۹؍ جنوری۲۰۲۲ء
سابق صدر مدرس انجمن ہائی اسکول و جونیئر کالج صدر ناگپور


شکیل احمد ولد عبد اللطیف یکم جولائی ۱۹۵۹ء کو نیا بازار کامٹی کے ایک متوسط گھر انے میں پیدا ہوئے۔آپ کی ابتدائی تعلیم نگر پریشد اردو اسکول نیا بازارمیں ہوئی۔ ۱۹۷۶ء میں میٹرک(یازدہم) کی تعلیم ایم۔ ایم۔ربانی ہائر سیکنڈری اسکول کامٹی سے حاصل کی، ایس۔کے۔پوروال کالج کامٹی سے بارھویں کا امتحان پاس کیا اور ۱۹۸۰ء میں اسی کالج سے B.Sc.(Mathemetics) کی ڈگری، طلائی تمغے کے ساتھ حاصل کی۔۱۹۸۳ء میں ایم۔ ایس۔ سی کیمپس ناگپور یونیورسٹی سے پاس کرکے’’ ایم۔ ایس۔ سی‘‘ ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ ۱۹۸۳ء میں انجمن ہائی ا سکول اینڈ جونیئر کالج میں بحیثیت معلّم تقرری عمل میں آئی۔ ۱۹۸۷ء میں ناگپوریونیورسٹی سے بی۔ ایڈ کی ڈگری حاصل کی۔

اسکول کے زمانے سے ہی فٹبال کا شوق رہا۔اسکول اور کالج کی سطح پر بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا۔ ۱۹۹۸ء میں انجمن فٹبال ٹیم سے بحیثیت مینیجر ’’ سبرتومکھرجی فٹبال ٹورنامنٹ، نئی دہلی‘‘ میں شرکت کی۔ آپ نے کامٹی ناگپور کے سینکڑوں طلبا و طالبات کو ریاضی(Mathematics) کے اسرارو رموز سے آشنا کیا اور ان کی بہترین مستقبل کی جانب رہنمائی کی۔ آپ انتہائی سادہ مزاج، کم گو، صوم و صلوٰۃ کے پابند تھے۔ ۲۰۰۰ء میں وائس پرنسپل کے عہدے پر فائز ہوئے۔ ۲۰۰۶ء سے پرنسپل کے عہدے پر رہتے ہوئے یکم جولائی ۲۰۱۷ء کو سبکدوش ہوئے۔

۱۹؍ جنوری۲۰۲۲ء کو حرکت قلب بند ہونے کے سبب رات ڈیڑھ بجے اچانک انتقال کرگئے۔ صبح گیارہ بجے املی باغ میدان میں نماز جنازہ اور کامٹی مسلم قبرستان میں تدفین عمل میں آئی۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو لڑکیاں اور ایک لڑکا ہے۔ بڑی صاحبزادی ایم بی بی ایس ڈاکٹر اور دوسری صاحبزادی الیکٹرانک انجینئر ہے۔ صاحبزادے میکانیکل انجینئر ہیں۔ کامٹی اور ناگپور میں آپ ریاضی کے قابل استاد کے نام سے بے حد مقبول تھے۔ آپ کے آخری سفر میں لوگوں کاہجوم اس کی روشن دلیل ہے۔ہم ’’ودربھ جن کلیان منچ‘‘ کی جانب سے ان کی تعلیمی خدمات کے اعتراف میں ان کے سانحۂ ارتحال پراپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہیںاور دعاگو ہیں کہ اللہ ان کی مغفرت فرمائے اور ان کو کروٹ کروٹ جنت نصیب فرمائے اور اہل خانہ و متعلقین کو صبر جمیل عطا کرے۔ آمین

بروفات محمد اقبال انصاری ۲۸؍ جنوری۲۰۲۲ء


محمد اقبال انصاری ولد محمد ابراہیم ۲؍مارچ ۱۹۴۲ء کو نیا بازار کامٹی میں ایک جڑی بوٹی والے کاروباری گھرانے میں پیدا ہوئے آپ کی ابتدائی تعلیم پرائمری اسکول نیا بازار کامٹی میں ہوئی میٹرک کا امتحان ایم۔ایم۔ ربانی ہائی اسکول سے پاس کی۔ مارس کالج۔ناگپور سے بی۔ اے اور ایم۔اے کے امتحانات پاس کرنے کے بعد ناگ پور یونیورسٹی سے بی۔ایڈ کی ڈگری حاصل کر۲۲؍ جولائی ۱۹۷۱ء کو قمر ہائی اسکول مومن پورہ ناگپور سے بحیثیت معلم کے تقرری عمل میں آئی۔ آپ انگریزی کے لائق استاد تھے۔ آپ نے پیپر ویلوئیشن، Moderator اور بورڈ پیپر کی سیٹنگ کا کام بھی کیا۔ آپ کو اردو اور فارسی میں بھی مہارت حاصل تھی ۳۱؍مارچ ۲۰۰۰ء میں سبکدوش ہوئے اور درس و تدریس کے سلسلے کو قائم رکھتے ہوئے کامٹی کے طلباء کو فری انگریزی کوچنگ اور TET کے طلبا کوانگریزی پڑھانے کا کام کیا۔

تبلیغی جماعت کی تحریک سے منسلک رہتے ہوئے سماجی، ادبی، تعلیمی کاموں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے رہے۔ آپ منکسرالمزاج شخصیت کے مالک تھے۔ ۳۰؍ دسمبر ۲۰۱۷ء کو آپ کو’’ودربھ جن کلیان منچ‘‘ کا صدر منتخب کیا گیا۔ ان کی قیادت میں ’’ودربھ جن کلیان منچ‘‘نے بہت ہی کم عرصے میں کامٹی کے تعلیمی سماجی سیاسی ادبی کھیل کود کے شعبہ میں ہلچل پیدا کردی اور مسائل کو لے کرپوری صلاحیت اور قوت کے ساتھ آواز بلند کی۔ جس کا بیّن ثبوت یہ ہے کہ ۲۸؍ جنوری ۲۰۲۲ء کونگرپریشد کا مٹی کی جنرل کونسل کی میٹنگ میں’’ودربھ جن کلیان منچ‘‘ کے دو مسائل کو بھی بحث میں شامل کیا گیا۔ لیکن اسی دن بروز جمعہ علی الصبح۲۸؍ جنوری ۲۰۲۲ء کو محمد اقبال انصاری اچانک حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے انتقال کرگئے۔ انا للہ و انا الیہ راجعون۔نماز جنازہ صبح ۳۰۔۱۰ بجے املی باغ میدان میں اور تدفین مسلم قبرستان، کامٹی میں عمل میں آئی۔ ہم ’’ودربھ جن کلیان منچ‘‘ کی جانب سے ان کی تعلیمی خدمات کے اعتراف میں ان کے سانحۂ ارتحال پراپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہیںاور دعاگو ہیں کہ اللہ ان کی مغفرت فرمائے اور ان کو کروٹ کروٹ جنت نصیب فرمائے اور اہل خانہ و متعلقین کو صبر جمیل عطا کرے۔ آمین

بروفات رفعت شاہین بنت محمد ایوب ثانی ۲۱؍ جنوری ۲۰۲۲ء


رفعت شاہین بنت محمد ایوب ثانی یکم اپریل 1975کو وارث پورہ کامٹی میں ایک تعلیمی گھرانے میں پیدا ہوئیں۔ آپ کے والد محمد ایوب ثانی خود ایک قابل معلم تھے جنھوں نے بطریق احسن قدوائی ہائی اسکول ناگپور میں اپنی تعلیمی خدمات انجام دیں۔ آپ کی بڑی ہمشیرہ فرحت یاسمین جو M.A,B.Ed. ہیں، ملت ہائی اسکول شانتی نگر، ناگپور میں معلمہ ہیں۔ دوسری ہمشیرہ ثروت نسرین M.Sc Mathematics ہیں اور قمر ہائی اسکول مومن پورہ ناگپور میں معلمہ کے فرائض انجام دے رہی ہیں۔

رفعت شاہین اپنی والدہ ماجدہ کی سب سے چھوٹی صاحبزادی تھیں آپ نے دسویں کی تعلیم حجیانی خدیجہ بائی گرلس ہائی اسکول، کامٹی سے حاصل کی اور بعد میں بارہویں جماعت ایم۔ ایم۔ ربانی جونیئرکالج سے پاس کی۔ناگپور یونیورسٹی سے 1996 میں بی۔ اے، 1998 میں ایم۔اے انگلش، 2000 میں ایم۔ اے اردو، 2004 میں ایم۔اے جغرافیہ، 1999 میں بی۔ایڈ کی ڈگریاں حاصل کیں۔ 1999 میں آپ کا تقرر بحیثیت معلمہ انجمن انگلش ہائی اسکول صدر ناگپور میں ہوا۔ 2002 میں آپ ایم۔ایم۔ ربانی جونیئر کالج کامٹی میں بحیثیت جونیئر لیکچرار، جغرافیہ منتخب ہوئیں۔

1999 میں آپ کے والد محترم کا انتقال ہو گیا۔ گھر میں والدہ کی دیکھ بھال اورسب سے چھوٹی اولاد ہونے کے سبب آپ نے شادی نہیں کی۔ آپ اپنے والدہ کی خدمت میں لگی ہوئی تھیں کہ یکم جنوری 2022کی صبح کو اچانک حرکت قلب بند ہو جانے سے انتقال ہوگیا۔ نماز جنازہ بعد نماز جمعہ داروغہ مسجد میں اور تدفین مسلم قبرستان، کامٹی میں عمل میں آئی۔آپ کو خود نمائی سے نفرت تھی۔ رفعت شاہین فولادی عزم رکھتی تھیں۔ مرحومہ کو اللہ تعالی نے ذہانت، بصیرت، یکسوئی کے ساتھ عاجزی و انکساری کی بے پناہ نعمت سے نوازا تھا۔ہم ’’ودربھ جن کلیان منچ‘‘ کی جانب سے ان کی تعلیمی خدمات کے اعتراف میں ان کے سانحۂ ارتحال پراپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہیں اور دعاگو ہیں کہ اللہ ان کی مغفرت فرمائے اور ان کو کروٹ کروٹ جنت نصیب فرمائے اور اہل خانہ و متعلقین کو صبر جمیل عطا کرے۔ آمین

بروفات حسینہ نشاط۲۹؍جنوری ۲۰۲۲ء

سابق صدر معلمہ حجیانی خدیجہ بائی گرلز ہائی اسکول کامٹی


حسینہ نشاط بنت عبدالرحیم 2 مئی 1940ء کو مومن پورہ ناگپور کے ایک معزز اور نامور مسلم علمی گھرانے میں پیدا ہوئیں آپ کی ہمشیرہ مرحومہ ڈاکٹر زرینہ ثانی اردو ادب میں اور ڈاکٹر نجمہ صاحبہ نے طبی میدان میں بڑا نام کمایا۔ آپ کی ابتدائی تعلیم اردو پرائمری اسکول مومن پورہ ناگپور میں ہوئی۔ پانچویں سے گیارہویں جماعت کے لیے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول صدر ناگپور اور بی۔ اے اور ہسٹری سے ایم اے، ناگپور یونی ورسٹی سے مکمل کی۔ 2 جولائی 1962ء کو آپ کا تقرر بحیثیت معاون معلمہ حجیانی خدیجہ بائی گرلز ہائی اسکول کامٹی میں ہوا۔ 1965ء میں ہیڈ مسٹریس کے عہدہ پر فائز ہوئیں اور اسکول منتظمہ کے شانہ بشانہ اسکول کی ترقی کے لیے ہمیشہ کوشاں رہیں۔ آپ کی شادی ایک معزز ادبی شخصیت عبدالقادر مرحوم کے گھرانے میں ہوئی۔ آپ کے شوہر مرحوم مشتاق احمد(خلشؔ) قادری صاحب، خود بھی اردو کے ایک اچھے شاعر تھے۔ آپ کا تعلق آغاز سے ہی علم و ادب سے رہا ہے، اس لیے وہ طالبات کو اپنے تجربے اور علم و ادب کی روشنی میں زیور تعلیم سے آراستہ کرتی رہیں۔ 31مئی 2000ء کو بحیثیت صدر معلمہ سبکدوش ہوئیں آپ نے کل 34 سال صدر معلمہ کے عہدے پر اپنی خدمات انجام دیں۔

29 جنوری 2022ء کو آپ کا انتقال ہوا اور رات 11 بجے مسلم قبرستان کا مٹی میں تدفین ہوئی۔ ہم ’’ودربھ جن کلیان منچ‘‘ کی جانب سے ان کی تعلیمی خدمات کے اعتراف میں ان کے سانحۂ ارتحال پراپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہیںاور دعاگو ہیں کہ اللہ ان کی مغفرت فرمائے اور ان کو کروٹ کروٹ جنت نصیب فرمائے اور اہل خانہ و متعلقین کو صبر جمیل عطا کرے۔ آمین

از: محمد ایوب

کمال اختر سلام

منجانب : عہدیداران و اراکین،ودربھ جن کلیان منچ، کامٹی

٭٭٭

Post a Comment

0 Comments