Ticker

6/recent/ticker-posts

سعادت مند چوزے | رونق جمال


سعادت مند چوزے

رونق جمال

میرا پولٹری فارم ہے اس لیے چوزوں اور مرغیوں کا میرا روز کا سا تھ ہے۔آج بھی برائیلر کے چوزے ہیچری سے میرے فارم پر آئے۔ جون کی گرمی کے باوجود موسم خراب ہونے کی وجہ سے سرد ہوائیں چل رہی تھیں بادل گرج رہے تھے ہلکی ہلکی بارش ہو رہی تھی میرا فارم ایرٹائٹ ہے کیوں کہ سارے شیڈ اے سی ہیں جب بھی چوزے آتے ہیں بروڈینگ کے حساب سے انتظام کیا جاتا ہے اس لیے چوزوں کو سردی گرمی بارش کا کوئی احساس نہیں ہوتا ہے۔آج بھی چوزے آئے اور ان کو شیڈ میں چھوڑا گیا تو شیڈ کا ماحول 32 ڈگری سیٹ کردیا گیا تھا لیکن چوزے خاموش اور سہمے سہمے سے تھے۔میں نے چوزوں کو دیکھا تو وہ بھی مجھے تاک رہے تھے۔میں نے حیران ہو کر چوزوں سے پوچھا۔
"کیا بات ہے؟پریشان کیوں ہو؟"
"ہماری ماں کہاں ہے؟"
"تمھاری ماں! تمھاری ماں تو دوسرے پولٹری فارم کےپاس ہے جہاں سے تم لائے گئے ہو۔"
"ماں ہمارے ساتھ کیوں نہیں آئی؟"
"اس لیے کہ تم کو تمھاری ماں نے انڈے سینک کر جنم نہیں دیا ہے بلکہ تم آج کی سائنس کی ترقی کے کامیاب دور میں مشین کی ذریعہ نکالے گئے ہو۔تمھاری ماں نے انڈے دیئے، فارمر نے انڈوں کو مشین میں ڈالا، تمھاری ماں کے جسم کے مطابق مشین میں گرمی پیدا کی۔21دن انڈوں کو انکیوبیٹر میں رکھا جس کے ذریعہ آج صبح تمھارا جنم ہوااور میں نے تمھیں خرید لیا۔تم ٹرک کے ذریعے پنجروں میں بھرکر فارم پر لائے گئے یہاں میں تمھیں پالوں گا تمھاری دیکھ بھال کروں گا اچھا دانا پانی دوں گا۔ضرورت پڑی تو تمھیں دوا اور ویکسین بھی دوں گا اور ہر طرح سے تمھارا خیال بھی رکھوں گا!"
"پھر کیا کرو گے؟"
"تمھاری عمر 45 دن کی ہے جب تم ڈھائی تین کیلو کے ہو جاؤ گے تو میں تمھیں بیچ دوں گا۔"
"کسے بیچ دو گے؟"
"مرغیاں بیچنے والے کو۔۔۔!!"
"وہ کیا کرے گا؟"
"وہ تمھیں گاہکوں کو بیچ دے گا!"
"گاہک کیا کریں گے ہمیں خرید کر؟"
"وہ پہلے تمھیں حلال کریں گے پھر تمھارے گوشت کی بریانی، قورمہ، چکن چلی،چکن تکہ، تندوری چکن اور چکن کباب بنائیں گے!"
"وہ کیسے بنتے ہیں؟"
"ہوٹلوں میں خانساماں اور گھروں میں خواتین بناتی ہیں!"
"یعنی ہم تمام انسانوں کے کھانے کے کام آتے ہیں؟"
"ہاں!!"
"شاید اسی لیے ہماری ماں ساتھ نہیں آئی وہ ہمارا حشردیکھ نہیں پاتی آخر وہ ہماری ماں ہے۔۔۔!"
"چلو دانا کھاؤ پانی پیو اور جلدی سے بڑے ہوجاؤ اور تندرست رہو۔اللہ تعالیٰ نے تمھیں اتنی ہی عمر دی ہے اور انسانوں کے لیے تمھیں مرغوب غذا بنایا ہے!"
" اچھا اللہ کا حکم سر آنکھوں پر!!"
کہہ کر تمام چوزے دانا کھانے اور پانی پینے میں مشغول ہو گئے۔

Post a Comment

0 Comments