Ticker

6/recent/ticker-posts

اداریہ | دریا کی روانی | ریحان کوثر



رفتہ رفتہ دو سال سے زیادہ کا عرصہ گزر گیا مگر یہ کورونا وائرس وبا ہے کہ پیچھا ہی نہیں چھوڑ رہی۔ اس دوران ملکی اور ریاستی سطح پر مختلف قسم کے لاک ڈاؤن اور پابندیوں کا دور شروع ہے۔ کبھی اسکولوں کو کھولا کبھی بند کر دیا گیا۔ ساری دنیا کا تعلیمی نظام درہم برہم ہو گیا۔ امتحانات کی اہمیت و افادیت پر ضرب کاری کی گئی۔ نسلوں کی قسمت پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔ یہ درد و الم کا دور کب تک جاری رہے گا اس کا خاطر خواہ علم کسی کو نہیں! ہر لہر کے خاتمے کے بعد امید کی نئی کرن دکھائی دیتی ضرور ہے اور محسوس ہوتا ہے کہ شاید اب حالات قابو میں آجائیں گے لیکن پھر اگلی لہر دستک دے دیتی ہے۔ اب تو شدت سے محسوس ہو رہا ہے کہ شاید ہمیں کورونا کے ساتھ زندگی بسر کرنا سیکھنا ہی ہوگا، کیوں کہ زندگی رکنے یا ٹھہر جانے کا نام نہیں! زندگی تو دریا کی روانی کی طرح رواں دواں ہونی چاہیے۔
اس دوران ڈاک کے نظام میں خلل واقع ہونے کے سبب الفاظ ہند کی اشاعت میں بھی خلل واقع ہوا۔ اس دوران مختلف خصوصی نمبروں کے ساتھ ساتھ جیسے تیسے اشاعت جاری رہی۔ بہرحال! اب ادارے نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ دوبارہ ماہنامہ الفاظ ہند کو اسی طرز و طریقے پر شائع کیا جائے جیسا اس وبائی دور کے پہلے شائع کیا جاتا تھا۔ آپ کو یہ جان کر خوشی ہوگی کہ آپ کا پسندیدہ رسالہ الفاظ ہند اپنے نہج پر لوٹ رہا ہے۔ یعنی اس شمارے سے 75 فی صد صفحات ادبِ اطفال کے لیے اور پچیس فی صد صفحات ادبِ عالیہ کے لیے مخصوص کیا جائے گا۔ اس مرتبہ ادب اطفال کے گوشے میں واٹس ایپ گروپ سبق کے توسط سے ایک نیا سلسلہ شروع کیا جا رہا ہے جس کے تحت ایک ہی مصنف کی دو مختلف تخلیقی اصناف یعنی نثر و نظم شائع کی جائے گی۔ یعنی عصر حاضر کے معتبر اور معروف قلم کاروں کی دو تخلیقات بیک وقت اس کالم میں شائع کی جائے گی۔ اسی طرح ادب عالیہ میں ایک افسانہ، چند افسانچے اور چند غزلیات کے ساتھ ساتھ مختلف سرگرمیوں کو بھی جگہ دی جائے گی۔ اسی طرح ہمارے سرپرست ڈاکٹر محمد رفیق اے ایس صاحب کا سائنسی کالم جس میں روز مرہ زندگی میں استعمال ہونے والی اشیاء کو سائنسی پس منظر میں سمجھانے کی کوشش کی جاتی ہے، یہ کالم بھی دوبارہ شروع کیا جا رہا ہے۔
امید ہے کہ ہماری یہ کوشش کامیاب ہوگی اور الفاظ ہند کی زندگی بھی پٹری پر لوٹ آئے گی۔ فروری 2022ء کا شمارہ آپ کو کیسا لگا یہ ہمیں ای میل یا واٹس ایپ کے ذریعے ضرور بتائیں۔
٭٭٭
ماہنامہ الفاظ ہند
فروری 2022ء

Post a Comment

0 Comments