Ticker

6/recent/ticker-posts

ترقّی (افسانچہ) ✒️ ڈاکٹر نسرین رمضان سید

ترقّی
افسانہ نِگار ✒️ ڈاکٹر نسرین رمضان سید
ایونٹ نمبر 37 👽 ھارر/سائنس فِکشن
کُل ہِند افسانہ نگار فورم
کی پیشکش
افسانچہ نمبر 6
سائنس فِکشن

حال:
سائنسداں نمبر ۵۳۹ بہت خوش تھاـ اس نے چالیسویں منزل کے اپنے اپارٹمنٹ کی کھڑکی سے جھانک کر دیکھاـ نیلگوں آسماں پر سفید بادل مختلف اشکال بنا رہے تھےـ سورج اونچی اونچی عمارتوں کے درمیاں سے جھانک رہا تھاـ کار اور اسکوٹر بغیر شور کئے عمارتوں کے الگ الگ منزلوں پر مسافروں کو اُتار رہے تھےـ آرام اور سکون سے بھر پور زندگی ملک کے لوگ گذار رہے تھےـ اس کے ایجادکردہ مہلک ذرّہ ٹیکنالوجی کی مدد سے اس کے ملک نے دوسرے ممالک پر حملے کر انہیں جنگ میں مات دے کر ان کی جدید ایجادات حاصل کر لیں تھیں۔ اس لئے اسے کئی انعامات اوراعزازات سے نوازا گیا تھاـ 
کسی کو بتائے بغیر اس نے ٹائم مشین کی ایجاد کی تھی۔ آج اس نےمشین کو چیک کرنے کا سوچاـ وقت اور سن سیٹ کیا
ماضی:
اورپہنچ گیا اپنے اعزازی جلسے میں جہاں اسے تالیوں کی گڑگڑاہٹ کے درمیاں ملک کے سب سے اعلیٰ اعزاز سے نوازا جا رہا تھاـ جلسہ گاہ میں ۵۳۹ زندہ باد کا نعرہ گونج رہا تھاـ مبارک باد کا دل اور کانوں کو لطافت بخشنے والا شور تھاـ وہ مطمئن اور خوشی سے جھومتا ہوا آج میں لوٹ آیا۔
آج:
اس کے دل میں ۱۰ برس بعد والا اپنا ملک دیکھنے کی خواہش پیدا ہوئی۔ اس نے وقت اور سن سیٹ کیاـ 
مستقبل:
ہر طرف دھول اور کالا دھواں تھا سانس لینا محال تھاـ جگہ جگہ عمارتوں کے کھنڈروں میں ہڈیوں کے ڈھانچے بنے لوگوں کے جھنڈ پھٹے حال گھوم رہےتھےـ وہ بہت حیران تھا کہ یہ کیسے ہو سکتا ہے۔ اس نے ایک نوجوان سے پوچھا، "ہمارے ملک کا یہ حال کب اور کیوں ہوا؟" نوجوان نے عجیب سی نظروں اس کے سراپے کو دیکھا، کہا،" دس برس پہلے ہمارا ایک سائنسداں ۵۳۹ اچانک اپنے گھر سے غائب ہوگیا تھاـ شک تھا کہ اسے پڑوسی ملک نے اغوا کر لیا ہےـ جنگ چھڑ گئیـ ۵۳۹ کی ذرّہ ٹیکنالوجی کا استعمال بڑے پیمانے پر ہوا۔ اور ہم اس حال کو پہنچ گئے۔ "جھنڈ میں سےکوئی چلّایا، " مردہ باد، مردہ باد، ۵۳۹ مردہ باد ـ" سب نے اس کی آواز میں آواز ملائیـ ۵۳۹ کے سینے میں درد کی تیز لہر اُٹھی اور سینہ تھام کر ایک طرف لڑھک گیا۔
✍️✍️✍️

Post a Comment

0 Comments