Ticker

6/recent/ticker-posts

صرف آدھا (افسانچہ) ✒️ ابوذر (ممبئی)

صرف آدھا
افسانہ نِگار ✒️ ابوذر (ممبئی)
ایونٹ نمبر 37 🎃 ھارر/سائنس فِکشن
کُل ہِند افسانہ نگار فورم
کی پیشکش
افسانچہ نمبر 5
ھارر فِکشن
گاؤں کے میلے کے شو میں جادوگر نے میز پر لیٹی لڑکی کو بڑی آری سے کاٹ کے آدھا آدھا کر دیا۔ خون کے کچھ قطرے زمین پر گرے۔
لوگوں کے ذہنی دھچکے، اچنبھے والی خاموشی اور پھر تالیوں کے گونج کے درمیان اُس نے لڑکی کو واپس جوڑ دیا۔ اس درمیان کبڑا جوکر ایک ہاتھ میں سموسے کی چھوٹی رکابی اور دوسرے میں sauce کی بوتل لیے غلطی سے دائیں طرف سے داخل ہو گیا۔ سارے ناظرین نقلی خون کی حقیقت دیکھ کے ہنس پڑے۔
شو کے بعد لڑکی نے کہا، "اگر لوگوں کو تمہارے اصلی جادوگر ہونے کا پتہ چل جائے، مُجھے آدھا کاٹ کے واپس جوڑنا حقیقت ہے، اس بات کا پتہ چل جائے تو؟"
جادوگر کُچھ سوچنے لگا۔ پھر بولا، "میں اپنے جادو میں کُچھ باتیں ایسی چھوڑ دیتا ہوں جس سے لوگوں کو یقین ہو جائے کہ یہ جادو نہیں ہاتھ کی صفائی ہے۔ اور یہ بات ہماری قبیل کا ہر جادوگر کرتا ہے۔ اس دنیا میں منطق والے، سائنس والے، خود کو حقیقت پسند سمجھنے والوں نے لوگوں کو یقین دلا دیا ہے کہ جادو نام کی کوئی چیز نہیں ہوتی۔ تو جب تک یہ یقین ہے، ہمارا کاروبار چلتا رہے گا۔ اور ہاں، تم کیا کہنا چاہ رہی ہو میں اچھی طرح سمجھ رہا ہوں۔ تم نے بغاوت کرنے کی کوشش بھی کی تو تم پر میں اپنا یہ جادو صرف آدھا چلا دوں گا۔"
پھر اُس نے لڑکی کو تیز نظروں سے دیکھا اور کہا، "صرف آدھا! یاد رہے!"
لڑکی نے جادوگر کو دیکھا، میز پر سامنے بیٹھے لال لال آنکھوں اور زہریلی مسکراہٹ والے کبڑے کو دیکھا، میز پر رکھی آری دیکھی تو اُسکے بدن میں جھرجھری آ گئی۔ وہ نظریں جھکائے خاموشی سے کھانا کھانے لگی۔
✍️✍️✍️

Post a Comment

0 Comments