یومِ سر سید اور قیام انجمن ضیاءالاسلام پبلک لائبریری کے سو سال مکمل ہونے کے یادگار موقع پر کامٹی اُردو رائٹرس فورم کے زیر انتظام آن لائن ویبنار کا انعقاد بروز اتوار بتاریخ 17 اکتوبر 2021ء کو بعد نمازِ مغرب شام ساڑھے چھے بجے کیا گیا۔ یہ آن لائن نشست کامٹی اُردو رائٹرس فورم کے صدر اور ماحولیاتی کمیٹی بال بھارتی، پونے کے رکن ڈاکٹر محمد رفیق اے ایس صاحب کے زیر صدارت منعقد کی گئی۔
پروگرام کا آغاز پرویز انیس صاحب کے افتتاحی کلمات سے کیا گیا۔ اس تقریب میں تین مقالہ خواں نے سر سید احمد خاں صاحب کی زندگی، شخصیت و کردار اور تعلیمات و نظریات پر اپنے مقالات پیش کیے۔ سب سے پہلے ایم ایم ربانی ہائی اسکول و جونیئر کالج کامٹی کے معلم اور معروف خطاط و ادیب نسیم سعید صاحب نے اپنا مقالہ بعنوان ”سر سید اور موجودہ مسلم بعنوان“ پیش کیا۔ اس کے بعد ادیب و لائبریرین وسیم سعید صاحب نے مقالہ بعنوان ”سرسید احمد خان کی تحریک“ پیش کیا۔ آخر میں ایم اے کے آزاد ہائی اسکول و جونیئر کالج ناگپور کے معلم محمد عامر آفاق صاحب نے مقالہ بعنوان ”نئی صبح کا نقیب۔۔۔ میر کارواں سر سید احمد خاں “ پیش کیا۔ اس کے ویبنار کے صدر ڈاکٹر محمد رفیق اے ایس صاحب نے اپنے صدارتی خطاب سے پہلے سر سید احمد خان صاحب کے سفر نامے ”مسافرانِ لندن “ سے وہ اقتباس پیش کیا جس میں کامٹی شہر اور اس وقت کے حالات کا تفصیلی ذکر کیا گیا ہے۔ صدارتی خطاب کے پہلے ڈاکٹر محمد رفیق اے ایس صاحب نے ناظرین کے چند سوالات کے جوابات بھی دیے اور اختتام پر عمدہ اور پر مغز صدارتی خطاب دیا۔ اس پروگرام کے آن لائن کنوینر ریحان کوثر صاحب تھے اور ویبنار کے دوران انھوں نے نظامت کے فرائض بھی انجام دیے۔ اس پروگرام کو ماہنامہ الفاظ ہند کے فیس بک پیج پر براہِ راست نشر بھی کیا گیا۔
0 Comments