شہد
✍️ متین اچل پوری
شہد کا جگ میں بول بالا ہے
مرتبہ اس کا سب سے اعلیٰ ہے
شہد کی بوند ہے کھرا موتی
ایک انمول ، رس بھرا موتی
رنگ دلکش ہے پیاری خوشبو ہے
کیسی محفوظ ساری خوشبو ہے
اس کو فطرت کی کھیر بول میاں
موتیوں میں تو اس کو تول میاں
فائدے تو، کبھی نہ اس کے بھول
یہ شکر تو ہے اس کی راہ کی دھول
دل کو شاداب کرنے والی شے
روحیں سیراب کرنے والی شے
جاننے والے ، اس کے دیوانے
اس پہ قربان ہیں شفا خانے
سینت رکھیے خراب ہوتا نہیں
یہ کبھی اپنی آب کھوتا نہیں
سورہء نحل کی کہے تفسیر
تندرستی کے واسطے اکسیر
قند ، مصری سے بڑھ کے اے بھائی
چیز انساں نے کیمیا پائی
ممبئی جاؤ ، چاہے کلکتہ
یاد آےء گا شہد کا چھتہ
ڈھونڈ لاےء ہیں گھاٹ گھاٹ اسے
لے ہتھیلی پہ لے کے چاٹ اسے
اس میں شیرینی پھول پھول کی ہے
اس کو حاصل سند رسول کی ہے
ہم تو شیرینی کا جمال کہیں
اس کو آرام کنگ آل کہیں
0 Comments