7️⃣
یُگ یُگ کی باتیں
افسانہ نِگار ✒️ ابو ذر (ممبئی)
ایونٹ نمبر 26 🧑🏫 ٹیچر/معلّم
افسانہ نگار
واٹس ایپ گروپ کی پیشکش
افسانچہ نمبر 7
ایک یُگ
ہیڈ ماسٹر کے دفتر میں میرے پتا جی نے کہا،’’کل میرے بیٹے نے ٹیچر سے بد تمیزی کی تھی۔ اُس کے لیے اسے ٹیچر نے ایک چانٹا مارا تھا۔ مجھے پتہ چلا تو میں نے بھی اسے مارا ہے۔ اب یہ خود ان سے معافی مانگے گا اور میں بھی آپ سے معافی مانگتا ہوں اور یقین دلاتا ہوں کہ آئندہ یہ لڑکا کبھی کسی سے بدتمیزی سے پیش نہیں آئے گا۔‘‘
میں چپ رہا۔ بچوں کی چلتی ہے کیا؟
دوسرا یُگ
پرنسپل کے دفتر میں میرے بیٹے نے کہا،’’کل ٹیچر نے میرے بیٹے کو ایک چانٹا مارا تھا۔ ایسے پڑھائی کرائے گی آپ کی یہ اسکول؟ بچے نے آگے بڑھ کے دو لفظ کیا کہہ دیئے آپ لوگ پیٹنے لگیں گے؟ بولے گا نہیں تو سیکھے گا کیسے؟ آپ کے ٹیچر کو معافی مانگنی ہو گی۔‘‘
میں چُپ رہا۔ بڈھوں کی چلتی ہے کیا؟
نہیں ... آج چلے گی۔
تیسرا یُگ
اس گھر میں آج تیسرے یگ کا آغاز ہوگا۔
گھر آ کے سب سے پہلے تو بیٹے کو اُس کی دادی کے کمرے میں بلایا، دروازہ بند کیا اور اُس کی پیٹھ پر دھپادھپ دو ہتھڑ لگائے۔
’’کل تُو اپنے بیٹے کے ساتھ اسکول جائے گا اور تم دونوں ٹیچر سے معافی مانگو گے۔ نہیں، اِنکار نہیں سنوں گا۔ یہ ہتھڑ تُجھے بچپن میں ہی لگانا چاہیے تھا‘‘، میں نے کہا اور دروازہ کھول کے اُسے کمرے سے باہر دھکیل دیا۔
پلنگ پر بیٹھی امّاں بولیں، ’’تیرے پتا آج ہوتے تو خوش ہو جاتے‘‘، اور مسکراتے ہوئے مالا جپنے لگیں۔
✍️✍️✍️
0 Comments