Ticker

6/recent/ticker-posts

بچوں کا رسالہ ’جنت کے پھول‘ اور ’ہمہ بینم آفتاب‘ کی رسم رونمائی

بچوں کا رسالہ ’جنت کے پھول‘ اور ’ہمہ بینم آفتاب‘ کی رسم رونمائی
بچوں کے رسالہ کا مواد بچوں کے ذریعہ ہی تیارکروایا جائے تو بچوں کوفائدہ ہوگا۔ (نورالحسنین)
بچوں کا رسالہ ’جنت کے پھول‘ اور ’ہمہ بینم آفتاب‘ کی رسم رونمائی
اورنگ آباد۔ خجستہ بنیاد اورنگ آباد اردو ادب کی تاریخ میں ایک منفرد اہمیت رکھتا ہے۔ اردو زبان و ادب کی ترویج کرنے والے رسالوں اور اخباروں کی یہاں ابتداء ہی سے پذیرائی ہوتی رہی ہیں۔اور یہ سلسلہ ابھی تھما نہیں اس کی تازہ مثال ہے کہ ممبئی سے شائع ہونے والا بچوں کا رسالہ ’جنت کے پھول‘ اور’ہمہ بینم آفتاب‘ کی رسم رونمائی بزم تلمیذ ادب اورنگ آباد کے تحت خواجہ ناصر اردو اسکول میں منعقد کی گئی۔ اس جلسہ کی صدارت جناب نورالحسنین صاحب نے کی بطور مہمان خصوصی مشہور افسانچہ نگار ڈاکٹر عظیم راہی صاحب، معروف مصنفہ محترمہ خواجہ کوثر حیات صاحبہ، جناب وسیع صدیقی،جناب احمد اورنگ آبادی، ڈاکٹر ابرار انصاری، ڈاکٹر وہاب الحق، ڈاکٹرسہیل ذکی الدین ، صدر معلمہ منور منہاج صاحبہ کے علاوہ شہر کی معروف علمی و ادبی شخصیات نے اپنی موجودگی درج کروائی۔ اس موقع پر بزم تلمیذ ادب کی جانب سے سیدا طہر احمد نے مہمانان کااستقبال شال اور گل پیش کرکے کیا۔
پروگرام میں ماہنامہ ’جنت کے پھول‘ اور محسن ساحل کی کتاب ’ہمہ بینم آفتاب‘ کی رسم رونمائی جناب نورالحسنین کے دست مبارک سے عمل میں آئی۔ ’جنت کے پھول‘ کے مدیر اعلی جناب عنایت اللہ خان صاحب نے رسالے کی کارگزاری پیش کی اور دوران اشاعت پیش آنے والی مشکلات اور ادبی شخصیات کی بیش بہا خدمات کا ذکر کرتے ہوئے رسالے کے اغراض و مقاصد پیش کئے اور ’جنت کے پھول‘ اور 'Flower of Heaven' ان رسالوں کی اشاعت شہر اورنگ آباد سے عنقریب ہونے جارہی ہیں اس طرح کا اعلان بھی کیا۔ ڈاکٹر عظیم راہی صاحب و محترمہ خواجہ کوثر حیات نے بچوں کے ادب، افسانہ نگاری و فکشن پرخیالات کا اظہار کیا۔صدارتی خطبہ میں جناب نورالحسنین صاحب نے آج ادب اطفال کی اہمیت و ضرورت اور اس میں اخبارات اور بچوں کے رسالوں کے اشتراک پر سیر حاصل خطاب فرمایانیز بچوں کا ادب کس طرح کا ہو اور کن باتوں کو ملحوظ رکھ کر لکھا جائے ساتھ ہی بچوں میں پڑھنے اور لکھنے کے رجحان کو پروان چڑھانے کے لیے ان کی تخلیقات کی ہمت افزائی کرنے جیسے اہم نکات پر رہنمائی فرمائی۔اور اردو کی ترویج و بقاء کے تعلق سے مفید و کارآمد مشوروں سے نوازا۔محسن ساحل کے اظہار تشکر پر اس خوبصورت ادبی نشست کا اختتام عمل میں آیا۔


Post a Comment

0 Comments