معروف شاعر نعیم فراز کو الوداعیہ
علاقے کی ادبی و سیاسی شخصیات کی موجودگی
دریاپور: نئی نسل کے معروف شاعر اور مثالی مدرس نعیم فراز کا دریاپور نگر پریشد سے اکولہ کارپوریشن تبادلہ ہونے پر اہلیانِ دریاپور کی طرف سے بڑے پیمانے میں الوداعیہ تقریب منعقد کی گئی جس میں علاقہ برار کی متعدد ادبی و سیاسی شخصیات کے ساتھ ساتھ ان کے ہزاروں مداح موجود تھے۔ گلوبل ایجوکیشن سوسائٹی دریاپور کے زیرِ اہتمام رائل کنگ پیلیس کے وسیع و عریض ہال میں منعقد اس تقریب الوداع کی صدارت دریاپور کی معروف سماجی شخصیت حاجی حنیف سیٹھ نے فرمائی۔ مہمان خصوصی کی حیثیت سے علاقہ برار کے مختلف شہروں سے معروف سیاسی رہنما ساجد خان پٹھان، شہرہ آفاق شاعر ابرار کاشف، معروف ادیب و نقاد ڈاکٹر ناصر الدین انصار، اساتذہ تنظیم کے رہنما جواد حسین، امین بھائی لودھی، ڈاکٹر اقبال پٹھان، ایڈوکیٹ اطہر شمیم، ساجد محشر، انیق احمد اور محمد رہبر موجود تھے۔
الوداعی تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ اس کے گلوبل سوسائٹی کے سیکرٹری محمد نوید نے افتتاحی کلمات پیش کیے۔ محمد ناصر نے نعیم فراز کی شخصیت پر خصوصی روشنی ڈالی۔پرنسپل انیق احمد نے نعیم فراز کی سماجی خدمات کا تفصیلی جائزہ پیش کیا۔ محمد رہبر لیکچرار نے دریاپور میں نعیم فراز کے بیس سال کے عنوان سے بڑی دلچسپ گفتگو کی۔ اس موقع پر جواد حسین نے تعلیم کی ضرورت اور اہمیت پر اپنے خیالات پیش کیے۔ اکولہ کارپوریشن میں حزبِ اختلاف کے رہنما ساجد پٹھان نے نعیم فراز کی محبوب شخصیت کے مختلف گوشوں پر دلچسپ گفتگو کی۔ انھوں نے کہا کہ پہلے مجاہد آزادی حضرت ٹیپو سلطان کے سلسلے میں منعقد مختلف تقاریب میں نعیم فراز نے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ معروف نقاد ڈاکٹر ناصر الدین انصار نے کہا کہ نعیم فراز نہایت محنتی اور اپنے پیشے کے تئیں حساس شخص ہیں۔ اس طرح کی اعزازی تقاریب ہماری تہذیبی شناخت ہیں اور اس سے کام کرنے والوں کو حوصلہ ملتا ہے۔ انھوں نے نعیم فراز کی تدریسی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ عالمی شہرت یافتہ شاعر ابرار کاشف نے منتظمین کو مبارکباد دیتے ہوئے نعیم فراز ملنساری اور جذبہ خدمت کی تعریف کی۔ اس موقع پر منتظمین اور نعیم فراز کے مداحوں کی طرف سے ان کا بھرپور استقبال کیا گیا نیز انھیں تحفے تحائف پیش گیے۔نعیم فراز نے اپنے تاثرات میں اہلیان دریاپور کا شکریہ ادا کرتے کہا کہ گزشتہ بیس سال ان کی زندگی کے بہترین ایام تھے۔ الوداعی پروگرام میں سیکڑوں لوگ شریک تھے۔پروگرام کی نظامت کے فرائض کے ثناءاللہ سر نے انجام دیے۔ندیم احمد خان نے اظہارِ تشکر پیش کیا۔ پروگرام میں کورونا کی احتیاطی تدابیر کا لحاظ رکھا گیا۔
0 Comments