Ticker

6/recent/ticker-posts

کتاب: 100 لفظوں کی سو کہانیاں ✍️ اسداللہ شریف

کتاب: 100 لفظوں کی سو کہانیاں
(افسانچوں کا مجموعہ)
مصنف: ریحان کوثر
تاثرات: اسداللہ شریف، میسور


ویسے بھی افسانچہ نگاری ایک مشکل فن ہے۔ اس پر اپنے آپ کو پابند بنا کر لکھنا کہ ہر کہانی صرف 100 الفاظ میں بیان ہو۔۔۔ نہ کم نہ زیادہ!! یہ مشکل ترین کام ہے۔ یہ کام ریحان کوثر جیسا کہنہ مشق فن کار ہی انجام دے سکتا ہے۔ ریحان کوثر ایک ہمہ جہت شخصیت کے مالک ادیب ہیں۔ انہوں نے مختلف اصناف ادب میں طبع آزمائی کی ہے۔ وہ ایک اچھے افسانہ نگار، مبصر، تنقید نگار، شاعر اور ڈرامہ نگار ہیں۔ لیکن 100 لفظوں کی کہانیاں ان کی پہچان بن چکی ہیں۔
زیر نظر کتاب 'سو لفظوں کی سو کہانیاں' ریحان کوثر صاحب کے افسانچوں کا مجموعہ ہے۔ ان میں شامل افسانچے متنوع موضوعات پر مبنی ہیں۔ ان کے مطالعہ سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ ریحان کوثر صاحب عصری، سماجی، سیاسی اورمعاشی مسائل پر بڑی گہری نظر رکھتے ہیں۔ نیز زندگی کے مختلف پہلوؤں پر بھی ان کا مشاہدہ کافی عمیق ہے۔ ان کو نہ صرف زبان وبیان پر عبور حاصل ہے بلکہ افسانچہ کی فنی باریکیوں پر بھی انہیں دسترس حاصل ہے۔ یہی وجہ ہے کہ مجموعہ میں شامل ان کا ہر افسانچہ قاری کے ذہن پر دیرپا اثر قائم رکھنے میں کامیاب ہے۔ ان کے افسانچے ہمارے سیاسی اور معاشی نظام کی کوتاہیوں پر جہاں کاری ضرب لگاتے نظر آتے ہیں وہیں زندگی کی ناہمواریوں اور تلخیوں کو بھی لئے ہوئے ہیں۔ مجموعی طور پر کوئی بھی افسانچہ پڑھ کر قاری بہت کچھ سوچنے پر مجبور ہوجاتا ہے اور یہی ان کے افسانچوں کی کامیابی بھی ہے۔
ریحان کوثر صاحب اردو کی خدمت میں ہمیشہ پیش پیش رہنے والے نوجوان ادیب ہیں۔ وہ 'الفاظ ہند' کے مدیر بھی ہیں۔ اردو ادب بالخصوص افسانچہ نگاری کو ان سے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں۔ دعا ہے کہ ریحان کوثر صاحب کا قلم اسی طرح کامیابی کی منزلیں طے کرتا رہے اور وہ آسمان ادب پر درخشاں ستارہ بن کر ہمیشہ چمکتے رہیں۔

Post a Comment

1 Comments