Ticker

6/recent/ticker-posts

سو لفظوں کی کہانیوں پر حرفے چند... ✍️ ڈاکٹر مبین نذیر

سو لفظوں کی کہانیوں پر حرفے چند...
ڈاکٹر مبین نذیر
مالیگاؤں، مہاراشٹر


100 لفظوں کی کہانیاں جس دن موصول ہوئی وہ عرفہ کا دن تھا۔ اسی دن ایک ہی نشست میں پوری کتاب مکمل ہوگئی۔ ورنہ آج حال یہ ہے کہ اکثر کتابیں چند صفحات کی ورق گردانی کے بعد طاق کی زینت بن جاتی ہیں۔ یہ کتاب نہ صرف مجھے بلکہ گھر کے تمام افراد جو مطالعہ کرتے ہیں ان کو پسند آئی۔ اسے قصیدہ خوانی نہ سمجھیں بلکہ حقیقت یہی ہے۔
سچ کہوں تو جب سے سوشل میڈیا پر کتاب کا سرورق دیکھا تھا اور اس کی اشاعت کے متعلق پڑھا تھا، اس کے حصول اور مطالعے کی شدید خواہش تھی لیکن حصول کی بظاہر کوئی صورت نظر نہیں آتی تھی۔ کہتے ہیں نا کہ دل سے دل کو راہ ہوتی ہے۔ آپ نے کتاب سے نوازا تو گویا مراد برآئی۔
سرورق کے ساتھ ساتھ کتاب کی ترتیب، کاغذ کی کوالٹی، طباعت و اشاعت میں انفرادیت آپ کے ذوق سلیم کی غماز ہے۔
شناس نامہ نے آپ کے فن اور شخصیت کی مزید پرتوں کو وا کیا تو اپنی بات میں آپ نے مختصر کہانیوں کی مکمل تاریخ ایک حد تک بیان کردی ہے۔
افسانچہ نگاری واقعی دریا کو کوزے میں بند کرنے کا نام ہے جس کے لئے محنت، مشقت، مشاہدہ، فن اور زبان و بیان پر مکمل دسترس ضروری ہے۔ ورنہ افسانچے کے نام پر لطائف، اقوال، بیانات اور نہ جانے کیا کیا پیش کیا جارہا ہے۔ جس کی وجہ سے فن کار تو کم لیکن صنف افسانچہ عتاب کا زیادہ شکار ہورہی ہے۔
سو لفظوں کی کہانیوں کے اس مجموعے میں درج بالا نوعیت کا کوئی افسانچہ شامل نہیں ہے جو آپ کی اس فن میں مہارت اور محنت شاقہ کی دلیل ہے۔ اکثر افسانچوں کو پڑھ کر دل سے بے ساختہ داد نکلتی ہے کہ آپ نے کمال فن سے سماجی اور معاشرتی برائیوں پر چند سطور میں جو گہرا طنز کیا ہے اس کے لئے ایک دفتر درکار ہوتا۔
عیدالاضحٰی کے ایام ہیں اور ایسے میں اس کتاب کا پہلا افسانچہ "جنت" مسلم معاشرہ کی حقیقی مگر کریہہ تصویر پیش کررہا ہے۔ اسی طرح چھوٹو، روہن اور گاندھی اور گوشت خور افسانچوں کے علاوہ پوری کتاب اپنی مثال آپ ہے۔ افسانچے کے مداحین اور ناقدین کے لئے اس کتاب میں بہت کچھ مواد موجود ہے جو ان کی فکر و نظر میں تبدیلی پیدا کرسکتا ہے۔
مجھے افسانچے کی دیگر کتابوں کا تو علم نہیں لیکن سو لفظوں کی کہانی حال اور مستقبل میں فن افسانچہ پر ایک حوالہ جاتی کتاب کی حیثیت سے جانی جائے گی۔

نام کتاب : 100 لفظوں کی 100 کہانیاں
مصنف : ریحان کوثر
ناشر: الفاظ پبلی کیشن، پھٹانا اولی کامٹی441001ضلع ناگپور (مہاراشٹر )
موبائل:07721877941
قیمت: 100روپے
صفحات: 128
تعداد: 500
مطبع: ودربھ ہندی اردو پریس، کامٹی موبائل:09021132527
سن اشاعت: 2021ء
رابطہ/پتہ : کاشانۂ کوثر، ڈاکٹر شیخ بنکر کالونی، کامٹی441001ضلع ناگپور (مہاراشٹر )
موبائل نمبر: 9326669893
ملنے کا پتہ:
اشرف نیوز ایجنسی اینڈ بک ڈپو، گجری بازار، کامٹی441001ضلع ناگپور (مہاراشٹر)
الفاظ پبلی کیشن اینڈ ودربھ ہندی اردو پریس، املی باغ، کامٹی441001ضلع ناگپور(مہاراشٹر)
ریحان کوثر، کاشانۂ کوثر، ڈاکٹر شیخ بنکر کالونی، کامٹی441001ضلع ناگپور (مہاراشٹر)

Post a Comment

0 Comments