مقدمہ افسانچہ نگاری۔۔۔( تبصرہ)
ظہیر قدسی
مالیگاوں، مہاراشٹر
9860743332
ریحان کوثر کی کتاب "سولفظوں کی سو کہانیاں" سامنے ہے۔ جس میں پانچ صفحات پر مشتمل شناخت نامے نے ان کی چوبیس گھنٹے کی مصروفیات سے آگاہ کیا۔ حیرت ہے کہ اس قدر مصروفیت کے باوجود وہ لکھنے کے لیے وقت کیسے نکال لیتے ہیں۔
وہ قاری جو افسانوں سے الرجک ہیں۔ان کے لیے ریحان کوثر نے آغاز میں افسانوں کی تاریخ ابتدا سے آج تک انگریزی ادب سے اردو میں منتقل ہونے کی تفصیلات بیان کی ہیں اور مقدمہ شعرو شاعری کی طرح 'مقدمہ افسانچہ نگاری' لکھ کرافسانچوں کی اچھی وکالت اس طرح کی ہے کہ عام قاری بھی افسانوں کی اہمیت، خصوصیت اور ندرت خیال کا قائل ہو جائے۔
مجھے یاد ہے ساٹھ ستر کی دہائی میں ماہنامہ شمع دہلی میں ایک سلسلہ شروع ہوا تھا۔ مختصر مختصر کہانی دو صفحات میں مکمل۔ اس میں کبھی کبھی ایک صفحے کی بھی کہانی شائع ہوتی تھی۔ اس وقت کرشن چندر، خواجہ احمد عباس جیسے بڑے بڑے ادیب بھی شمع میں شائع ہوتے تھے۔ کسی نے بھی اعتراض نہیں کیا۔ میں سمجھتا ہوں طویل افسانوں سے بغاوت کی وہ پہلی کڑی تھی۔ آج وہ افسانے سو لفظوں میں سمٹ گئے ہیں۔
ریحان کوثر کی کہانیاں ان کے تیز مشاہدے، خوردبینی جائزے اور ذہانت کے غماز ہیں۔ وہ کسی بھی واقعے کو سب سے الگ طرز پر دیکھتے ہیں، محسوس کرتے ہیں، سوچتے ہیں اور صفحہ قرطاس پر اتار دیتے ہیں۔
ریحان کوثر نے سو لفظی کہانیوں کو افسانچے کے نام پر لطیفہ نہیں بنایا بلکہ کہانی کی طرح اس طرح انجام تک پہنچایا کہ آخری جملہ پڑھنے تک حالات سماج معاشرے سیاست ادب پر ایک پر طنز کا ایسا وار کیا ہے کہ قاری کبھی گنگ رہ گیا، کبھی اس پر سکتہ طاری ہوگیا، کبھی ایسی مسکراہٹ ہونٹوں پر آگئی جس میں شرمندگی بھی شامل ہو۔
افسانوں اور افسانوں کی بھیڑ میں الگ شناخت بنانے پر میں صمیم قلب سے ریحان کوثر کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اس لیے کہ ریحان کوثر " ہم آغاز کرتے ہیں! لوگ تقلید کرتے ہیں!" کی زندہ مثال ہیں۔۔۔
نام کتاب : 100 لفظوں کی 100 کہانیاں
مصنف : ریحان کوثر
ناشر: الفاظ پبلی کیشن، پھٹانا اولی کامٹی441001ضلع ناگپور (مہاراشٹر)
موبائل:07721877941
قیمت: 100روپے
صفحات: 128
تعداد: 500
مطبع: ودربھ ہندی اردو پریس، کامٹی موبائل:09021132527
سن اشاعت: 2021ء
رابطہ/پتہ : کاشانۂ کوثر، ڈاکٹر شیخ بنکر کالونی، کامٹی441001ضلع ناگپور (مہاراشٹر)
موبائل نمبر: 9326669893
ملنے کا پتہ:
اشرف نیوز ایجنسی اینڈ بک ڈپو، گجری بازار، کامٹی441001ضلع ناگپور (مہاراشٹر)
الفاظ پبلی کیشن اینڈ ودربھ ہندی اردو پریس، املی باغ، کامٹی441001ضلع ناگپور(مہاراشٹر)
ریحان کوثر، کاشانۂ کوثر، ڈاکٹر شیخ بنکر کالونی، کامٹی441001ضلع ناگپور (مہاراشٹر)
0 Comments