Ticker

6/recent/ticker-posts

قوم کی فکر اور نسیم سعید

قوم کی فکر اور نسیم سعید
ریحان کوثر
یہ ہماری قوم

'قوم' عربی زبان کا ایک لفظ ہے۔ فارسی اردو اور دیگر قریبی زبانوں میں بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ اردو میں قوم سے مراد کسی خاص افرادی گروہ سے ہے ایسا گروہ جس کا اقدار اور روایات آپس میں مشترک ہوں، یعنی یوں کہا جا سکتا ہے کہ قوم اصل میں انگریزی کے لفظ Nation کے متبادل بکثرت استعمال ہوتا ہے جس کو بعض اوقات امت یا امہ کے لفظ سے ظاہر کیا جاتا ہے۔
اسلام کا نظریہ قومیت بڑا واضح ہے۔ وہ مذہب یا عقیدے کو اس کی بنیاد بتاتا ہے جسے ایمان بھی کہا جاتا ہے کہ تمام مسلمان آپس میں بھائی بھائی ہیں، اور نہ صرف اس دنیا میں بلکہ اگلے جہاں میں بھی۔ قوم کی بنیاد انبیا و رسل ہی بتائے گئے ہیں یعنی ایک نبی کے ماننے والے اور ایک عقیدہ رکھنے والے لوگ ایک قوم ہیں۔ جو کسی نبی کا انکار کر دے وہ اس قوم سے نکل گیا۔ قیامت کے دن بھی تمام انسان اپنے اپنے انبیاء کی قیادت میں اکٹھے ہوں گے۔ کوئی نبی صرف ایک امتی کے ساتھ آئے گا کسی کے ساتھ زیادہ امتی ہوں گے۔ آپ ؐکے امتیوں کی تعداد سب سے زیادہ ہو گی جس پر آپ ؐفخر کریں گے۔
اقبال قوم اور ملت کو مترادف الفاظ کے طور پر استعمال کرتے ہیں اور مسلمان قوم سے ان کی مراد ہمیشہ ملت اسلامیہ ہوتی ہے۔ بے خودی کے لفظی معنی تو مدہوشی یا بے خبری کے ہیں لیکن "خودی" کی طرح اقبال کے ہاں "بے خودی" کا بھی خاص مفہوم ہے۔ جب کوئی فرد اپنی خودی کی تعمیر و تکمیل کر لیتا ہے تو اسے چاہیے کہ اپنی صلاحیتوں کو اپنی جماعت کے لیے استعمال کرے۔ جب فرد اپنی جماعت سے اپنا رابطہ استوار کر لیتا ہے تو وہ خودی سے بے خودی کی منزل میں داخل ہو جاتا ہے۔
دوسرے لفظوں میں فرد اور ملت(قوم) کے درمیان رابطے کے کچھ اصول اور قوانین ہوتے ہیں ان رابطوں، اصولوں اور قوانین کو اقبال نے بے خودی سے تعبیر کیا ہے۔ علامہ اقبال نے فرد کو شاخ اور جماعت کو درخت سے تشبیہ دی ہے شاخیں اگر درخت سے علیحدہ ہو جایں تو ان پر پھل پھول نہیں آسکتے۔
فرد قائم ربط ملت سے ہے تنہا کچھ نہیں موج ہے دریا میں بیرون دریا کچھ نہیں اقبال کے نزدیک جس قدر فرد کی اہمیت ہے اسی قدر اس کی جماعت اور جماعت سے فرد کے رشتے کی اہمیت ہے۔ اقبال نے اپنی کتاب "رموز بے خودی" میں قوم کی اجتماعی زندگی کے مسائل پر اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔ آج ہم انفرادی اور اجتماعی طور پر جس طرح زوال کا شکار ہیں ہمیں اقبال کے افکار سے علمی استفادہ حاصل کرنے کی اشد ضرورت ہے۔
نسیم سعید نے یہ قیمتی کتاب لکھ کر اہلیان کامٹی پرا حسان عظیم کیاہے۔ موصوف کی کاوش قابلِ ستائش ہے۔ اس طرح کی کتابیں انمول موتی کی طرح ہوتی ہیں، باہر کے ممالک میں کتاب کا تحفہ دینا نعمت سمجھا جاتا ہے، جو علم کتابوں میں ہے وہ کہیں اور دستیاب نہیں۔ کتاب انسان کی ایک بہترین ساتھی ہے اس میں کوئی شک نہیں کیونکہ کتاب سے ہر طرح کی معلومات اور رہنمائی حاصل کی جاسکتی ہے جو پڑھنے والے کے لیے ہر میدان میں مفید ثابت ہوتی ہے۔ "یہ ہماری قوم " ہمارے نو نہالوں کی رہنمائی میں رہبر ثابت ہوگی۔ ہمارے شہر میں اس موضوع پرا یک عرصہ سے کوئی کام نہ ہوا تھا۔ کتاب میں شامل مضامین ماہنامہ الفاظ ہند کے کالم "آئینہ " میں ہر ماہ سلسلہ وار شائع ہو رہا ہے اور قارئین کے توجہ کا مرکز بھی ہے۔ الفاظ ہند پڑھنے والوں نے کالم "آئینہ " کو خوب سراہاہے اور ساتھ ہی ان کے علم میں اضافے کے لیے دعائیں کیں ہیں تا کہ نسیم آئندہ بھی اس طرح کی شاندار اسلامی معلومات پر مبنی کتابیں لکھنے کا شرف حاصل کرتے رہیں۔
نسیم سعیدنے اس شاہکار تصنیف کے ذریعے اہم کارنامہ انجام دیا جس پر وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔ نسیم سعید قوم کا بہترین اثاثہ ہے۔ توقع ہے کہ آئندہ بھی قلم وقرطاس کے ذریعے اسی طرح عوام میں شعور بیدار کریں گے۔ موصوف نے انتہائی گونا گوں مصروفیات کے باوجو د اس کتاب کی تصنیف کرکے 'نیک ' کا م کیا، اس کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔ موصوف نے اپنی تحقیق اور تفتیش کے ذریعے "یہ ہماری قوم " کی اشاعت کر کے قوم کو ایک خوبصورت تحفہ دیا ہے۔
(کتاب: یہ ہماری قوم)
نسیم سعید
٭٭٭

Post a Comment

1 Comments

  1. https://youtu.be/eXPQUjFbneI

    میں شعیب اقبال ایم ایم ربانی ہائی اسکول و جونیئر کالج کامٹى ۔ضلع ناگپور میں استاد ہوں۔
    درس و تدریس سے منسلک ہوں۔
    "مائی اسٹار ایجوکیشن " کے نام سے ایک چینل شروع کیا ہے ۔
    مسلم اور اردو میڈیم اسکول کے بچوں کی رہنمائی کی غرض سے ایک چھوٹی سی
    کوشش کی ہے۔جسمیں آپ سبھی دینی بھائیوں کا تعاون مطلوب ہے ۔
    چینل کو سبسکرائب کردیں اور ویڈیو کو دوستوں میں شیئر کردیں۔ ہوسکتا ہے آپ کے ایک شیئر سے کسی بچےکی اصلاح ہوجائے اور وہ کامیاب ہوجائے ۔ جزاکم اللہ احسن الجزا۔
    سوالات اور جوابات تفصیل کے ساتھ
    *دسویں جماعت کا*
    *سائنس اور ٹیکنالوجی* *حصہ دوم*
    سبق نمبر 4  ماحولی حسن انتظام (حصہ-2)
    QUESTIONS AND ANSWERS WITH EXPLANATION
    Environmental Management
    Part -2
    For 10th Class
    Science and Technology Part-2

    ReplyDelete