Ticker

6/recent/ticker-posts

کامٹی میں جلسۂ استقبالیہ

کامٹی میں جلسۂ استقبالیہ

”آج کے اس دور قحط الرّجال میں ذمّے داریوں کے احساس کا فقدان ہے۔ پیشۂ درس و تدریس ایک مقدّس پیشہ سمجھا جاتا ہے۔ پہلے کے اساتذہ اپنے ذاتی نفع ، نقصان سے بے نیاز ہو کر اس پیشے کی تقدیس کو سنبھالے ہوئے تھے۔ اب صارفیت کا دور دورہ ہے۔ ہر بات نفع نقصان کے ترازو میں تولی جاتی ہے۔ معلمی بھی اس سے مستثنا نہیں۔پھر بھی اگر کچھ اساتذہ اس پیشے کے وقار کو برقرار رکھنے میں کوشاں ہیں تو یقیناً ان کی عزت افزائی کی جانی چاہیے تاکہ معاشرے میں صحت مند رجحان پرورش پائے اوردوسروں کی حوصلہ افزائی ہو۔ اردو اکادمی یقیناً قابل صد مبارکباد ہے ،جس نے اس جانب قدم بڑھایا۔ کامٹی کے انعام یافتہ مدرسین کے علاوہ نئے نئے گوشوں پر کام کرنے والے اہل قلم بھی مبارکباد کے مستحق ہیں۔“ یہ بات جلسے کے صدر مشہور انشائیہ نگار جناب ڈاکٹر محمد اسداللہ صاحب نے کہی۔ مہاراشٹراسٹیٹ اردو ساہتیہ اکادمی کے انعام یافتگان (شہر کامٹی) کے اعزاز کے لیے الفاظ پبلی کیشن اور ودربھ ہندی اردو پریس نیزربانی اسکول اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن کے تحت ایک شاندار جلسۂ استقبالیہ کااہتمام کیا گیا۔ یہ تقریب ۵ اکتوبر۲۰۱۹ءبروز سنیچر رات ۸ بجے ربانی آئی ٹی آئی، پھٹانا اولی کامٹی میں منعقد ہوئی جس کی صدارت ڈاکٹر محمداسداللہ صاحب نے فرمائی اور نظامت کے فرائض محمد ایوب صاحب نے انجام دیے۔ مہمانانِ خصوصی اور صدرجلسہ کے ہاتھوں مہمانانِ اعزازی کا استقبال گلدستہ، شال سے کیا گیا اوران کی خدمت میں یادگاری تختی پیش کی گئی۔
کتاب ”فٹ بال! نشانِ کامٹی“ پر انعام یافتہ ڈاکٹر محمد نسیم اختر کو ڈاکٹر محمداسداللہ، اسکولی سطح پرمثالی ٹیچر ایوارڈ یافتہ ریاض احمد امروہوی کو ڈاکٹر مدحت الاختر، ڈگری کالج کی سطح پرمثالی ٹیچر ایوارڈیافتہ ڈاکٹر اظہرابرار کو ڈاکٹر محمدرفیق اے ایس، اسکولی سطح پرمثالی ٹیچر ایوارڈ یافتہ محمد اقبال صدیقی کو نقیب اختر، نیو ٹیلنٹ ایوارڈ، ریاستی انعام یافتہ عبید حارث کو پراگ وڑھائی نے گلدستہ، شال اور یادگاری تختی پیش کر کے اعزاز و استقبال کیا۔ بعدازاں مہمانانِ خصوصی اور مہمانانِ اعزازی نے اپنے خیالات کا اظہارکیا۔ آخر میں رٰیحان کوثر نے اظہارِ تشکر پیش کیا۔
پروگرام میں مہمانان خصوصی کے طور پر سہیل اختر، پرویز انیس، شمیم اختر، محمد عمران عالم ، معین اختر، محمد توحید الحق، سہیل انجم، پرویز احمد، کلیم انصاری، عامر آفاق، نسیم سعید، راشد احمد، شارق اقبال وغیرہم موجود تھے۔ زبیر احمد امروہوی، تفضل جمال، توفیق احمد، محمد اسلم تنویر، نواب احمد و عہدےداران و اراکین،ربانی اسکول اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن، کامٹی نے تقریب کی کامیابی کے لیے انتھک محنتیں کیں۔ 

Post a Comment

0 Comments