زبیر احمد امروہوی: عمومی تعارف
ریحان کوثر
زبیر احمد امروہوی نے٥؍جولائی ١٩٨٦ءکو موذن شکراللہ صاحب کے مہذب خاندان میں آنکھیں کھولی۔ شکراللہ صاحب آپ کے دادا جان تھے۔ موذن شکراللہ صاحب گورا بازار مسجد میں برسوں تک موذن کے فرائض انجام دیتے رہے۔ آپ کے والد کا نام محمد یوسف اور والدہ کا نام نجم النسا ہے۔ آپ کے دادا کا مکان ایک دینی مکتب سے کچھ کم نہ تھا۔ علاقہ کی لاتعداد خواتین نے آپ کی دادی عائشہ بی سے عربی کی تعلیم حاصل کی ہے۔
زبیرودربھ مائنورٹی ملٹی پرپس رورل ڈیولپمنٹ ایجوکیشنل سوسائٹی ناگپور کے صدر، ماہنامہ الفاظ ہند کے نائب مدیر اور ہندی ماہنامہ مدھیہ بھارت ٹائمز کے مدیر ریاض احمد امروہوی کے چھوٹے بھائی ہیں۔ مولانا محمد ممتاز عالم قاسمی صاحب امام و خطیب مسجد وزیر صاحب اور صدر، جمعیت علماء ہند، کامٹی آپ کے چچازاد بھائی ہیں۔ جناب ممتاز قاسمی صاحب شہر کے مذہبی، سماجی اور تہذیبی منظرنامہ پر ایک امید کی کرن کی شکل میں نمودار ہوئے ہیں۔ فی الحال ریاض صاحب اور ممتاز صاحب کے سماجی سرگرمیوں سے شہر کا ماحول کافی گرم ہے۔
آپ کے نانا شہر کے معززین میں شمار ہوتے تھے آپ کے نانا کا نام محمد صدیق (چمڑے والے ) تھا۔ آپ کی ننہال اور ددیال دونوں ہی گھرانے مہذب اور صوم و صلوٰۃ کے پابند رہے ہیں۔
آپ نے ابتدائی تعلیم اسماعیل پورہ نگر پریشد اردو پرائمری اسکول سے حاصل کی اور ١٩٩٦ ء میں چوتھی جماعت میں کامیابی حاصل کی۔ ٢٠٠٢ء میں دسویں اور ٢٠٠٤ء میں بارہویں جماعت ایم ایم ربانی ہائی اسکول و جونیئر کالج سے پاس کی۔ ٢٠٠٩ء میں آپ نے کامٹی پولی ٹیکنیک کالج سے الیکٹریکل انجینئرنگ کا ڈپلوما حاصل کیا۔
زبیر احمد امروہوی، ودربھ مائنورٹی ملٹی پرپس رورل ڈیولپمنٹ ایجوکیشنل سوسائٹی کے ایک قابل اور حوصلہ مند رکن ہیں۔ سوسائٹی اور سوسائٹی کے زیر اہتمام سبھی اکائیوں کی اکاؤنٹ اور آڈٹ کی اہم ذمہ داریاں زبیر بہت اچھے طریقے سے نبھاتے ہیں۔ سوسائٹی کے ادارے ربانی آئی ٹی آئی و جونیئر کالج کامٹی کے وائس پرنسپل بھی ہیں۔
٢٠٠٧ء میں کامٹی پولی ٹیکنیک سے الیکٹریکل انجینئرنگ کا ڈپلوما حاصل کرنے کے بعدسے ہی ودربھ مائنورٹی ملٹی پرپس رورل ڈیولپمنٹ ایجوکیشنل سوسائٹی سےمنسلک ہیں۔ زبیر احمد امروہوی گولڈن روٹس ٹرافی اور میمنٹو کے پراپرٹیز میں سے ایک ہیں۔ الفاظ پبلی کیشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں زبیر احمد امروہوی بھی شامل ہیں۔
ادارہ ودربھ مائنورٹی ملٹی پرپس رورل ڈیولپمنٹ ایجوکیشنل سوسائٹی کے زیر اہتمام مختلف سرکاری اور غیر سرکاری اسکیم کے تحت چلائے جانے والی ٹریننگ پروگرام کے انچارج ہیں اور ساتھ ہی مختلف کورسز کے تحت مسلم نوجوان اور بے روزگار طلبہ کو نوکریاں حاصل کرنے میں مدد کرتے ہیں۔
اردو ادب سے رغبت تو پہلے سے ہی تھی لیکن ہماری پیاری زبان اردو سے دلچسپی ماہنامہ الفاظ ہند کی شروعات سے ہوئی۔ الفاظ ہند کی ترسیل کی ساری ذمہ داریاں انہی کے کاندھوں پر ہے۔ طباعت سے لے کر اشاعت تک تمام مراحل میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
ماہنامہ الفاظ ہند کی تیسری سالگرہ کے موقع پر الفاظ ہند کی اشاعت کو فروغ دینے اور ان کی اردو دوستی کے لیے انھیں محسن الفاظ اعزاز سے نوازا گیا تھا۔ اسی طرح ٢٠١٧ء میں ربانی آئی ٹی آئی و جونیئر کالج کامٹی کی جانب سے مثالی مدرس کا ایوارڈ بھی حاصل کیا۔ زبیر احمد امروہوی کی مرتبہ کتاب 'مہا کہانیاں' کے منظر عام پر آنے پر میں انھیں دلی مبارک باد پیش کرتا ہوں۔
(کتاب: مہا کہانیاں)
٭٭٭
0 Comments