Ticker

6/recent/ticker-posts

توفیق احمد کی اصلاحی کوشش

توفیق احمد کی اصلاحی کوشش
ریحان کوثر
اصلاح کوئز سیریز

توفیق احمد ربانی آئی ٹی آئی و جونیئر کالج کامٹی میں بطور ایچ او ڈی، میکینکل ڈیپارٹمنٹ اپنی خدمات بخوبی انجام دے رہے ہیں۔ ناگپور کے سرکاری پولی ٹیکنیک انسٹیٹیوٹ سے میکینکل انجینئرنگ کا ڈپلوما حاصل کرنے کے بعد اشوک لے لینڈ بھنڈارہ میں بطور ٹریننگ انجینئر اپنی خدمات انجام دیں۔ بعدازاں ایم اے این فورس ٹرکس، اند ور میں بطور میکنیکل ٹیکنیشن چار سالوں تک کام کیا۔ ٢٠٠٩ء میں دبئی کی الغرائر اینڈ سولاریس بس لیڈنگ کمپنی میں بطور میکینکل انجینئر اپنے فرائض انجام دے چکے ہیں۔
دینی اور مذہبی موضوعات پر گہری معلومات رکھتے ہیں اور مذہبی سرگرمیوں میں پیش پیش رہتے ہیں۔ مسلم نوجوانوں میں مقابلہ جاتی امتحانات کی بیداری کے لیے ہمیشہ کوشاں رہتے ہیں۔ کامٹی سے شائع ماہنامہ الفاظ ہند میں جاری سلسلہ وار مقابلہ جاتی سوالوں پر مبنی الفاظ، اصلاح اور مسلم کوئیز سیریز کے انچارج ہیں۔ تقریباً ٥٠ ماہ سے مسلسل اس مستقل کالم کو ترتیب دے رہے ہیں۔ ماہنامہ الفاظ ہند کے قاری بالخصوس مقامی طلبہ و طالبات میں یہ کالم کافی مقبول ہے۔ اس کالم کی وجہ سے بچوں میں الفاظ ہند نے جو مقبولیت حاصل کی ہے وہ غیر معمولی ہے۔ مقابلوں کے نتائج اور انعامات کی تقسیم کی ساری ذمہ داریاں توفیق احمد صاحب بخوبی انجام دے رہے ہیں۔
مہاراشٹر اسٹیٹ بورڈ آف وکیشنل ایجوکیشن ایگزامینیشن، ممبئی کے نصاب پر مبنی ہندی زبان میں موٹر میکینک تھیوری (اول اور دوم ) پر آپ کی کتاب بھی شائع ہو چکی ہے۔
ماہنامہ الفاظ ہند کی تیسری سالگرہ کے موقع پر الفاظ ہند کی اشاعت کو فروغ دینے اور ان کی اردو دوستی کے لیے انھیں "محسن الفاظ اعزاز" سے نوازا گیا۔ سال ٢٠١٧ء میں ان کی تدریسی خدمات کے لیےانھیں ودربھ مائنا رٹی ملٹی پرپز رورل ڈیولپمنٹ ایجوکیشنل سوسائٹی، ناگپور کی جانب سے مثالی مدرس کا ایوارڈ حاصل ہوا۔
اِسلام کی سربلندی و ملت اِسلامیہ کی ترقی کا راز علم و حکمت میں مضمر ہے۔ بنیادی سطح سے اعلیٰ تعلیم تک مسلم بچوں کے لیے مواقع فراہم کرنا، بچپن ہی سے ان کی فکر کو بلند کرنا، ان میں حوصلہ پیدا کرنا، اعلیٰ تعلیم کی رغبت پیدا کرنا اور مقابلہ و مسابقہ کا جذبہ اُجاگر کرنا ضروری ہے۔ جب تک مسلمان اِسلامی تعلیمات پر سختی سے کاربند رہتے ہوئے تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے علوم و فنون میں دسترس و مہارت نہیں پیدا کریں گے، اس وقت تک ان کے ہاتھوں میں حکمرانی و جہاں بانی کا پرچم نہیں لہرائے گا۔ مقابلہ جاتی امتحانات سے متعلق مسلم طلبہ و طالبات میں بیداری مہم چلانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
توفیق احمد صاحب کی مقابلہ جاتی امتحانات پر مبنی کتاب"اصلاح کوئز سیریز " منظر عام پر آ چکی ہے۔ اس فکری کوشش کے لیے میں مصنف کو دلی مبارک باد پیش کرتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ یہ سلسلہ آگے بھی جاری رہے گا۔
________________________________
توفیق احمد کی مرتبہ کتاب "اصلاح کوئز سیریز"، دسمبر ٢٠١٧ء
٭٭٭

Post a Comment

0 Comments