Ticker

6/recent/ticker-posts

کامٹی میں ’’احتساب خویش کانفرنس ‘‘ کا انعقاد

کامٹی میں ’’احتساب خویش کانفرنس ‘‘ کا انعقاد

کامٹی(محمد ضمیر رشیدی کے ذریعہ)

’’فرد و قوم کے لیے یکساں طور پر ضروری ہے کہ وہ اپنا احتساب کریں تاکہ ماضی کی بے عملیوں، کوتاہیوں اور غلطیوں کا تنقیدی جائزہ لے کر انھیں حال میں نہ دہراتے ہوئے بہتر اور روشن مستقبل کی تعمیر کے لیے کامیاب منصوبہ بندی کی جا سکے۔ ‘‘ اسے مرکزی موضوع بناتے ہوئے ایک ’’ احتساب خویش کانفرنس ‘‘ کا انعقاد گذشتہ ٢٧ دسمبر ٢٠١٤ ء کو نوجوانان اسماعیل پورہ، کامٹی کی جانب سے اسماعیل پورہ چوک، منظور کرانہ اسٹور کے پاس کیا گیا۔ یہ کانفرنس دو نشست میں منعقد کی گئی تھی۔ تلاوت قرآن پاک و نعت شریف کے ساتھ اس کا آغاز ہوا۔معروف شاعر جناب وکیل انجم صاحب نے نعت شریف کا نذرانہ پیش کیا۔

پہلی نشست میں’’ڈراپ آؤٹ۔ مسئلہ اور حل‘‘ کے عنوان سے جناب ڈاکٹر محمد رفیق اے۔ ایس صاحب نےتقریر فرمائی۔ جبکہ ’’ دسویں اور بارہویں کے بعد مختلف ٹیکنیکل اور پروفیشنل کورسس کی جانکاری ‘‘ عنوان کے تحت جناب الحاج ماسٹر ریاض الخالق صاحب نے طلبہ و حاضرین کی بھرپور رہنمائی فرمائی۔ ڈسپلن اوروقت کا صحیح استعمال وغیرہ کے متعلق سابق چیف انجینئر محمد احفاظ صاحب نے گفتگو فرمائی۔ اس پہلی نشست کا پر مغز صدارتی خطبہ جناب ڈاکٹر جاوید احمد صاحب نے پیش کیا۔

دوسری نشست کا آغاز عشاء کی نماز کے فوری بعد کیا گیا۔ ’’ مراٹھی زبان پر عبور حاصل کیا جائے،  کیونکہ اس کے بغیر ریاستی حکومت کی چھوٹی بڑی نوکری حاصل نہیں کی جا سکتی ہے۔ ‘‘ کے عنوان سے خطاب کرتے ہوئے جناب محمد حفظ الرحمٰن صاحب، سابق ڈپٹی ڈائرکٹر (ایجوکیشن)، ناگپور نے مراٹھی سیکھنے کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ زبان ایک انسان کو دوسرے انسان کے قریب لانے کا بہترین ذریعہ ہے اور زبان کو سیکھنے میں کسی قسم کا بھید بھاؤ نہیں کرنا چاہیے۔اسی طرح آرکیالوجیکل ڈیپارٹمنٹ میں سپرنٹنڈنٹ کے عہدے پر فائز جناب ڈاکٹر خواجہ غلام ربانی صاحب نے انسان کی کامیابی میں محنت کی اہمیت کواجاگر کیا۔اس دوسری نشست کا صدارتی خطبہ ڈاکٹر شرف الدین ساحل صاحب نے اپنی تقریر بعنوان’’اسلاف کی تاریخ کو جاننے کی اہمیت، حال کے لیے ہمارا لائحہ عمل اور مستقبل کے عزائم‘‘ کے ساتھ پیش کیا۔مہمان خصوصی کے طور پر جناب ڈاکٹر ارشد جمال صاحب، جناب ڈاکٹر احفاظ الحق انصاری صاحب، جناب ڈاکٹر آغا غیا ث الرحمٰن صاحب، جناب شجاع احمد خان صاحب موجود تھے۔ دونوں نشست کی کامیاب نظامت جناب ایڈوکیٹ لئیق حسین صاحب نے فرمائی جبکہ ہدیۂ تشکر جناب کمال اختر سلام نے پیش کیا۔

٭٭٭

Post a Comment

0 Comments